Achi Sehat Ke Liye Bajra Bhi Khaiye - Article No. 2527

Achi Sehat Ke Liye Bajra Bhi Khaiye

اچھی صحت کے لئے باجرا بھی کھائیے - تحریر نمبر 2527

باجرا بواسیر کے مسوں سے خون آنے،مرگی،بے خوابی،نامردی،ہائی بلڈ پریشر،ذیابیطس اور تپ دق کی روک تھام میں ایک اہم کردار ادا کرتا ہے

منگل 30 اگست 2022

شاہد حسین
آپ نے باجرے کی روٹی ساگ کے ساتھ ضرور کھائی ہو گی۔اس کے علاوہ باجرے کے آٹے سے میٹھی ٹکیاں بھی بنائی جاتی ہیں۔باجرا کئی طرح سے کھایا جاتا ہے،لیکن اس کے فوائد سے ہم پوری طرح با خبر نہیں ہیں۔حال ہی میں کی گئی ایک تحقیق سے معلوم ہوا ہے کہ باجرا بواسیر کے مسوں سے خون آنے،مرگی،بے خوابی،نامردی،ہائی بلڈ پریشر،ذیابیطس اور تپ دق کی روک تھام میں ایک اہم کردار ادا کرتا ہے۔
ڈاکٹر سبینہ جلال کے مطابق یہ تحقیق ایک بین الاقوامی جنرل میں شائع ہوئی ہے۔ڈاکٹر سبینہ جلال ڈاؤ میڈیسن یونیورسٹی آف ہیلتھ سائنسز میں معاون پروفیسر ہیں۔
مذکورہ تحقیق کے مطابق پاکستان میں ضعفِ باہ کے مریضوں کی تعداد زیادہ ہے۔اس مرض میں مبتلا ہونے والے افراد پہلے ذیابیطس،معدے کے زخم (السر)،غدئہ قدامیہ کی تکلیف یا اعصابی پستی کا شکار ہوتے ہیں۔

(جاری ہے)

سبینہ جلال کے مطابق باجرے میں لحمیات (پروٹینز) بہت زیادہ مقدار میں ہوتی ہیں۔اس کے علاوہ کیلشیم،فاسفورس اور فولاد بھی مناسب مقدار میں پائے جاتے ہیں۔باجرے کو کھانے کے لئے کوئی خاص اہتمام نہیں کرنا پڑتا ہے۔اس کی روٹی بنا کر کھائی جا سکتی ہے اور اسے ملیدے کی شکل میں بھی کھایا جا سکتا ہے۔ایک اہم بات یہ ہے کہ جن افراد کو گندم سے الرجی (حساسیت) ہوتی ہے،وہ بھی اسے بلا خوف و خطر کھا سکتے ہیں،یہ اُن کے لئے نقصان دہ نہیں ہے۔

باجرا آسانی سے ہضم ہو جاتا ہے اور اس سے الرجی ہونے کے امکانات بہت کم ہوتے ہیں۔چنانچہ اسے روزانہ کی غذاؤں میں شامل کر لینے میں کوئی حرج نہیں۔باجرا اُن افراد کے لئے بہت مفید ہے،جو زیادہ تر پیٹ کی بیماریوں میں مبتلا رہتے ہیں۔ایسے افراد جو قبض میں مبتلا رہتے ہوں یا جن کے معدے میں زخم ہو،انھیں باجرا کھانا چاہیے،وہ معدے کے زخم اور قبض سے بہ آسانی نجات پا سکتے ہیں۔

باجرے میں شامل فائٹک ایسڈ (Phytic Acid) اور نایاسن (Niacin) سے کولیسٹرول کی سطح کم ہو جاتی ہے۔یہ اُن افراد کے لئے بھی فائدہ مند ہے،جو ذیابیطس میں مبتلا ہوں۔باجرے سے گلوکوس کی سطح بھی مناسب رہتی ہے۔باجرے میں ریشہ (فائبر) بھی ہوتا ہے،لہٰذا یہ اُن افراد کو بھی کھانا چاہیے جو اپنا وزن کم کرنا چاہتے ہوں،اس لئے کہ اسے کم مقدار میں کھانے سے ہی پیٹ بھرنے کا احساس ہوتا ہے،لہٰذا اس طرح کھانے والوں کا وزن قابو میں رہتا ہے۔
باجرا کھانے سے نہ صرف تیزابیت،بلکہ دل کی بیماریاں بھی دور ہو جاتی ہیں۔
وہ خواتین جو فولاد کی کمی کا شکار ہوں،انھیں باجرا مختلف شکلوں میں کھانا چاہیے۔انھیں فولاد کے ضمیمے کھانے کے بجائے روزانہ باجرے کی روٹی کھانی چاہیے۔اس طرح سے صرف باجرے کی 120 گرام کی مقدار مذکورہ خواتین کو 70 فیصد فولاد مہیا کر سکتی ہے۔باجرا کھانے سے 18 سے 45 برس تک کی خواتین کو زیادہ فائدہ پہنچتا ہے۔

Browse More Ghiza Kay Zariay Mukhtalif Bemarion Ka Elaaj