Khushk Meevajaat Cancer Or Kayi Amraz Main Mufeed! - Article No. 1747

Khushk Meevajaat Cancer Or Kayi Amraz Main Mufeed!

خشک میوہ جات کینسر اور کئی امراض میں مفید! - تحریر نمبر 1747

سردیوں کی آمد کے ساتھ ہی بازاروں میں خشک میوہ جات کی شکل میں کئی سوغاتیں بھی نظر آنے لگی ہیں، غذائیت سے بھر پور خشک میوہ جات ذہنی اور جسمانی توانائی کا سبب بنتے ہیں

جمعرات 5 دسمبر 2019

سردیوں کی آمد کے ساتھ ہی بازاروں میں خشک میوہ جات کی شکل میں کئی سوغاتیں بھی نظر آنے لگی ہیں، غذائیت سے بھر پور خشک میوہ جات ذہنی اور جسمانی توانائی کا سبب بنتے ہیں،ان میوہ جات میں بادام، پستہ،اخروٹ ،کاجو،مونگ پھلی،چلغوزے،خوبانی،ناریل،کشمش ،انجیر اور دیگر شامل ہیں۔خشک میوہ جات غذائیت سے بھر پور ہوتے ہیں جن کا استعمال نہ صرف انسانی دماغ کے لیے مفید ہے بلکہ یہ کینسر جیسے مہلک مرض کے خلاف بھی مدافعت بڑھاتے ہیں۔
ماہرین کا کہنا ہے کہ روزانہ بیس گرام خشک میوہ جات(جن میں اخروٹ ،ہیزل نٹ،اور مونگ پھلی وغیرہ شامل ہیں)کا استعمال کرنے سے انسان میں امراض قلب اور کینسر کے خطرات میں کمی لائی جا سکتی ہے۔ایک تحقیق کے مطابق ایسے لوگ جو روزانہ بیس گرام خشک میوہ جات کا استعمال کرتے تھے (جوکہ ایک مٹھی کے برابر ہوتے ہیں)ان لوگوں میں دل کے امراض کے خطرات میں تیس فیصد تک کمی دیکھنے میں آئی جبکہ کینسر جیسے امراض کے خطرات میں پندرہ فیصد کمی دیکھنے میں آئی ہے۔

(جاری ہے)

تحقیق میں یہ بات بھی سامنے آئی کہ خشک میوہ جات استعمال کرنے سے وزن کم کرنا بھی آسان ہو جاتاہے۔
بادام
یہ کیلشیم سے بھر پور ہوتاہے دماغ،جگر اور آنتوں کے امراض کے لیے مفید ہے۔بادام بواسیر اعصابی کمزوری اور گھٹیا کی بیماری میں بھی فائدہ مند ہے۔بادام کے تیل کو چہرہ پر لگانے سے چہرہ تروتازہ رہتا ہے۔بادام اینٹی آکسیڈنٹس سے بھر پور میوہ ہے،جس میں گلوکوز کی مقدار نہ ہونے کے برابر ہے۔
بادام کے مغز میں بتیس سے چالیس فیصد تک روغنی اجزاء کے علاوہ غذائی پروٹین،آئرن،فاسفورس اور کیلشیم کی وافر مقدار موجود ہوتی ہے۔قدرت نے بادام میں وٹامنA،BاورEمہیا کیے ہیں،ایک سو گرام بادام کی غذائی صلاحیت 665کیلوریز ہے۔یہ غذائی اجزاء جسم کو صحت مند اور خوبصورت بناتے ہیں۔ بادام بیماریوں سے مدافعت کی طاقت پیدا کرنے کے علاوہ جلد کو خوبصورت ،ہڈیوں کو مضبوط ،نظر کی کمزوری اور نزلے زکام میں مفید ہیں۔
آسٹریلیا کے ماہرین صحت نے کہا ہے کہ بادام اور اخروٹ کا روزانہ استعمال ذیابیطس کے خطرے کو کم کرتاہے۔ایک تحقیق کے مطابق کڑوابادام استعمال کرنا صحت کے لیے مفید نہیں ہے۔
پستہ
پستے کا استعمال بھی صحت مند اور تندرست وتوانا رکھنے میں مفید ہے۔پستہ اومیگا 3فیٹی ایسڈ،کاپر،آئرن ،میگنشیم ،زنک اور سیلنیم رکھنے کے باعث بلڈ پریشر کنٹرول کرنے اور دل ودماغ کے لیے مفید ہے،یہ حافظہ بڑھاتا اور جسم کو تندرست وتوانا رکھتاہے۔
پورے دن میں مٹھی بھر پستہ کھانے سے اینٹی آکسیڈنٹس ،منرلز،وٹامنز اور پروٹین کی مطلوبہ مقدار حاصل کی جاسکتی ہے۔پستہ جسمانی وزن کو کم اور کولیسٹرول کو نارمل رکھتاہے۔اس کے علاوہ دل کے امراض کے لئے بھی مفید ہے۔
اخروٹ
کولیسٹرول کو کنٹرول میں رکھنے کے لیے اخروٹ کا استعمال مفید ہے۔ماہرین کی رائے کے مطابق اخروٹ میں موجود پروٹین،وٹامنز،منرلز اور فیٹس جسم میں کولیسٹرول لیول کو کم رکھنے میں مدد گار ثابت ہوتے ہیں۔
یہ قدرت کا عطا کردہ خشک میوہ اومیگا 3فیٹی ایسڈ،اینٹی آکسیڈنٹس اور فائبر سے بھی بھر پور ہوتاہے،جس کے سبب یہ دماغی افعال کی بہتری،کینسر اور معدے کے امراض میں معاون ہوتاہے۔
ماہرین کا کہنا ہے کہ زیادہ غذائیت اخروٹ میں پائی جاتی ہے جس میں اومیگا تھری بھی کافی مقدار میں ہوتاہے جو کہ جلد کے لیے بھی فائدہ مند ہے۔امریکن سوسائٹی کی تحقیق کے مطابق اخروٹ میں دیگر خشک میوہ جات کے مقابلے میں اینٹی آکسیڈنٹ بھی وافر مقدار میں پائے جاتے ہیں۔
اس کی تاثیر گرم ہوتی ہے اس میں فولاد ،کیلشیم،پوٹاشیم،پروٹین،زنک ،فائبر ،سوڈیم ،سلینیم اور میگنشیم پایا جاتاہے،جو شوگر ،بلڈ پریشر اور حاملہ خواتین کے لیے فائدہ مند ہے۔اخروٹ کے تیل کی مالش جوڑوں کے درد کے لئے مفید ہے۔
مونگ پھلی
سردیوں کے موسم میں ملنے والی سوغات مونگ پھلی اخروٹ کا متبادل تصور کی جاتی ہے مونگ پھلی دیگر میوہ جات کی نسبت سستے داموں دستیاب ہے،ذیابیطس میں اس کا استعمال فائدہ مند ہے،طبی اعتبار سے یہ مقوی اعصاب ہے۔

