Aaru - Mausam Garma Ka Behtareen Phal - Article No. 2725

Aaru - Mausam Garma Ka Behtareen Phal

آڑو ۔ موسم گرما کا بہترین پھل - تحریر نمبر 2725

گرمیوں کے دوران اگر اس پھل کو باقاعدگی کے ساتھ متوازن مقدار میں استعمال کیا جائے تو بہت سے طبی فوائد حاصل کیے جا سکتے ہیں

پیر 12 جون 2023

عبدالرحمن
آڑو گرمی کے موسم کا سب سے مفید پھل ہے،گرمیوں کے دوران اگر اس پھل کو باقاعدگی کے ساتھ متوازن مقدار میں استعمال کیا جائے تو بہت سے طبی فوائد حاصل کیے جا سکتے ہیں،کیونکہ آڑو کی تاثیر ٹھنڈی ہوتی ہے جو نہ صرف جسم میں گرمی کی شدت کو کم کرتی ہے بلکہ ڈی ہائیڈریشن سے بچانے میں بھی اہم کردار ادا کرتی ہے۔
شدید گرمی کے موسم میں تیز لُو کے چلنے کی وجہ سے کچھ لوگوں کو بھوک نہیں لگتی اور وہ پانی کی کمی کا شکار بھی ہونے لگتے ہیں،ایسے افراد کے لئے آڑو ایک بہترین غذا ہے جو جسم کو مطلوبہ مقدار میں کیلوریز فراہم کرتا ہے۔
طبی ماہرین کے مطابق ایک سو پچاس گرام آڑو میں اٹھاون کیلوریز،ایک گرام پروٹین،ایک گرام سے کم فیٹ،چودہ گرام کاربوہائیڈریٹس،دو گرام فائبر،وٹامن اے،وٹامن سی،نیاسین،وٹامن ای،وٹامن کے،کاپر اور میگنیز پائے جاتے ہیں۔

(جاری ہے)

اس کے علاوہ آڑو میں کچھ مقدار میں میگنیشیم،فاسفورس،وٹامن بی،اور آئرن بھی پایا جاتا ہے۔اس کے ساتھ ساتھ آڑو میں اینٹی آکسیڈنٹس بھی پائے جاتے ہیں،ایک طبی تحقیق کے مطابق یہ اینٹی آکسیڈنٹس صرف تیس منٹ میں جسم کو فائدہ پہنچانا شروع کر دیتے ہیں۔
جسم میں اگر نقصان دہ کولیسٹرول کی مقدار بڑھ جائے اور فائدہ مند کولیسٹرول کی مقدار کم ہو جائے تو دل کے مختلف مسائل لاحق ہو سکتے ہیں۔
جب کہ کیلے جیسے مفید پھل کی طرح آڑو میں پائے جانے والے فائبر کی وجہ سے نقصان دہ کولیسٹرول کی مقدار کم ہوتی ہے اور مفید کولیسٹرول کی مقدار میں اضافہ ہوتا ہے،جس کی وجہ سے دل بہتر طریقے سے کام کرتا ہے اور انسان کو دل کی مختلف بیماریوں سے بچاؤ میں مدد ملتی ہے۔طبی ماہرین کا یہ کہنا ہے کہ دل کی صحت میں بہتری لانے اور اس کو برقرار رکھنے کے لئے ہر روز تین سے چار آڑو کھانے چاہئیں۔

آڑو کو غذائیت سے بھرپور پھل کہا جاتا ہے کیونکہ اس میں کیلوریز کی مقدار انتہائی کم ہوتی ہے جبکہ فیٹ (چربی) بھی ایک گرام سے کم پائی جاتی ہے،اس لئے آڑو موٹاپے سے نجات حاصل کرنے یا وزن میں کمی لانے کے لئے استعمال کیا جا سکتا ہے۔موٹاپے کے خلاف بہترین نتائج حاصل کرنے کے لئے اس پھل کو سلاد میں شامل کیا جا سکتا ہے۔آڑو کے استعمال سے نہ صرف آپ کو جسمانی کمزوری کا سامنا نہیں کرنا پڑے گا بلکہ جسم میں موجود اضافی چربی بھی پگھلنا شروع ہو جائے گی۔

Browse More Ghiza Kay Zariay Mukhtalif Bemarion Ka Elaaj