Amaltas Ki Sehat Afza Phaliyan - Article No. 2521

Amaltas Ki Sehat Afza Phaliyan

املتاس کی صحت افزا پھلیاں - تحریر نمبر 2521

املتاس کی پھلیوں کے گودے اور جڑی بوٹیوں سے جدید ادویہ تیار کی جا رہی ہیں

منگل 23 اگست 2022

آفرین اعجاز
املتاس کا درخت درمیانے قد کاٹھ کا خوب صورت درخت ہوتا ہے،جس کے پتے موسم خزاں میں گر جاتے ہیں۔اس درخت پر ایک سے دو فیٹ لمبی پھلیاں لگتی ہیں۔کچی پھلیوں کا رنگ سبز ہوتا ہے،لیکن پکنے پر سیاہی مائل سرخ ہو جاتی ہیں۔ان پھلیوں کے پختہ ہونے پر ان کے اندر سے کالے رنگ کی ٹکیاں نکلتی ہیں،جن کے دونوں طرف سیاہ گودا ہوتا ہے۔
یہ گودا ادویہ میں استعمال کیا جاتا ہے۔
املتاس کا درخت ہمارے لئے قدرت کے ایک بڑے تحفے سے کم نہیں ہے،اس لئے اس کے پتوں،پھولوں،جڑ اور لکڑی سے ہمیں فائدہ اُٹھانا چاہیے۔املتاس کا گودا سینہ صاف کرتا ہے۔املتاس کی پھلیوں کے پختہ ہونے پر ان کے اندر سے جو ٹکیاں نکلتی ہیں،وہ اپنی سیاہ رطوبت کی وجہ سے مغزِ املتاس کے نام سے مشہور ہیں۔

(جاری ہے)


بہ وقت ضرورت پھلی میں سے گودا نکال کر استعمال کر لیا جاتا ہے،لیکن یہ گودا زیادہ عرصے تک رکھنے سے خراب ہو جاتا ہے۔