انجیر
قدرت نے اس پھل میں بیش بہا فوائد رکھے ہیں۔ہاضمہ کی بہتری ،گردہ اور مثانے کے امراض میں مفید اور چہرے کی رنگت کو صاف رکھتا ہے،معالج قبض ،معدے میں تیزابیت اور بواسیر کے مریضوں کو اس کے استعمال کا مشورہ دیتے ہیں۔
چلغوزہ
چلغوزہ پٹھوں کی مضبوطی،تقویت قلب اور مثانے میں پتھری کو ختم کرنے میں مفید ہے۔
جسم کو طاقت مہیا کرتا ہے اور گردوں کے امراض میں مفید بتایا جاتاہے۔
کشمش
انگوروں کے خشک پھل کو کشمش کہا جاتاہے۔یہ آئرن ،فائبر ،پوٹا شیم اور میگنشیم سے بھر پور اینٹی آکسیڈینٹ میوہ ہے۔اس کا روزانہ استعمال صحت کے لیے مفید ہے۔ماہرین روزانہ پانچ کشمش کھانے کا مشورہ دیتے ہیں۔ان کے مطابق یہ اینٹی ایجنگ ہونے کے سبب جھائیوں سے حفاظت ،دوران خون میں بہتری لانے کے ساتھ دانتوں اورمسوڑھوں کی صحت کے لیے مفید ہے۔
یہ میوہ کار بوہائیڈریٹ ہونے کے سبب جسمانی توانائی بڑھاتا اور بے خوابی سے نجات دلاتا ہے۔بلڈ پریشر کنٹرول کرنے میں بھی مفید ہے۔
کاجو
کاجو غذائیت سے بھر پور ایک میوہ ہے۔ایک تحقیق کے مطابق کا جو میں میگنشیم اور پوٹاشیم کی مقدار بہت زیادہ ہوتی ہے ،جو انسانی جسم کے لیے ضروری ہوتے ہیں۔یہ وٹامن Eاور وٹامن B6کا بہترین ذریعہ ہے ،کاجو کینسر سے بچاؤ،صحت مند قلب،مضبوط ہڈیوں اور خوش گوار نیند کے لیے مفید بتایا جاتاہے۔
اس کا استعمال بلڈ پریشر کا خطرہ کم کرتا اور ذیابیطس کے علاج میں بھی مدد گار ہے۔ کاجو کو مختلف سوئیٹ ڈشز اور مشروبات میں بھی استعمال کیا جاتاہے۔نہار منہ شہد کے ساتھ کاجو کا استعمال نسیان میں افاقہ کے لیے مفید بتایا جاتاہے۔
کھجور
فائبر،پوٹاشیم،کاپر،مینگنیز،میگنشیم اور وٹامن بی6جیسے اجزاء شامل ہوتے ہیں یہ کئی طبی فوائد کا باعث بنتے ہیں.یہ اجزاء ہڈیوں کی مضبوطی ،نظام ہاضمہ کی بہتری اور فالج سے بچاؤں کے لیے بھی بہترین ہے۔

Browse More Cancer