Angoor Kha Lain Beejon Sameet - Article No. 2579

Angoor Kha Lain Beejon Sameet

انگور کھا لیں بیجوں سمیت - تحریر نمبر 2579

ان میں بھی غذائیت اور فوائد موجود ہیں

منگل 15 نومبر 2022

راحت شہناز
انگوروں کی بہت سی قسمیں ہیں مثلاً رنگوں ہی میں دیکھئے تو قدرت نے کیا انمول خزانے ذخیرے کئے ہیں۔سرخ،سیاہ،سبز بیج والے بھی اور بغیر بیج کے بھی،جو لذیذ ہونے کے ساتھ ساتھ بے شمار غذائی اجزاء سے مالا مال ہیں۔
انگور میں ہمیں کیلشیم،پروٹین،فاسفورس،آئرن،وٹامن A,C اور B6،گلوکوز،معدنیات اور فلیوونائڈز کے علاوہ غذائی فائبر کی وسیع تر مقدار ملتی ہے۔
قرآن شریف میں جن غذاؤں کا ذکر آیا ہے ان میں انگور بھی شامل ہے۔کئی دہائیوں سے یہ وٹامنز سپلیمنٹس اور دیگر ادویات میں شامل کئے جاتے ہیں۔جسم کو قوت مدافعت کے لئے اور پھیپھڑوں کو طاقت بخشنے کے لئے یہ بہترین تریاق ہیں۔وٹامن A ہماری بینائی کے لئے مفید ہوتا ہے اور ان میں اینٹی وائرل اور اینٹی بیکٹیریل خصوصیات بھی موجود ہیں۔

(جاری ہے)

اسی لئے مختلف بخاروں میں ان کا استعمال تقویت کا باعث ہوتا ہے۔

سیاہ انگوروں کی تاثیر کچھ یوں ہے کہ کینسر اور ٹیومر جیسے مہلک امراض میں مدافعتی قوت ثابت ہوتے ہیں۔بریسٹ کینسر میں بھی اطباء سے کھانا تجویز کرتے ہیں۔اس کے علاوہ ہائی بلڈ پریشر میں بھی بے حد مفید پھل ہے۔مختلف معدنیات میں میگنیشیم کے علاوہ سوڈیم دل کی شریانوں کے بہتر افعال،قوت حافظہ اور الزائمر جیسی بیماریوں کے خلاف تحفظ فراہم کرتے ہیں۔
پوٹاشیم گردوں کے نظام کو درست رکھتا ہے اور یوریک ایسڈ کی زیادتی دور کرتا ہے۔گردے اور مثانے کی پتھری انگور کے پتوں کا قہوہ پینے یا انہیں بھاپ میں پکا کر کھانے سے نکل جاتی ہے۔
بڑے انگور اور منقیٰ کی اہمیت
بڑے انگور جو خشک ہو جانے کے بعد منقیٰ کا روپ دھار لیتے ہیں،انہیں کھاتے ہوئے اگر دانتوں تلے بیج آجائیں تو ہم سمجھتے ہیں کہ انہیں ضائع کر دینا درست ہے اور ہم بیجوں کو تھوک دیتے ہیں۔
اگر آپ ایسا کرتے ہیں تو آئندہ احتیاط کیجئے گا۔انہیں بھی کھا لیجئے گا کیونکہ یہ بڑے فائدہ مند بیج ہوتے ہیں۔مغربی ملکوں میں ان بیجوں کا عرق نکال کر علیحدہ فروخت کیا جاتا ہے۔ان بیجوں کے استعمال سے ہائی بلڈ پریشر اور خون میں کولیسٹرول کی زیادتی کو کم کیا جاتا ہے۔اگر خدانخواستہ ٹانگوں میں سوجن اور خون کی نالیوں میں رکاوٹ کی تکلیف میں مبتلا ہیں تو منقیٰ چبا کے کھایا کیجئے۔
اپنے معالج سے علاج ضرور کراتے رہئے مگر انگور کے موسم میں بلاناغہ تھوڑے سے انگور یا منقیٰ ملے تو ضرور استعمال کرتے رہئے۔ان بیجوں میں طاقتور اینٹی آکسیڈنٹس ہوتے ہیں جنہیں Oligomeric Proanthocyanidin Complexes کہا جاتا ہے۔
یہ اینٹی آکسیڈنٹ اجزاء امراض قلب،ذیابیطس اور آنکھوں میں موتیا اترنے سے روکتے ہیں۔کسی قسم کی سوجن اور سوزش ہو رفع ہو سکتی ہے۔
انگور کے بیج میں جو قدرتی نباتاتی مرکبات OPCS ہیں وہ جسم میں فری ریڈیکلز کا خاتمہ بھی کرتے ہیں جس سے بڑھاپے کی آمد میں تاخیر ہو سکتی ہے۔امریکا میں ہونے والی ایک تحقیق کے مطابق انگور کے بیج کے عرق سے شریانوں کی سختی کے مرض Atherosclerosis اور خون کے بہاؤ میں کمی کو دور کیا جا سکتا ہے۔ذیابیطس کے مریضوں میں جو طبی پیچیدگیاں لاحق ہوتی ہیں مثلاً اعصاب اور بصارت کے مسائل وہ بھی اس عرق سے بڑی حد تک ٹھیک ہو سکتے ہیں۔OPCS مرکبات کینسر سے بھی تحفظ کرتے ہیں،ان سے دانت اور ہڈیاں مضبوط ہوتی ہیں اور یادداشت تیز ہوتی ہے۔

Browse More Ghiza Kay Zariay Mukhtalif Bemarion Ka Elaaj