Barley - Article No. 2499

Barley

جو - تحریر نمبر 2499

ذیابیطس،موٹاپا اور قلب کے امراض سے محفوظ رکھتا ہے

منگل 26 جولائی 2022

طبی ماہرین نے انکشاف کیا ہے کہ جو کے دانے Barley جسمانی وزن کم کرنے اور ذیابیطس نیز امراض قلب سے محفوظ رکھنے میں اہم کردار ادا کر سکتے ہیں۔یہ اناج خون میں شکر کی سطح گھٹا کر ذیابیطس کے خطرے کو کم کرتا ہے۔سوئیڈن کی لینڈ یونیورسٹی کے سائنس دانوں نے کہا ہے کہ جو کے فائدوں کا راز اس کی بھوسی میں پوشیدہ ہے۔اس یونیورسٹی کی ایسوسی ایٹ پروفیسر اور اس ریسرچ کی قائداین نلسن نے کہا ہے کہ درست غذائی ریشوں کے انتخاب سے مختصر عرصے میں صحت کے لئے شاندار فوائد حاصل کیے جا سکتے ہیں۔
تحقیق کے دوران جو کے استعمال کے مفید اثرات اس وقت نمایاں ہوئے جب جو میں موجود غذائی ریشوں کا مخصوص مرکب آنتوں میں پہنچا۔آنتوں میں پہنچنے کے بعد ان ریشوں نے ”اچھے جراثیم“ کی تعداد بڑھانے اور اہم ہارمونز کے اخراج میں نمایاں کردار ادا کیا۔

(جاری ہے)

یہ دو ہارمونز ہیں جو تحول غذا کو مناسب سطح پر رکھتے ہیں اور بھوک مٹاتے ہیں۔
اس سے پہلے سوئیڈن کی گوتھن برگ یونیورسٹی کے ریسرچرز نے جَو پر جو تحقیق کی تھی،اس سے معلوم ہوا تھا کہ جو کی بھوسی آنتوں میں پائے جانے والے مفید جراثیم Prevotella Copri کی تعداد بڑھا دیتی ہے۔

یہ جرثومے خون میں شکر کی سطح کو معتدل رکھنے کے علاوہ آنتوں میں غیر صحت بخش جراثیم کا صفایا بھی کرتے ہیں۔
جدید سائنسی تحقیق کے مطابق جو اپنے افعال اور اثر کے اعتبار سے مقوی اور تپش کو تسکین دینے والی غذا ہے۔اس میں متعدد غذائی اجزاء پائے جاتے ہیں جن میں سب سے زیادہ مقدار نشاستے کی ہے۔نشاستہ خوردنی اجناس کا لازمی حصہ ہے۔جو کا استعمال روٹی،دلیہ،حلیم،ستو اور دیگر غذاؤں میں کیا جاتا ہے۔
جو جسمانی کمزوری کے علاوہ کھانسی اور حلق کے لئے مفید ہونے کے ساتھ ساتھ معدے کی سوزش کو ختم کرتے ہیں۔جسم سے غلاظتوں کا اخراج کرتے ہیں۔ان کے استعمال سے قوت حاصل ہوتی ہے۔پیاس کو تسکین دیتے ہیں۔
اس میں لحمیات کی مقدار،نشاستہ،شکر کو ہضم کرنے والے اجزاء اور وٹامن سمیت وہ تمام خصوصیات موجود ہوتی ہیں جو جسم انسانی میں توانائی پیدا کرنے کے لئے ضروری ہیں۔
جو پیشاب آور ہیں اور نظام انہضام میں مددگار ہیں۔ماہرین صحت کے مطابق جو کھانے سے جو خون پیدا ہوتا ہے وہ معتدل اور کم گاڑھا ہوتا ہے۔
جو کو اس کے وزن سے پندرہ گنا پانی میں اتنی دیر ہلکی آنچ پر پکایا جائے کہ تیسرا حصہ پانی اُڑ جائے۔جو میں پکا ہوا یہ پانی جسم کی تقریباً ایک سو بیماریوں میں مفید بتایا جاتا ہے۔جسم کی گرمی اور تپش کو کم کرنے میں جو کا استعمال گندم سے زیادہ فائدہ بخش ہے۔
میڈیکل سائنس کی جدید تحقیق سے معلوم ہوا ہے کہ جو کم طبیعت کے بھاری پن کو کم کرنے والا،چہرے کو نکھارنے والا اور پیٹ کو کم کرنے والا غلہ قرار دیا جا سکتا ہے۔یہ جسم کو مضبوط کرتا ہے یہ جلد ہضم ہو جاتا ہے اس لئے کمزوری اور بدہضمی کے مریضوں کے لئے مفید غذا اور دوا ہے۔بھوک میں اضافے کا باعث ہے۔پیٹ سے گیسز خارج کرتا ہے۔جو کا نیم گرم پانی پینے سے گلے کی سوزش میں کمی آتی ہے تاہم اس کا بہت زیادہ استعمال قبض کا سبب بن سکتا ہے۔

