سیاستدان کو بھی اتنی عزت ملنی چاہئے جتنی ایک جج، جرنیل یا سرکاری اہلکار کو ملتی ہے ،شاہد خاقان عباسی

سیاستدان ہی ملک کے اہم معاملات طے کرتے ہیں، عوام اپنے ووٹ کے ذریعے جو فیصلہ کرتی ہے اگر اس کو عزت ملے گی تو ملک ترقی کریگا ہے ، نواز شریف اورمریم نواز کے بیانیہ ’ووٹ کو عزت دو‘ کو عوام میں پذیرائی ملی ، اگر پاکستان میں کسی جماعت نے کام کرکے دکھایا تو وہ مسلم لیگ ن ہے ،عوام کے مسائل کا درد صرف نواز شریف ہی محسوس کرتے ہیں ، کسی بھی صوبے میں جائیں پی ایم ایل این کے منصوبے ملیں گے، سی پیک جیسے منصوبے بھی ہماری جماعت نے شروع کئے کسی اور کو توفیق نہیں ہوئی ہم نے اپنے دور حکومت میں اپنی نہیںعوام کی جیبیں بھری ہیں وزیر اعظم شاہد خاقان عباسی کاپسرور سیالکوٹ روڈ کودورویہ کرنے کے منصوبے کا سنگ بنیاد رکھنے کی تقریب سے خطاب

ہفتہ 5 مئی 2018 21:29

سیالکوٹ (اُردو پوائنٹ اخبار آن لائن۔ ہفتہ 5 مئی 2018ء) وزیر اعظم شاہد خاقان عباسی نے کہا ہے کہ سیاستدان کو بھی اتنی عزت ملنی چاہئے جتنی ایک جج، جرنیل یا سرکاری اہلکار کو ملتی ہے کیونکہ سیاستدان ہی ہیں جو ملک کے اہم معاملات طے کرتے ہیں، عوام اپنے ووٹ کے ذریعے جو فیصلہ کرتی ہے اگر اس کو عزت ملے گی تو ملک ترقی کریگا ہے ، میاں محمد نواز شریف اور ان کی صاحبزادی مریم نواز کے بیانیہ ’ووٹ کو عزت دو‘ کو عوام میں پذیرائی ملی ہے ، اگر پاکستان میں کسی جماعت نے کام کرکے دکھایا ہے تو وہ پاکستان مسلم لیگ ن ہے اور عوام کے مسائل کا درد صرف ایک رہنما محسوس کرتا ہے اور وہ میاں محمد نواز شریف ہے ، ملک کے کسی بھی صوبے میں جائیں پی ایم ایل این کے منصوبے ملیں گے، سی پیک جیسے منصوبے بھی ہماری جماعت نے شروع کئے کسی اور کو توفیق نہیں ہوئی ہم نے اپنے دور حکومت میں اپنی نہیںعوام کی جیبیں بھری ہیں۔

(جاری ہے)

وہ ہفتہ کوپسرور سیالکوٹ روڈ کی دورویہ تعمیر کے منصوبے کے افتتاح کے سلسلہ میں پسرور کیڈٹ کالج میں منعقدہ تقریب سے خطاب کر رہے تھے۔ پاکستان مسلم لیگ ن کے مرکزی رہنما خواجہ محمد آصف، وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات مریم اورنگزیب، سابق وزیر قانون و رکن قومی اسمبلی زاہد حامد خان، صوبائی وزیر بلدیات محمد منشائ اللہ بٹ ،ایم این اے سید افتخار الحسن ظاہرے شاہ، چیف آرگنائزر اوورسیز یوتھ پاکستان علی زاہد ، چیئرمین نیشنل ہائی ویز اتھارٹی جواد رفیق ملک ، کمشنر گوجرانوالہ کیپٹن (ر) محمد آصف، ڈپٹی کمشنر سیالکوٹ ڈاکٹر فرخ نوید ، ایڈیشنل ڈپٹی کمشنرز اصغر اعلی جوئیہ ، میثم عباس، اراکین صوبائی اسمبلی رانا محمد افضل، آصف باجوہ ،ارشد وڑائچ، رانا اقبال ہرناہ ، چودھری محمد اکرام، چیئرپرسن ضلع کونسل حنائ ارشد وڑائچ، وائس چانسلر جی سی وویمن یونیورسٹی ڈاکٹر فرحت سلیمی ، میئر توحید اختر چودھری اور صدر چمبر آف کامرس زاہد لطیف ملک کے علاوہ مختلف شعبہ زندگی سے تعلق رکھنے والی ممتاز سیاسی و سماجی شخصیات نے تقریب میں شرکت کی۔

