Blueberry Ka Neela Jadu Jism Mein Utar Kar Bolay - Article No. 2425

Blueberry Ka Neela Jadu Jism Mein Utar Kar Bolay

بلیو بیری کا نیلا جادو جسم میں اُتر کر بولے - تحریر نمبر 2425

اس سپر فوڈ سے ذیابیطس اور دیگر کیفیات کے زخم اور ناسور تیزی سے ٹھیک ہو سکتے ہیں

پیر 25 اپریل 2022

ہماء بلوچ
اگرچہ یہ یقین کرنا خاصا مشکل ہے کہ دکانوں پر عام دستیاب بیر نما اور نیلی رنگت رکھنے والی ایک چھوٹی سی چیز ان صحت بخش اشیاء میں سے کچھ زیادہ ہی خصوصیات رکھتی ہے جو آپ کھاتے ہیں۔اس کو اردو میں نیل بیری اور پشتو میں غزنی توت کہا جاتا ہے جبکہ دیگر زبانوں میں بھی اپنے اپنے نام ہیں تاہم بیشتر میں نیلے رنگ کی طرف اشارہ ملتا ہے۔
بلیو بیریز کو مزے کے ساتھ ناشتے،کپ کیک،پین کیک اور کلچے پر لگا کر کھایا جا سکتا ہے۔
بلیو بیری وٹامن ”کے“ کا اچھا ذریعہ ہے جو کیلشیم کے ساتھ مل کر ہڈیوں کو مضبوط بناتا ہے۔جسم میں وٹامنز کی کمی کی ایک نشانی یہ ہے کہ ہڈیاں کمزور ہو جاتی ہیں۔وٹامن کے خون کے گاڑھا ہونے یا جمنے کی صورت میں بھی مفید ہے اور دل کی صحت بہتر رکھنے میں بھی کردار ادا کرتا ہے۔

(جاری ہے)

بلیو بیری میں پائی جانے والی اینٹی آکسیڈنٹس کولیسٹرول کم کرنے میں بھی معاون ہے جس کی وجہ سے دل کو اپنا کام کرنے میں آسانی ہوتی ہے اور فشار خون بھی قابو میں رہتا ہے۔مشاہداتی تحقیق سے عیاں ہے کہ انتھکیاننز (بلیو بیریز میں پائی جانے والی سب سے اہم چیز) کی وجہ سے دل کے دورے کا بتیس فیصد تک خطرہ کم ہو جاتا ہے۔
آدھا کپ بلیو بیریز میں صرف چالیس حرارے (کیلوریز) پائے جاتے ہیں۔
ان کا پچاسی فیصد حصہ پانی اور فائبر پر مشتمل ہوتا ہے یہ چیزیں آپ کو سیر رکھتی ہیں اور دیر تک بھوک سے بچاتی ہیں۔تحقیق یہ بھی بتاتی ہے کہ بلیو بیریز میں پائی جانے والی اینتھکیانن اینٹی آکسیڈنٹس فربہ مریضوں میں انسولین کی اثر پذیری کو بہتر بناتے ہیں جس سے ٹائپ ٹو ذیابیطس کا خطرہ کم ہو سکتا ہے۔چند روز قبل خبر آئی تھی کہ بلیو بیری کھانے سے دماغ اور حافظہ بہترین رہتا ہے۔
اب ایک اور تحقیق سے یہ ننھا میٹھا پھل سپر فوڈ بن گیا ہے کہ اس سے ذیابیطس اور دیگر کیفیات کے زخم اور ناسور تیزی سے ٹھیک ہو سکتے ہیں۔
ہم جانتے ہیں کہ زخم بھرنے کے لئے عین اس جگہ خون کی رگوں کا بننا اور سرگرمی بہت ضروری ہوتی ہے۔کیونکہ خون دیگر اہم اجزاء کو وہاں تک لاتا ہے اور کھال اور بافتیں بنتی ہیں۔اس عمل کو وسیکولرائزیشن کہا جاتا ہے۔
ذیابیطس کے مریضوں کے پیر اور دیگر مقامات کے زخم اس وجہ سے ٹھیک نہیں ہوتے کہ خون کی نالیاں بننے کاعمل بہت سست ہو جاتا ہے۔زخم ناسور میں ڈھل جاتا ہے اور بعض مرتبہ انفیکشن پھیلنے سے ہاتھ پیر کاٹنے کی نوبت پیش آتی ہے جو شمع حیات بھی بجھا سکتی ہے۔
بلیو بیری میں فینول نامی اینٹی آکسیڈنٹ اس ضمن میں جادوئی اثر رکھتے ہیں۔یونیورسٹی آف مین نے ان کی آزمائش کی ہے اور دیکھا کہ فینول نامی مرکب زخموں پر خون کی رگیں بننے لگیں اور وہاں خلیات جمع ہوئے،جن کی باریک تہیں بنیں جو آخرکار کھال میں ڈھل گئیں۔
یہ تجربات انسانی آنول نال کے خلیات پر کئے گئے تھے۔اس کے بعد یونیورسٹی آف مین کی پروفیسر ڈورتھی اور ان کے شریک سائنسدانوں نے ایک طرح کا جل والا مرہم بنایا جس میں بلیو بیری کے فینول ملائے گئے تھے۔پھر انہیں چوہوں کے گہرے زخموں پر آزمایا گیا۔اس طرح مرہم کے استعمال کے 6 دن کے اندر ہی اینڈوتھیلیئل خلیات یعنی باریک کھال بننے کا عمل شروع ہو گیا اور دیگر کے مقابلے میں زخم 12 فیصد تک تیزی سے بھرنے لگا۔
اس کے علاوہ خون کی باریک نالیاں بھی نمودار ہونے لگیں۔اس طرح ثابت ہوا کہ جنگلی بلیو بیریوں میں موجود کیمیکلز بہت ہی موٴثر انداز میں زخموں کو درست کرنے کی صلاحیت رکھتے ہیں۔توقع ہے کہ یہ طریقہ جلنے کے گہرے زخم،پریشر السر اور ذیابیطس کے ناسوروں کو یکساں تیزی سے مندمل کر سکتا ہے۔تاہم اگلے مرحلے پر اسے انسانوں پر آزمایا جائے گا۔

Browse More Ghiza Kay Zariay Mukhtalif Bemarion Ka Elaaj