متحدہ عرب امارات کی کابینہ نے انٹری ویزوں کے نئے طریقہ کار کی منظوری دے دی ،

سرمایہ کاروں اور پیشہ وارانہ قابلیت کے حامل افراد کو 10 سال کے طویل مدتی ویزے جاری کئے جائیں گے

پیر 21 مئی 2018 21:29

ابوظبہی ۔ (اُردو پوائنٹ اخبار آن لائن۔ پیر 21 مئی 2018ء) متحدہ عرب امارات کی کابینہ نے نائب صدر، وزیراعظم اور دبئی کے حکمران شیخ محمد بن راشد آل مکتوم کی زیر صدارت اجلاس میں انٹری ویزوں کے نئے طریقہ کار کی منظوری دی ہے جس کے تحت سرمایہ کاروں اور پیشہ وارانہ قابلیت کے حامل افراد کو 10 سال کے طویل مدتی ویزے جاری کئے جائیں گے۔

عرب میڈیا کے مطابق شیخ محمد نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ’’متحدہ عرب امارات غیر معمولی ٹیلنٹ کا گلوبل انکوبیٹر اور بین الاقوامی سرمایہ کاروں کیلئے ایک مستقل منزل ہے، ہمارا کاروبار کیلئے کھلا ماحول، رواداری پر مبنی اقدار، بنیادی ڈھانچہ اور لچکدار قانون سازی متحدہ عرب امارات میں عالمی سرمایہ کاری اور غیر معمولی اہلیت کو اپنی طرف متوجہ کرنے کا بہترین منصوبہ ہے‘‘۔

(جاری ہے)

نئے فیصلہ کے مطابق موجودہ رہائشی سسٹم کا جائزہ لیا جائے گا تاکہ والدین پر انحصار کرنے والے طلباء کیلئے ان کی یونیورسٹی تعلیم مکمل ہونے کے بعد ان کی رہائش کی مدت کو بڑھایا جا سکے، اس سے انہیں مستقبل کی عملی منصوبہ بندی کرنے کا موقع میسر ہوگا۔ کابینہ نے حج اور عمرہ کے نظام کے بارے میں ایک قرارداد کی بھی منظوری دی جس کا مقصد سعودی عرب میں حاجیوں کیلئے منظور کئے گئے الیکٹرانک پاتھ وے پروگرام کے مطابق قواعد اور طریقہ کار کو وضع کرنا ہے جس میں حج کے اجازت نامہ اور اجازت نامہ جاری کرنے والے قواعد شامل ہوئے۔