عہد تمیمی کی حمایت پر اسرائیلی رکن پارلیمنٹ کا ٹویٹر اکاؤنٹ معطل

اسرائیلی رکن پارلیمنٹ سموترش نے عہد تمیمی کو جیل کی سزا پر تنقید اوران سے اظہارہمدردی کیا تھا

بدھ 25 اپریل 2018 20:48

تل ابیب(اُردو پوائنٹ اخبار آن لائن۔ بدھ 25 اپریل 2018ء)سوشل میڈیا کی معروف ویب سائٹ ٹویٹر نے دائیں بازو کے شدت پسند اسرائیلی رکن پارلیمنٹ بتسائل سموترش کا اکاؤنٹ 12 گھنٹوں کے لیے معطل کر دیا۔ یہ اقدام مذکورہ رکن کی جانب سے اسرائیلی تحویل میں موجود فلسطینی لڑکی عہد تمیمی کے خلاف اشتعال انگیز ٹوئیٹ کے بعد سامنے آیا۔

میڈیارپورٹس کے مطابق سموترش نے اپنی ایک ٹوئیٹ میں عہد کے بارے میں لکھا کہ اس کا جیل میں ہونا انتہائی رنجیدہ کر دینے والا امر ہے۔میری رائے کے مطابق جیل بھیجنے کے بجائے اس کو فائرنگ کا نشانہ بنایا جانا چاہیے تھا، کم از کم گھٹنے پر ہی سہی۔ اس طرح وہ ساری زندگی گھر میں قید ہو جاتی۔ٹوئیٹر نے سموترش کو اصول و ضوابط کی خلاف ورزی کے بارے میں آگاہ کیا اور بتایا کہ سموترش کا اکاؤنٹ 12 گھنٹے کے لیے معطل کیا جا رہا ہے۔

(جاری ہے)

عہد تمیمی کو رواں سال مارچ میں آٹھ ماہ جیل کی سزا سنائی گئی تھی۔ اس سے قبل ایک وڈیو میں عہد کو مغربی کنارے میں نبی صالح گاؤں میں اپنے گھر کے سامنے دو اسرائیلی فوجیوں کو تھپڑ اور لات رسید کرتے ہوئے دکھایا گیا تھا۔ اس پر عہد کو مختلف الزامات کے تحت قصور وار ٹھہرایا گیا تھا۔عہد کو 15 دسمبر کو حراست میں لیا گیا تھا جس کے بعد وہ ایک ہیرو اور قومی سطح پر مزاحمت کی ایک علامت بن گئی۔ بین الاقوامی سطح پر عہد کی حمایت اور اس کے ساتھ اظہار یک جہتی کے لیے مہم چلائی گئیں۔ عہد کی سزا میں قید کے علاوہ پانچ ہزار اسرائیلی شیکل کا جرمانہ بھی شامل تھا۔