Aaye - Maraqba Kareen - Article No. 1748

Aaye - Maraqba Kareen

آئیے!مراقبہ کریں - تحریر نمبر 1748

دنیا بھر میں مراقبہ کی اہمیت اور افادیت تسلیم کی جارہی ہے۔

جمعہ 6 دسمبر 2019

دنیا بھر میں مراقبہ کی اہمیت اور افادیت تسلیم کی جارہی ہے۔چین ،جاپان،عرب وعجم اور ہندوستان میں تو مذہبی پیشوا،صوفیا کرام اور اولیاء اللہ صدیوں سے مراقبہ کی تلقین وتاکید کرتے رہے ہیں۔امریکہ، برطانیہ اور جرمنی میں ہونے والی حالیہ سائنسی تحقیقات نے ارتکاز توجہ،مثبت انداز فکر اختیار کرنے اور کئی بیماریوں کے علاج کے لیے مراقبہ کی اہمیت واضح کردی ہے۔

فی زمانہ مراقبے کو ذہنی دباؤ کے خلاف بہترین مشق کے طور پر استعمال کیا گیا ہے۔ مراقبہ کی مدد سے کولیسٹرول کی سطح کو کم اور بلڈ پریشر اور دیگر امراض کو کنٹرول کرنے کی کوششیں کی جارہی ہیں۔مراقبے سے انسان کو منفی خیالات سے نجات ملتی ہے اور جب منفی خیالات سے چھٹکارا پا کر انسان مثبت طرز فکر اختیار کرتا ہے تو اپنی نظروں میں اس کی قدروقیمت بڑھ جاتی ہے ۔

(جاری ہے)

مراقبہ کے دوران گہرے سانس لینے سے سکون اور طمانیت کا احساس ہوتا ہے۔پھیپھڑوں میں آکسیجن زیادہ بھرنے سے دل کو طاقت ملتی ہے۔دوران خون بہتر ہو کر دماغ کو تقویت پہنچتی ہے۔
ذہنی اور اعصابی الجھنیں فکر و تشویش،جلد بازی ،چڑ چڑاپن،غصہ اور بد مزاجی ذہنی دباؤ کی علامات ہیں۔ذہنی دباؤ سے نجات بہت ضروری ہے کیونکہ جب کوئی شخص ذہنی تفکرات میں مبتلا ہو جائے تو اس کا جسم متاثر ہوجاتاہے ،دل تیزی سے دھڑ کتا ہے،بلڈ پریشر اور شوگر کی سطح بڑھ جاتی ہے۔
جسم کے مدافعاتی نظام کا اعصابی نظام سے گہرا تعلق ہے۔ذہنی دباؤ سے جلدی امراض بھی پیدا ہو سکتے ہیں اور جگر،دماغ اور قلب بھی متاثر ہو سکتے ہیں۔مراقبہ ذہنی دباؤ کے خاتمے میں بھی اہم کردار ادا کرتاہے۔ مراقبے سے مراد وہ حالت ہے جس میں ذہن کو یکسو کرکے کسی ایک خیال کی طرف توجہ مرکوز کی جائے۔ مراقبہ کرنے والے افراد کو اخلاقی برائیوں سے نجات ملتی ہے۔
مراقبہ ذہنی دباؤ کے خاتمے میں بھی اہم کردار ادا کرتاہے۔مراقبہ کرنے کے لیے درج ذیل طریقہ کار اختیار کیا جائے۔
پر سکون جگہ کا انتخاب
مراقبے کے لیے پر سکون جگہ کا انتخاب کیا جائے۔
پر سکون انداز میں نشست
مراقبہ لیٹ کر یا بیٹھ کر کسی بھی انداز میں کیا جا سکتاہے تاہم اس کے لیے پر سکون ہونا ضروری ہے ۔
عام طور پر مراقبے کے لیے آلتی پالتی مار کر بیٹھنا تجویز کیا جاتاہے لیکن اگر بے سکونی محسوس ہوتو دیوار سے ٹیک لگائی جاسکتی ہیں۔
سانس پر توجہ
مراقبے میں سانس لینے کے عمل کو کنٹرول کرنا اہم ہے کیونکہ اس سے جسم کو سکون حاصل ہوتاہے ۔مراقبے کے دوران اپنی توجہ سانس پر بھی دیں اور ناک کے ذریعے پر سکون انداز میں سانس کو اندر اور باہر نکالیں،اس دوران منہ کو بندرکھیں۔

