Amrood Ke Hairat Angez Tibbi Fawaid - Article No. 2590

Amrood Ke Hairat Angez Tibbi Fawaid

امرود کے حیرت انگیز طبی فوائد - تحریر نمبر 2590

ایسے افراد جو امراضِ قلب اور معدے کی مختلف بیماریوں کا شکار ہیں،انہیں امرود کا استعمال لازمی کرنا چاہیے

بدھ 30 نومبر 2022

دیبا جاوید
ایسے افراد جو امراضِ قلب اور معدے کی مختلف بیماریوں کا شکار ہیں،انہیں امرود کا استعمال لازمی کرنا چاہیے۔ماہرین کے مطابق،امرود بطور دوا اپنا کوئی ثانی نہیں رکھتا،اس کی تاثیر ٹھنڈی ہوتی ہے یہ پھل بہت لذیذ ہے۔قوت ہاضمہ کو بہتر کرتا ہے اور امراضِ قلب سے بھی نجات دلاتا ہے،اس کے علاوہ یہ ذہنی امراض،بواسیر اور زکام سے چھٹکارا حاصل کرنے میں بھی مددگار ثابت ہو سکتا ہے۔
یہ جسم میں کولیسٹرول کو کنٹرول کرتا ہے جس کی وجہ سے دل کی کئی بیماریوں سے بچا جا سکتا ہے۔
جبکہ امرود قبض کے پرانے مریضوں کے لئے تو بہت ہی مفید پھل ہے،یہی نہیں بلکہ اس کے بیج پیٹ کے اضافی کیڑوں کو مارتے ہیں،تھوڑی سی کالی مرچ اور نمک لگا کر امرود کھانا زیادہ فائدہ مند رہتا ہے۔

(جاری ہے)

کھانے سے پہلے امرود کھانا زیادہ بہتر ہے کیونکہ اس سے بھوک لگتی ہے لیکن کھانا کھانے کے بعد امرود کھانے سے قبض ہونے کا خدشہ ہے۔

امرود کا مزاج سرد ہے اس لئے ایسے افراد جنہیں موسم گرما میں نکسیر پھوٹنے کا عارضہ ہو،ان کے لئے امرود کا استعمال بہت بہترین ہے۔یہ پھل انسانی جسم میں قوت مدافعت پیدا کرتا ہے اور ہائی بلڈ پریشر کے مریضوں کے لئے نہایت مفید پھل ہے۔
امرود میں اینٹی آکسیڈنٹس کی موجودگی کی وجہ سے یہ انسانی جسم میں خلیات کو محفوظ رکھتا ہے جس کی وجہ سے انسان پر جلدی بڑھاپے کے اثرات نمایاں نہیں ہوتے۔
اس میں لائیکوپین بھی پایا جاتا ہے،جو کہ جسم میں رسولیاں بننے سے روکتا ہے جس سے کینسر کے خدشات کم ہو جاتے ہیں۔اس کے علاوہ یہ پھل ذیابیطس کے مریضوں کے لئے بھی بہت مفید ہے کیونکہ یہ جسم میں شوگر کی مقدار کو کم کرتا ہے۔
سفید امرود کے مقابلے میں سرخی مائل گلابی امرود صحت کے لئے زیادہ مفید ہوتے ہیں۔امرود سے پنیر،جیلی،جوس،شربت،جیم،کیک اور پڈنگ وغیرہ بھی بنائے جاتے ہیں۔
عام طور پر خیال کیا جاتا ہے کہ وٹامن سی کے حصول کے لئے سنگترہ یا مالٹا بہترین پھل ہیں لیکن امرود میں سنگترے کے مقابلے میں وٹامن سی زیادہ مقدار میں پایا جاتا ہے۔ایک سنگترے میں تقریباً 69 ملی گرام وٹامن سی موجود ہوتا ہے جبکہ ایک امرود میں تقریباً 165 ملی گرام وٹامن سی پایا جاتا ہے۔
کھانے سے پہلے اسے اچھی طرح دیکھ لینا چاہیے بسا اوقات امرود میں کیڑے بھی پیدا ہو جاتے ہیں لہٰذا بازاری کٹے ہوئے امرود کھانے سے اجتناب کرنا چاہیے اس سے گیسٹرو اور دیگر امراض معدہ ہونے کا خدشہ ہو سکتا ہے۔جب بھی امرود کا استعمال کریں تو پکا ہوا امرود کھائیں اور اچھی طرح دھو کر کھائیں تاکہ حفظان صحت کے اصولوں کی بھی بھرپور پاسداری ہو سکے۔

Browse More Ghiza Kay Zariay Mukhtalif Bemarion Ka Elaaj