Doctor Baingan - Article No. 2805

Doctor Baingan

ڈاکٹر بینگن - تحریر نمبر 2805

یہ معروف سبزی سارا سال ہوتی ہے‘اس کا رنگ جامنی ہوتا ہے جو کہ بہت خوبصورت لگتا ہے

پیر 15 جنوری 2024

یہ معروف سبزی سارا سال ہوتی ہے‘اس کا رنگ جامنی ہوتا ہے جو کہ بہت خوبصورت لگتا ہے۔اس کا ذائقہ پھیکا اور گودا سفید ہوتا ہے‘بیج بھی ہوتے ہیں۔اس کا مزاج گرم تسلیم کیا گیا ہے۔اس کو سبزی کے طور پر بطور سالن پکایا جاتا ہے۔سالن بہت مزیدار ہوتا ہے بینگن کی دو اقسام ہوتی ہیں‘گول اور لمبا بینگن۔چھوٹا بینگن زیادہ لذیذ ہوتا ہے۔
اس میں غذائی اجزاء فولاد‘فاسفورس‘وٹامن اے‘بی اور سی ہوتے ہیں اس کو استعمال کرنے کے لئے صاف کر کے قاشوں کو کاٹ لیا جاتا ہے‘پھر ان قاشوں کو بیسن لگا کر گھی یا تیل میں تل لیا جاتا ہے۔اس کو ہمیشہ گھی اور مصالحوں میں استعمال کرنا چاہئے۔البتہ سبزیوں یا گوشت میں ملا کر پکانے سے اس کی لذت بڑھ جاتی ہے۔اس کے استعمال کا ایک طریقہ یہ بھی ہے کہ بینگن کو اُبال کر اس کا پانی نچوڑ دیا جائے پھر چھلکا اُتار کر اس میں نمک مرچ ملا لیں اور گھی میں اس کو تل لیں‘اس طرح عمدہ بھرتہ تیار ہو گا۔

(جاری ہے)


بینگن سستی اور سہل الحصول سبزی ہے‘بھوک میں اضافہ کرتی ہے‘معدے کو تقویت بخشتی ہے‘قبض کشا ہے‘معدہ میں اگر گیس ریاح ہو تو بینگن کا استعمال دست لے آتا ہے۔جن لوگوں کا مزاج بلغمی ہو ان کے لئے بینگن کا استعمال بہت مفید ہے۔اس کا چھلکا بہت مفید ہے۔بینگن کو اگر گوشت کے ساتھ استعمال کیا جائے تو کھانے کے بعد انار یا سرکہ ضرور استعمال کریں اس طرح اس کی گرمی کا اثر زائل ہو جاتا ہے۔
بینگن کے سرے اور چھلکے اگر دھوپ میں خشک کر لئے جائیں اور کوئلوں پر ڈال کر بواسیر کے مسوں کو دھونی دیں تو چند دن کے عمل سے آرام ہو سکتا ہے‘ایک طریقہ یہ بھی ہے کہ بینگن کو جلا کر راکھ بنا لیں‘پھر شہد میں ملا کر بواسیر کے مسوں پر لگائیں اس طرح سے مسے جاتے رہتے ہیں‘یعنی خشک ہو کر جھڑ جاتے ہیں۔

Browse More Ghiza Kay Zariay Mukhtalif Bemarion Ka Elaaj