Chhachh (Buttermilk) - Garam Mausam Mein Thandak Ka Ehsas - Article No. 2201

Chhachh (Buttermilk) - Garam Mausam Mein Thandak Ka Ehsas

چھاچھ ۔ گرم موسم میں ٹھنڈک کا احساس - تحریر نمبر 2201

دہی کو بلو کر مکھن نکالنے کے بعد جو پانی رہ جائے،وہ چھاچھ کہلاتا ہے

بدھ 14 جولائی 2021

دہی سے نکلی چھاچھ جسم میں فرحت کا باعث ہوتی ہے۔ماہرین صحت چھاچھ کو معدے،جگر اور ہائی بلڈ پریشر میں مفید بتاتے ہیں،لیکن بہت کم لوگ چھاچھ کی ماہیت اور خواص سے آگاہ ہیں۔لسی،دہی اور چھاچھ میں دودھ کا ترشہ بڑی مقدار میں شامل ہوتا ہے۔اسی ترشے سے آنتوں کے مضر صحت جراثیم ختم ہوتے ہیں اور غذا ہضم ہونے میں مدد ملتی ہے۔
یاد رہے،دہی کو بلو کر مکھن نکالنے کے بعد جو پانی رہ جائے،وہ چھاچھ کہلاتا ہے۔
اس میں چکنائی کی مقدار کم ہوتی ہے اور پانی کی زیادہ۔یہ بھی دہی کی طرح زود ہضم غذا ہے۔اگر فضلہ بڑی آنتوں میں رک جائے،تو جراثیم پیدا ہونے لگتے ہیں۔نتیجے میں تخمیر کا عمل شروع ہوتا ہے۔اس طرح جو زہریلا مواد پیدا ہو،وہ خون میں جذب ہو کر صحت کے لئے سخت مضر ہوتا ہے۔

(جاری ہے)

روزانہ چھاچھ کے استعمال سے تیزاب کئی مضر اجزاء سے آنتیں صاف رہتی ہیں۔دیرینہ قبض بھی آہستہ آہستہ دور کرتا ہے۔

علاوہ ازیں دہی کے صحت دوست جراثیم غذا میں بڑی مقدار میں وٹامن بی پیدا کرتے ہیں۔چھاچھ کا روزانہ استعمال بعض امراض قلب،عصبی خرابیوں اور قبض کو دور کر دیتا ہے۔
ماہرین کا کہنا ہے کہ دہی کے تیزاب دماغ کو رواں دواں رکھنے میں ایندھن جیسا کام کرتے ہیں۔یہ اعصاب کو زہریلے مادوں سے نجات دلاتے ہیں یعنی Detox کا کام کرتے ہیں۔یعنی اس اعتبار سے چھاچھ یا دہی مقوی اعصاب بھی ہے۔
ان سے بھوک بڑھانے،خوراک ہضم کرنے اور تعذیہ میں مدد ملتی ہے۔
اگر بچوں کو چھاچھ روزانہ استعمال کرائی جائے،تو ان کے دانت نکلنے میں آسانی رہتی ہے۔چھاچھ بچوں کو دیگر کئی بیماریوں سے محفوظ رکھنے میں بھی مفید بتائی جاتی ہے۔اسہال کے مریضوں کو چھاچھ پلانا مفید ہے۔چھاچھ فربہی کم کرنے میں بھی فائدہ مند ہے کیونکہ اس میں غذائی حراروں (کیلوریز) کی تعداد کم ہوتی ہے۔وہ معدے میں طویل عرصہ رہتی ہے،یوں زیادہ بھوک نہیں لگتی۔چھاچھ کے استعمال کا ایک اچھا طریقہ یہ ہے کہ اس میں تھوڑا سا شہد ملا لیا جائے۔کچی ترکاریوں کا کچومر یا پھل بھی ملا سکتے ہیں۔
یہ یاد رہے کہ چھاچھ تازہ ہونی چاہیے جو زیادہ ترش نہ ہو۔سرد موسم میں دہی یا چھاچھ کو قدرے گرم کر لیا جانا بہتر ہے۔

Browse More Ghiza Kay Zariay Mukhtalif Bemarion Ka Elaaj