تحریک انصاف نے خود کو اگلی حکومت کے لیے تیار کر لیا

عمران خان نے امین اسلم اور شیریں مزاری کو ایڈوانس میں وزارت کی خوشخبری سنا دی

پیر 21 مئی 2018 23:11

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبار آن لائن۔ پیر 21 مئی 2018ء):تحریک انصاف نے خود کو اگلی حکومت کے لیے تیار کر لیا۔ عمران خان نے امین اسلم اور شیریں مزاری کو ایڈوانس میں وزارت کی خوشخبری سنا دی۔تفصیلات کے مطابق پاکستان تحریک انصاف نے خود کو ذہنی طور پر انتخابات کے بعد اگلی حکومت کے لیے تیار کر لیا ہے اور اس حوالے سے عملی اقدامات بھی اٹھانے شروع کر دئیے ہیں۔

گزشتہ روز پاکستان تحریک انصاف کے سربراہ عمران خان کی جا نب سے اپنی حکومت کے پہلے 100دن کا پلان بھی عوام کے سامنے رکھ دیا گیا ہے۔پی ٹی آئی کی حکومت کی 100دن کی ترجیحات کے حوالے سے تقریب میں خطاب کے دوران اسد عمر کا کہنا تھا کہ عمران خا ن کے وزیراعظم بننے کے بعد ہاؤسنگ سکیم کے تحت 50 لاکھ گھربنائے جائیں گے اور یہ گھرحکومت نہیں پبلک سیکٹر ہی بنائیں گے۔

(جاری ہے)

ہاؤسنگ اورٹورازم کوفروغ دینے سے روزگارکے مواقع پیداہوں گے۔ ان کا مزید کہنا تھا کہ ہماری حکومت پہلے 100دن میں چار نئے سیاحتی مقامات کا اعلان کرے گی۔جن سے زرمبادلہ اور نوکریوں کے مواقع پیدا ہوں گے ،اسد عمر کا کہنا تھا کہ پاکستان تحریک انصاف اپنی حکومت کے 5سال میں ایک کروڑنئی نوکریاں پیداکریں گی۔ہمیں چھوٹی صنعتوں کوپیروں پرکھڑاکرکے نوکریاں پیدا کرنی ہیں ،ان کا مزید کہنا تھا کہ ٹیکس کاجائزحصہ نہ دینیوالوں کوٹیکس نیٹ میں لائیں گے،ٹیکس کا بوجھ کم کریں گے۔

اس موقع پر عمران خان جہاں اپنی حکومت کے پہلے 100دن کا پلان طے کر چکے ہیں اسی طرح عمران خان کی جانب سے اپنے 2 اہم ترین رہنماوں امین اسلم اور شیریں مزاری کو ایڈوانس میں وزارت کی خوشخبری سنا دی۔خیبر پختونخواہ میں ماحولیات کے لیے غیر معمولی کام کرنے والے امین اسلم کو وزیر ماحولیات جبکہ شیریں مزاری کو وزارت خارجہ کی خوشخبری سنائی گئی ہے۔