Anar Khane Ke 100 Bahane - Article No. 2580

Anar Khane Ke 100 Bahane

انار کھانے کے سو بہانے - تحریر نمبر 2580

مزیدار اور غذائیت بخش انار کے مختلف پکوان

بدھ 16 نومبر 2022

انار ایسا پھل ہے جو تاج پہنے رہتا ہے بظاہر انوکھا اور اندر سے رس بھرے سرخ دانے سے بھرپور جو مضبوطی سے جڑے رہتے ہیں جبکہ پتلی جھلی مختلف چھوٹے بڑے خانوں میں تقسیم ہوتی ہے۔کھٹے میٹھے اناروں میں عمدگی اور شان و شوکت دونوں پائے جاتے ہیں۔ایک کھلا انار اسپین کے تاریخی شہر غرناطہ (La Granada) کا سرکاری نشان ہے۔غرناطہ ایسا شہر ہے جو کبھی اسپین میں مسلمانوں کا مضبوط گڑھ سمجھا جاتا تھا۔
جس کا ذکر علامہ اقبال کی شاعری میں بھی نظر آتا ہے۔درحقیقت انار کے لئے استعمال ہونے والا ہسپانوی لفظ گراناڈا اور یہ پھل خطے میں ایک ساتھ پھلے پھولے۔1492ء میں جب شاہ فرنینڈس اور ملکہ ازابیلہ نے شہر کو فتح کیا تو ایک انار ان کے نشانات اسیری میں شامل ہو گیا۔کہا جاتا ہے کہ غرناطہ کی فتح کے بعد ملکہ نے ایک انار ہاتھ میں پکڑا اور اعلان کیا ”اس انار کے ایک ایک بیج کی طرح میں اندلس فتح کر لوں گی“۔

(جاری ہے)


انار کو جنتی پھل بھی کہا جاتا ہے اور اسے مختلف شکلوں مثلاً جوس اور اس کے دانے (انار دانے) سے بھی پکوان تیار کئے جاتے ہیں۔یہ مشرق وسطیٰ،فلسطین،لبنان،شام،ایران،ترقی اور افغانستان سے تعلق رکھتا ہے۔متعدد فارسی پکوانوں کو انار کے استعمال کے حوالے سے زیادہ جانا جاتا ہے۔
آش انار ایک ایسا شوخ رنگ سوپ ہے جو انار کے جوس،دالوں،کوفتوں،پودینے اور متعدد مصالحہ جات کی مدد سے تیار کیا جاتا ہے۔

انار کے رس اور پسے ہوئے اخروٹ کو مرغی کے گوشت کے ساتھ شامل کرکے مخصوص شوربہ کھور شیٹ فیسنیجان تیار کیا جاتا ہے۔انار دانہ پاکستان کے ساتھ ساتھ ایران میں بھی بطور مصالحے کے عام استعمال ہوتا ہے۔
فلسطین میں بھی پھل کے طور پر اس سے لطف اندوز ہونے کے ساتھ انار کے بیجوں کو سلاد اور میٹھے کی سجاوٹ کے لئے استعمال کیا جاتا ہے۔ترکی میں انار کی چٹنی سلاد ڈریسنگ اور گوشت کو مصالحہ لگانے کا کام کرتی ہے۔

انار کا شربت محمارا بنانے کے لئے استعمال ہوتا ہے جس میں بھونی ہوئی سرخ مرچ،اخروٹ اور لہسن کے پیسٹ کو بھی شامل کیا جاتا ہے،یہ پکوان ترکی اور شام دونوں میں کافی مقبول ہے،یہاں دانوں کو نمکو،گرانولا اور سلاد بنانے کے لئے بھی استعمال کیا جاتا ہے۔علاوہ ازیں دہی اور آئسکریم پر بھی چھڑکا جاتا ہے۔
یونان میں اس پھل کو کولی وا بنانے کے لئے استعمال کیا جاتا ہے جو گندم،انار دانے،چینی،بادام اور دیگر بیجوں کے ساتھ بن کر انتقال کر جانے والوں کو یادگاری دعا کے موقع پر پیش کیا جاتا ہے۔
اس کے علاوہ کولی ووزد یومی نامی ایک کریمی شوربہ بنتا ہے جس کے بنیادی اجزاء ابلا ہوا آٹا،انار دانے اور کشمش ہیں۔
آذربائیجان میں انار کے رس سے بننے والی ایک چٹنی نارشراب کے نام سے پکاری جاتی ہے۔اسے مچھلی اور کباب کے ساتھ پیش کیا جاتا ہے جبکہ انار کا رس ہمارے خطے میں بھی مقبول ہے اور دنیا بھر میں عام دستیاب ہوتا ہے۔
انار جراثیم کش پھل
اس پھل میں اینٹی آکسیڈنٹس اور جراثیم کش خوبیاں پائی جاتی ہیں۔
کم حراروں یعنی کیلوریز میں کمی کی وجہ سے زائد مقدار بھی نقصان دہ نہیں ہوتی۔اس کے ساتھ ساتھ وٹامنB5,C،پوٹاشیم اور فائبر سے بھرپور اس پھل کے سفید چھلکے اور پتلی سی بیرونی تہہ بھی کھائی جا سکتی ہے۔
انار میں پائے جانے والے 20 حیرت انگیز غذائی اجزاء
1۔ یہ فولاد کا قدرتی ذخیرہ رکھتا ہے۔
2۔ اس میں اینٹی کینسر فوائد چھپے ہیں۔

3۔ یہ جلد کی رنگت سنوارتا اور جلد کی تہوں کو مضبوط کرتا ہے۔
4۔ ہڈیوں کے امراض سے بچاؤ محفوظ ترین طریقے سے کرتا ہے۔
5۔ وٹامن C اور پوٹاشیم (معدنی اجزاء) کا خزانہ ہے۔
6۔ متوقع ماؤں کو متلی اور قے سے نجات دلاتا ہے۔بھوک کھولتا اور طبیعت میں فرحت لاتا ہے۔
7۔ مسوڑھوں اور دانتوں کے لئے اکسیر پھل ہے۔
8۔ مانع تکسیدی عنصر پر مشتمل ہے۔

9۔ بڑھتی ہوئی عمر کے اثرات دور کرکے تقویت پہنچاتا ہے۔
10۔ پیٹ کے کیڑوں سے نجات دلاتا ہے۔
11۔ معدے کے ورم اور بھاری پن کو دور کرتا ہے۔
12۔ بڑھا ہوا کولیسٹرول کنٹرول کرنے میں بھی معاون ہے۔
13۔ موسمی بخاروں سے محفوظ رکھتا ہے۔
14۔ خون کی روانی بہتر بناتا ہے۔
15۔ قوت مدافعت بڑھاتا ہے۔
16۔ یادداشت بہتر کرتا ہے۔
17۔ بینائی کے لئے بھی بہتر ہے۔
18۔ متوقع ماؤں کے نظام ہاضمہ کو بہتر بناتا ہے۔
19۔ طاقت و توانائی بحال کرنے اور چہرے پر سرخی لانے کا قدرتی نسخہ ہے۔
20۔ پروسٹیٹ گلینڈ کے لئے موٴثر پھل ہے اس کے علاوہ جلد کی پژمردگی دور کرتا ہے۔

Browse More Ghiza Kay Zariay Mukhtalif Bemarion Ka Elaaj