رکن قومی اسمبلی سلمان مجاہد بلوچ نے پاک سرزمین پارٹی کو خیر باد کہہ کر ایم کیو ایم پی آئی بی کیمپ میں شمولیت اختیار کرلی

عامر خان سازشی اور مفاد پرست ہیں، قاتل کے بجائے شہدا کے اہل خانہ کے ساتھ کھڑا ہوں،سلمان مجاہد بلوچ کا پریس کانفرنس سے خطاب

ہفتہ 10 فروری 2018 21:33

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبار آن لائن۔ ہفتہ 10 فروری 2018ء)رکن قومی اسمبلی سلمان مجاہد بلوچ نے پاک سرزمین پارٹی کو خیر باد کہہ کر ایم کیو ایم پی آئی بی کیمپ میں شمولیت اختیار کرلی، کہتے ہیں عامر خان سازشی اور مفاد پرست ہیں، قاتل کے بجائے شہدا کے اہل خانہ کے ساتھ کھڑا ہوں، مائنس ون فارمولہ کی سازش سے پہلے ہی آگاہ کردیا تھا، انیس قائم خانی اور ارم عظیم فاروق بھی واپس آکر فاروق ستار کے ہاتھ مضبوط کریں۔

یہ باتیں انہوں نے پی آئی بھی کالونی میں ایم کیو ایم کے سربراہ فاروق ستار سے ملاقات کے بعد پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا کہ 11 مارچ 2015 کے چھاپے کے بعد بھی مقدمہ لڑا، اردو بولنے والوں اور کارکنان کے لیے جدوجہد کی، میں نے 5 سے 6 لوگوں کی وجہ سے ایم کیو ایم چھوڑی تھی، یہ لوگ فاروق ستار اور ایم کیو ایم کے مثبت تاثر کے خلاف سازش کررہے تھے، مائنس ون فارمولہ پر عمل کرنے کی کوشش کی جارہی ہے، میں نے پہلے ہی مائنس ون فارمولے کی سازش سے آگاہ کردیا تھا، حلفیہ کہتا ہوں کہ اس انکشاف کے بعد آلہ کار بننے کے لیے تیار نہیں تھا، اس صورتحال سے فاروق ستار کو بھی آگاہ کردیا تھا۔

(جاری ہے)

انہوں نے الزام لگایا کہ چند منافقین نہیں چاہتے کہ فاروق ستار پارٹی کی سربراہی کریں جبکہ فاروق ستار نے ایماندارانہ اور شریفانہ سیاست کی ہے، مجھے کہا گیا تھا کہ فاروق ستار اور کامران ٹیسوری مجھے پارٹی میں شامل نہیں کرنا چاہتے بعد میں یہ غلط ثابت ہوا، کامران ٹیسوری جیسا مضبوط سیاستدان فاروق ستار کو ملا۔ سلمان مجاہد بلوچ نے کہا کہ ایم کیو ایم چھوڑنے اور میری باتوں سے شہدا کے اہل خانہ، کارکنوں کا دل دکھا ہوگا مگر مجھے امید ہے کہ وہ لوگ اس بات کو درگزر کردیں گے۔

ان کا کہنا تھا کہ ارم عظیم فاروقی کو بھی گمراہ کیا گیا، ارم عظیم فاروقی کو بھی پارٹی میں آنے سے روکنے کی کوشش کی گئی، ارم عظیم فاروقی بھی اس کڑے وقت میں واپس آئیں اور فاروق ستار کا ساتھ دیں کیونکہ فاروق بھائی بھولے اور معصوم شخص ہیں، منافقین اور مفاد پرستوں کے علاوہ سب فاروق ستار کے ساتھ ہیں، میں منافق اور سازشی کا نام لینا نہیں چاہتا، وہ سازشی شخص میرے ساتھ رابطے میں تھا، مجھے فاروق ستار اور کامران ٹیسوری کے خلاف اکسایا گیا حالانکہ اصل سازشی شخص عامر خان ہے، فاروق ستار نے بھی مجھے عامر خان سے متعلق آگاہ کردیا تھا، جو رات قبر کی ہے جو باہر نہیں گزرے گی، کھانے پینے والوں نے سارے معاملات اپنے ہاتھ میں لے لیے ہیں، جس طرح 92 میں حقیقی بنائی گئی وہی سازش آج بھی کی جارہی ہے، آفاق احمد کو بھی پارٹی سے الگ کیا گیا، عامر خان جب تک سازش نہیں کرلیتے انہیں نیند نہیں آتی، عامر خان 15 ہزار کارکن شہید کرنے کے ذمے دار ہیں۔

سلمان مجاہد بلوچ نے کہا کہ شہدا اور عمران فاروق کے اہل خانہ بھی فاروق ستار کے ساتھ ہیں اور میں بھی شہدا کے قاتل کا ساتھ دینے کے بجائے شہدا کی فیملی کے ساتھ ہوں۔ اصل جھگڑا سینیٹ کی نشست کا نہیں ہے، فاروق ستار ایم کیو ایم کو بچانے والے مسیحا ہیں، 4 دن سے واپسی کے پیغامات مل رہے تھے، میں واپسی کی ہمت دینے والوں کا شکریہ ادا کرتا ہوں۔

انہوں نے کہا کہ کارکن مخمصے کا شکار نہ ہوں اور واپس ایم کیو ایم میں آجائیں، عوام گھروں سے نکلیں اور پی آئی بی پہنچ کر ہمیں طاقت دیں۔ انہوں نے کہا کہ پی ایس پی میں انیس قائم خانی نے مجھے عزت دی جس پر میں ان کا شکر گزار ہوں، انیس قائم خانی بھی واپس آکر فاروق ستار کے ہاتھ مضبوط کریں، پی ایس پی کے کارکنان بھی دل سے اب سوچنے پر مجبور ہوں گے۔