وزیر اعظم پاکستان شاہد خاقان عباسی نے کہاکہ سیاستدان کو بھی اتنی عزت ملنی چاہئے جتنی ایک جج، جرنیل یا سرکاری اہلکار کو ملتی ہے کیونکہ سیاستدان ہی ہیں جو ملک کے اہم معاملات طے کرتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ خواجہ محمد آصف کو اقامہ یعنی ویزا پر ساری زندگی کیلئے نااہل کردیا گیاہم نے عدالتی فیصلوں کو قبول کیا ہے لیکن ان فیصلوں کو نہ تاریخ قبول کرتی ہے اور نہ ہی پاکستان کی عوام قبول کرتی ہے۔

انہوں نے کہاکہ عوامی نمائندے ہر 5سال کے بعد عوام کی عدالت میں پیش ہوتے ہیں جس کا عوام احتساب کرتی ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ سیاستدان شیشے کے گھر میں رہتا ہے اور اس کو یہ سب کچھ برداشت کرنا پڑتاہے۔ ووٹ کو عزت دو کا مطلب سیاستدان کو عزت دینے کا ہے۔ انہوں نے کہاکہ سابق وفاقی وزیر قانون زاہد حامد خان نے اخلاقی بنیاد پر اپنے عہدے سے استعفے ٰ دیا۔

جس بل کا تعلق ان ذات سے جوڑا جارہا ہے اس سے ان کا کوئی تعلق نہیںرپورٹ میں ان کا ذکر بھی نہیں ہے۔ انہوں نے کہاکہ ان سیاستدانوں نے شرافت اور خدمت کی سیاست کو پروان چڑھایا ہے اور ان کو منتخب کرنے والی عوام مبارکباد کے مستحق ہیں۔ انہوں نے کہاکہ پسرور سیالکو ٹ روڈ کی تعمیر میاں محمد نواز شریف کا وعدہ تھا جو آج زاہد حامد خان کی وساطت سے پورا ہونے جارہا ہے۔

انہوںنے کہاکہ گذشتہ 8ماہ سے وزیر اعظم کے عہدے پر فائز ہیں اور اس دوران کئی کئی سو ارب روپے کے درجنوں منصوبوں کا افتتاح کرچکے ہیں جو ناصرف اسی حکومت نے شروع کیے اور اسی حکومت میں مکمل ہوئے بلکہ ایسے منصوبوں کو مکمل کیا جو گذشتہ 20سی30سال سے التوائ کا شکار تھے۔ وزیر اعظم پاکستان نے دعوی کیا کہ اگر پاکستان میں کسی جماعت نے کام کرکے دکھایا ہے تو وہ پاکستان مسلم لیگ ن ہے اور عوام کے مسائل کا درد صرف ایک رہنما محسوس کرتا ہے اور وہ میاں محمد نواز شریف ہے۔

انہوں نے کہاکہ آپ ملک کے کسی بھی صوبے میں جائیں پی ایم ایل این کے منصوبے ملیں گے۔ سی پیک جیسے منصوبے بھی ہماری جماعت نے شروع کئے کسی اور کو توفیق نہیں ہوئی ہم نے اپنے دور حکومت میں اپنی نہیںعوام کی جیبیں بھری ہیں۔ ہمارے دور میں جی ڈی پی میں 6فیصد تک اضافہ ہوا ہے۔ پاکستان مسلم لیگ ن کے مرکزی رہنما خواجہ محمد آصف نے خطاب کرتے ہوئے انرجی اور مواصلات کے شعبوںمیں ہونے والی ترقی کا حوالہ دیتے ہوئے کہاکہ ہمارے موجودہ دور حکومت میں ملک کے طول و عرض میں 1700کلومیٹر طویل موٹر ویز اور 1100کلومیٹر طویل ہائی ویز تعمیر کی گئی ، 11ہزار میگا واٹس بجلی نیشنل گرڈ میں شامل کی گئی اور ایل این جی کی درآمد کی بدولت ملک سے گیس کی قلت کا خاتمہ ہوچکا ہے۔