املتاس کی پھلی کے بیرونی چھلکے کو پوست املتاس کہتے ہیں۔اس کا مغز،یعنی گودا اور پھلی کا بیرونی چھلکا دونوں دوا کے طور پر استعمال کیے جاتے ہیں۔
املتاس کا گودا سیاہ اور بُو دار ہوتا ہے۔پھلی کے بیج سفید رنگ کے ہوتے ہیں اور ان میں کوئی بُو نہیں ہوتی۔اس کے پھول زرد رنگ کے اور بہت خوبصورت ہوتے ہیں۔املتاس کا گودا ورم پر لگانے سے ورم ختم ہو جاتا ہے۔
نیز ایام کے جاری کرنے اور ولادت میں بھی یہ گودا مدد کرتا ہے۔املتاس کا گودا قبض کشا ہوتا ہے اور پھول بھی یہی تاثیر رکھتے ہیں۔اس کے گودے میں پوٹاشیم،کیلشیم،فولاد اور مینگنیز کے علاوہ اور بہت سے کیمیائی اجزاء پائے جاتے ہیں۔
اس بات کا خیال رکھا جائے کہ املتاس کا صرف گودا کھانے سے پیٹ میں مروڑ پیدا ہو سکتا ہے،اس لئے اطبا گودے میں بادام کا تیل یا بادام کا دودھ ملا کر پلاتے ہیں۔
املتاس کے پھولوں سے گل قند بنایا جاتا ہے،جو دافع بخار ہوتا ہے۔گل قند ایک معجون ہے،جو شکر اور گلاب کی پتیوں کو ملا کر بناتے ہیں۔
املتاس کی پھلی ہر پنساری کے ہاں آسانی سے دستیاب ہوتی ہے اور اس کے ساتھ ساتھ بچوں کا قبض ختم کرنے میں یہ پھلی بہت کام آتی ہے۔پھلی کے اندر سیاہ رنگ کی جو ٹکیاں ہوتی ہیں،وہ ایک گلاس پانی میں بچے کی عمر کی مناسبت سے ایک یا ایک سے زیادہ ٹکیاں حل کرکے شکر سے میٹھا کرکے پلا دینا چاہیے،قبض بغیر تکلیف کے ختم ہو جائے گا۔
اس کی بنائی ہوئی گھٹی نوزائیدہ بچوں کو اب تک پلائی جاتی ہے،تاکہ ان کے پیٹ کا نظام درست رہے۔
خناق کے لئے مغزِ املتاس،یعنی املتاس کی پھلی کا گودا نہایت مفید ہے۔خناق میں حلق کے اندر ورم ہو جاتا ہے،روٹی کا لُقمہ کھانا تو دور کی بات ہے،پانی کا گھونٹ بھی حلق سے اُترنا مشکل ہوتا ہے۔ایسی صورت میں مغزِ املتاس کے جوشاندے سے غرارے کرنے سے حیرت انگیز فائدہ ہوتا ہے اور یہ معمولی سی دوا وہ اثر دکھاتی ہے،جو قیمتی دواؤں سے ناممکن ہے۔
گلے کی بیماری دور کرنے کے لئے بھی مغزِ املتاس نہایت مفید ہے۔املتاس کے پھول کھانسی میں فائدہ دیتے ہیں۔املتاس کی پھلیوں کو جلا کر اور راکھ میں تھوڑا سا نمک ملا کر رکھ لیں،تھوڑی سی مقدار دن میں تین چار بار شہد میں ملا کر یا بغیر شہد کے کھائیں تو کھانسی ختم ہو جائے گی۔
املتاس کے درخت کی لکڑی سے نہ صرف دیہاتوں میں بیل گاڑی،ہل،زرعی اوزاروں کے دستے اور کشتیاں بنائی جاتی ہیں،بلکہ یہ چمڑا بنانے کے کارخانوں میں بھی استعمال ہوتی ہے۔
املتاس گھروں اور پبلک پارکوں میں اپنے خوبصورت زرد پھولوں کے لئے ہی نہیں لگایا جاتا ہے،بلکہ اس کے بہت سے طبی فوائد بھی ہیں۔اس کی لکڑی کا شمار اعلیٰ قسم کا فرنیچر بنانے والی لکڑیوں میں کیا جاتا ہے۔
املتاس کا گودا ہائی بلڈ پریشر کے مریضوں کے لئے بھی بہت مفید ہے۔املتاس کے پھول 30 گرام سے 125 گرام تک لے کر گوشت میں پکا کر کچھ دنوں تک کھائیں تو قبض کی شکایت نہیں ہو گی اور آنتوں کا فعل بھی درست رہے گا۔

املتاس کے نرم پتے سبز مکوہ کے پانی میں ملا کر پیس کر جوڑوں کے درد اور سوجن والی جگہ پر لیپ کرنے سے چند روز میں درد اور سوجن سے چھٹکارا مل جاتا ہے۔اس کے پتے درد والی جگہ پر لگانے سے درد میں کمی ہو جاتی ہے۔اگر بھوک اور وزن میں کمی ہو جائے،مسلسل ہلکا بخار رہنے لگے،بہت جلد تھکاوٹ کا احساس ہونے لگے اور رات کو پسینہ بہت نکلنے لگے تو یہ سب تپِ دق (ٹی بی) کی علامات ہو سکتی ہیں۔
اسی طرح اگر مسلسل کئی ہفتوں تک کھانسی رہے اور عام علاج سے درست نہ ہو،کھانسی کے ساتھ خون کا اخراج ہو اور سینے میں درد ہو تو یہ علامتیں پھیپھڑوں کی تپِ دق کی نشان دہی کرتی ہیں۔طبِ مشرق میں اس مرض کا موٴثر علاج موجود ہے۔اس ضمن میں عالمی سطح پر املتاس کی پھلیوں کے گودے اور جڑی بوٹیوں سے جدید ادویہ تیار کی جا رہی ہیں۔

Browse More Ghiza Kay Zariay Mukhtalif Bemarion Ka Elaaj