نواز شریف کا بیٹوں کے فلیٹس کی خریداری کے ذرائع سے اظہار لاعلمی شرمناک ہے ،ْعمران خان

نوازشریف نے ٹیکس دہندگان کے پیسے بھی ضائع کیے اور منی لانڈرنگ کو جائز قرار دینے کا بھونڈا بہانہ تراشا ،ْچیئر مین پی ٹی آئی

پیر 21 مئی 2018 23:02

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبار آن لائن۔ پیر 21 مئی 2018ء)پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان نے سابق وزیراعظم نواز شریف پر تنقید کرتے ہوئے کہا ہے کہ تین بار وزیر اعظم رہنے والے شخص کا بیٹوں کے فلیٹس کی خریداری کے ذرائع سے لاعلمی کا اظہارشرمناک ہے۔چیئرمین تحریک انصاف عمران خان نے احتساب عدالت میں نواز شریف کے بیان پر ردعمل ظاہر کرتے ہوئے کہا کہ کتنے شرم کا مقام ہے کہ تین مرتبہ وزیر اعظم بننے والا شخص احتساب عدالت میں کہتا ہے کہ ایون فیلڈ (لندن) جائیدادیں اسکے بیٹوں کی ہیں مگر وہ نہیں جانتا کہ ان کی خریداری کے لیے ان کے پاس پیسہ کہاں سے آیا۔

عمران خان نے کہا کہ نواز شریف کے مطابق ان کے بیٹے برطانوی شہری ہیں جن پر پاکستانی قانون لاگو نہیں ہوتا۔

(جاری ہے)

چیئرمین پی ٹی آئی نے کہا کہ نواز شریف نے سپریم کورٹ اور جے آئی ٹی کے دو سال ضائع کیے۔ انہوں نے ٹیکس دہندگان کے پیسے بھی ضائع کیے اور منی لانڈرنگ کو جائز قرار دینے کا بھونڈا بہانہ تراشا۔عمران خان نے کہا کہ اس کا مطلب یہ ہوا کہ کوئی بھی شخص جیسا کہ اسحاق ڈار اپنے بچوں اور لوٹی ہوئی دولت کے ساتھ بیرون ملک منتقل کردے اور بس یہ کہہ دے کہ اسے نہیں معلوم کہ اس کے بچوں کے پاس رقم کہاں سے آئی۔انہوں نے کہا کہ تین بار وزیراعظم رہنے والے کا احتساب عدالت میں بیان بہت شرمناک تھا۔