انہوں نے کہاکہ ملک سے اندھیرے چھٹ چکے ہیں اور ملک ترقی کی شاہراہ پر گامزن ہے۔ انہوں نے کہاکہ 6800میگا واٹس کے منصوبے مکمل جبکہ 3600میگا واٹس کے آخرمراحل میں ہیں اور اسی طرح ہائیڈرل پاور کے تربیلا فور اور نیلم جہلم جون ، جولائی میں بجلی کی پیداوار کا آغاز کردیں گے جس سے بالترتیب 1400اور969میگا واٹس بجلی سسٹم میں شامل ہوگی۔ سابق وفاقی وزیر قانون و رکن قومی اسمبلی زاہد حامد خان نے خطبہ استقبالیہ پیش کرتے ہوئے بتایا کہ25.6کلومیٹر طویل سیالکوٹ پسرور روڈ کی دوررویہ منصوبے کو پبلک سیکٹر ڈویلپمنٹ پروگرام کے تحت نیشنل ہائی اتھارٹی کی زیر نگرانی مکمل کیا جائے گا جس پر مجموعی طور پر تقریبا4ارب روپے خرچ ہونگے۔

انہوں نے بتایا کہ یہ روڈ سیالکوٹ کی معیشت میں ریڑھ کی ہڈی کی حیثیت رکھتی ہے سیلاب ،آبادی اور ٹریفک کے دباؤ کے باعث یہ سڑک ٹوٹ پھوٹ کا شکار ہے اور ٹریفک حادثات معمول بن چکے ہیں۔ انہوں نے کہاکہ مجھے امید ہے کہ نیشنل ہائی وے اتھارٹی اس منصوبے کو جلد از جلد مکمل کرے گی۔ قبل ازیں وزیر اعظم پاکستان شاہد خاقان عباسی بذریعہ ہیلی کاپٹر سیالکوٹ انٹر نیشنل ائیر پورٹ سے کیڈٹ کالج پسرور پہنچے تو کالج کے کیڈٹس نے وزیر اعظم کو گارڈ آف آنر پیش کیا۔

وزیر اعظم پاکستان شاہد خاقان عباسی نے سیالکوٹ پسرور روڈ کے منصوبے کا باقاعدہ افتتاح کیا۔ چیئرمین نیشنل ہائی اتھارٹی جواد رفیق ملک نے وزیر اعظم کو اس منصوبے کی بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ 25.6کلومیٹر اس روڈ کو از سر نو تعمیر کیا جائے گا۔ انہوں نے بتایا کہ 4لین پر مشتمل 2رویہ اس سڑک کی چوڑائی دونوں جانب سی7.3میٹر ہے جبکہ سڑک کے اطراف میں 2میٹر کا شولڈز بھی تعمیر کیا جائے گا۔

انہوں نے بتایا کہ اس روڈ کوہائی وے فرینڈلی 90کلومیٹر فی گھنٹہ کی رفتار کیلئے ڈیزائن کیا گیا ہے 4پل 65پلیاں بھی تعمیر کی جائیں گی اور یہ منصوبہ مقررہ مدت 12ماہ میں مکمل کرنے کیلئے دوفیزمیں مکمل کیا جائے گا فیزون سیالکوٹ سے بڈیانہ 13.06کلومیٹر جبکہ فیز ٹو پسرور سے بڈیانہ12.54کلومیٹر طویل ہے۔ انہوں نے بتایا کہ اس روڈ کی تعمیر سے فیول کی مد میں عوام کی سالانہ ایک ارب روپے بچت ہوگی جبکہ 20لاکھ آبادی کو براہ راست اس کی تعمیر سے فائدہ ہوگا۔ انہوں نے بتایا کہ اس سڑک پراوسطا روزانہ 12ہزار گاڑیاں سفر کرسکیں گی۔ انہوں نے بتایا کہ دونوں فیز کی ٹینڈز ہوچکے ہیں کام کا آغاز کردیا گیا ہے۔