جو کا حریرہ قابض دواؤں کے ساتھ دست روکتا ہے جو کا آٹا گوندھ کر اس میں چھاچھ ملا کر پینے سے صفراوی قے،پیاس کی شدت اور معدے کی سوزش میں فائدہ ہوتا ہے۔ماہرین صحت کے مطابق اگر جو کے پانی میں شہد ملا کر استعمال کیا جائے تو اس کے زیادہ بہتر فوائد ہوتے ہیں۔اوپر کا دودھ پینے والے بچوں کو اگر دودھ میں جو کا پانی ملا کر دیا جائے تو ان کی آنتیں زیادہ تنو مند رہتی ہیں۔
جو کے دانے اور چھلکے کے درمیان وٹامن بی کی خاصی مقدار موجود ہوتی ہے۔جو کا میٹھا دلیہ دودھ اور شہد میں پکایا جاتا ہے جو غذائیت اور افادیت کے لحاظ سے عمدہ ہوتا ہے۔اس کا ذائقہ بھی لذیذ ہوتا ہے۔نمکین دلیے میں اگر لیموں نچوڑ لیا جائے اور براؤن پیاز اور پودینہ بھی ڈال لیا جائے تو وہ بے حد ذائقہ دار ہو جاتا ہے۔
گرمیوں کے موسم میں جو کا ستو مفید ہے۔
جو کا دلیہ مریضوں کو کھلانا ان کی کمزوری دور کرنے میں موٴثر ہے نیز ان کے جسم میں بیماریوں کا مقابلہ کرنے کی قوت پیدا کرتا ہے۔جو کی روٹی گوشت،ساگ،چقندر،کدو اور دیگر سبزیوں کے ساتھ مفید غذا ہے۔اگر اعتدال سے کھائی جائے تو جلد ہضم ہو جاتی ہے۔بھوک کی کمی اور امراض شکم میں جو کا استعمال خاص طور پر بہت فیض رساں ہے۔جو بذات خود توانائی کا بہترین ذریعہ ہے۔
مختلف غذاؤں میں اس کا استعمال سونے پر سہاگے کے مترادف ہے۔
ماہرین صحت کے مطابق اعصابی دردوں،سوزشوں اور خارش کی مختلف اقسام میں جو کا استعمال مفید ہے۔جو کا آٹا سرکے میں گوندھ کر خارش میں لگانا باعث شفا ہے۔جو کا غذا میں استعمال سر کی خشکی کو دور کرتا ہے۔جو اور گیہوں کی بھوسی کو پانی میں اُبال کر اس پانی سے کلیاں کریں تو دانت کا درد جاتا رہتا ہے۔جدید سائنسی تحقیق کی روشنی میں جو کا دلیہ السر کے مریضوں کے لئے فائدے مند ہے۔

Browse More Ghiza Kay Zariay Mukhtalif Bemarion Ka Elaaj