مراقبے میں توجہ مرکوز رکھنا
مراقبے کے دوران ذہنی انتشار سے نجات یا پھر دباؤ سے نجات کے لیے توجہ کسی شے یا مرکز پر مرکوز کرنا ہوتی ہے۔عام طور پر ذہنی دباؤ کے لیے مراقبے کے دوران یہ تصور کیا جاتاہے کہ آسمان سے نیلے رنگ کی روشنی جسم کے اندر جذب ہو کر زمین میں ارتھ ہورہی ہے۔
مراقبہ عملی طریقہ
مراقبہ کے لیے فرش،کرسی یا چار پائی پر بیٹھ جائیں۔
لمبے لمبے سانس لیں،تمام اعضاء کو ڈھیلا چھوڑ دیں جسم میں تناؤ نہیں ہونا چاہیے۔اس کے بعد ذہن کو کسی شے مثلاً چاند،پھول ،ستارہ یا قدرتی منظر کے تصور پر مرکوز کردیں۔ابتداء میں اس مشق کے لیے صرف پانچ منٹ کی مشق کافی ہوگی۔ذہنی یکسوئی کا وقفہ بڑھنے لگے تو خیالات قابو میں رہیں گے اور طبیعت میں ایک ٹھہراؤ سا محسوس ہونے لگے گا۔ذہنی ارتکاز جسم ،دماغ کی منفی صلاحیتوں کو اجاگر کرے گا۔
مراقبے سے جسم میں تازگی اور فرحت کا احساس ہوتاہے اور چہرے پر تازگی آتی ہے۔طبیعت میں ٹھہراؤ پیدا ہوتاہے جو کہ پر وقار شخصیت کے لیے لازمی ہے۔مراقبہ کی مشق کرتے رہنے سے ذہن کی مخفی صلاحیتیں بیدار ہو جاتی ہیں اور انسان خود کو جسمانی ،ذہنی اور نفسیاتی طور پر چاق وچوبند محسوس کرتاہے۔
ڈپریشن اور منفی سوچ انسانی صحت پر منفی اثرات مرتب کرتی ہے اور ذہنی اور جسمانی امراض کا سبب بنتی ہے۔
یہ کیفیت انسان کو سکون اور اطمینان سے محروم کر دیتی ہے۔ان مسائل سے چھٹکارا پانے کے لیے جسم اور ذہن ودل کے درمیان ہم آہنگی ہونا ضروری ہے ۔یوگا میں مراقبے کو بہت زیادہ اہمیت حاصل ہے۔جسم ،ذہن اور روح کو یکجا کرنے کے لیے مراقبہ بہت مفید ہے۔مراقبہ نہ صرف ذہن کو پرسکون کرتاہے بلکہ روزانہ پریکٹس سے منفی خیالات،جذباتی پن،غصہ اور ذہنی اور جسمانی بے اعتدالی سے چھٹکارہ مل سکتا ہے اور انسان مثبت سوچنے اور عمل کرنے لگتاہے۔
کئی ماہرین بتاتے ہیں کہ مراقبہ فر سٹریشن اور ڈپریشن کے مریضوں کے لیے مختلف ڈرگ اور سائیکو تھراپی سے زیادہ بہتر ہے کیونکہ ان چیزوں سے عام طور پر صرف وقتی فائدہ حاصل ہوتاہے اور بعض اوقات انسان ڈرگز کا عادی ہو جاتاہے مگر ڈپریشن جیسے موذی مرض سے چھٹکارہ نہیں پا سکتا۔

Browse More Depression