Akhrot Khayen Burhape Se Bachain - Article No. 2571

Akhrot Khayen Burhape Se Bachain

اخروٹ کھائیں،بڑھاپے سے بچیں - تحریر نمبر 2571

زندگی کے اوائل میں باقاعدگی سے اخروٹ کھانا بڑھاپے میں بہتر صحت کا سبب ہو سکتا ہے

جمعرات 3 نومبر 2022

آمنہ ماہم
پروٹین اور دیگر غذائی اجزاء سے بھرپور اخروٹ کو ہمیشہ سے انسانی صحت کے لئے انتہائی مفید قرار دیا جاتا رہا ہے۔اب ایک نئی تحقیق میں معلوم ہوا ہے کہ زندگی کے اوائل میں باقاعدگی سے اخروٹ کھانا بڑھاپے میں بہتر صحت کا سبب ہو سکتا ہے۔یونیورسٹی آف مینیسوٹا کے محققین نے ایک نئی تحقیق میں شرکاء کی 20 سال کی غذائی تاریخ اور 30 سال کی جسمانی اور مطبی پیمائشوں کا معائنہ کیا۔

تحقیق میں انہوں نے دیکھا کہ جن شرکاء کی زندگی کے اوائل میں غذا اخروٹ پر مشتمل تھی ان کے جسمانی طور پر زیادہ فعال ہونے اور ان میں عمر بڑھنے کے ساتھ امراض قلب کے لاحق ہونے کے خطرات کے امکانات کم تھے۔ڈاکٹر لِن ایم اسٹیفن کا کہنا تھا کہ اخروٹ کھانے والے افراد کی غذا کے ان کی صحت پر حیران کن مثبت اثرات یہ بتاتے ہیں کہ یہ میوہ لوگوں کی طرز زندگی میں صحت مند عادات اور غذا اپنانے میں مدد کر سکتا ہے۔

(جاری ہے)


اخروٹ واحد وہ خشک میوہ ہے جو اومیگا۔3 ایلفا۔لائنولینک ایسڈ کا ذریعہ ہے۔اس عنصر کے متعلق خیال کیا جاتا ہے کہ یہ دل و دماغ کی صحت اور صحت مند عمر درازی میں اہم کردار ادا کرتا ہے۔ڈاکٹر اسٹیفن کا مزید کہنا تھا کہ اخروٹ کھانے والوں کے جسم کے منفرد فینو ٹائپ (کسی فرد کے مشاہدہ ہونے والی خصوصیات جیسے کہ قد،خون کا گروپ وغیرہ) ہوتے ہیں۔اس کے علاوہ وہ لوگ جو ابتدائی عمر میں اخروٹ کھانا شروع کر دیتے ہیں ان میں دائمی بیماریوں جیسے کہ امراضِ قلب،موٹاپا اور ذیابیطس کے خطرات بہت کم ہو جاتے ہیں۔

Browse More Ghiza Kay Zariay Mukhtalif Bemarion Ka Elaaj