Gajar Karishmati Sabzi Hai - Article No. 2295

Gajar Karishmati Sabzi Hai

گاجر کرشماتی سبزی ہے - تحریر نمبر 2295

اس کا جوس بہترین ٹانک ہے

جمعرات 11 نومبر 2021

کئی ملکوں میں گاجر کو پھل کہا جاتا ہے وہ اسے پکاتے بھی ہیں جیسے ہمارے گھرانوں میں گاجر گوشت بنتا ہے۔ہم اسے سلاد کے علاوہ حلوے‘ گجریلے اور پلاؤ میں بھی استعمال کرتے ہیں۔
شہروں میں گاجر پتوں سمیت کم ہی نظر آتی ہیں لیکن اگر دستیاب ہو جائے تو اس کے پتوں کو فالتو نہ سمجھیں ان میں پروٹین‘معدنیات اور وٹامنز وافر مقدار میں پائے جاتے ہیں جو صحت کے لئے بے حد مفید ہے۔

گاجر کو دو حصوں میں تقسیم کیا گیا ہے ایک ایشیائی گاجر جو لمبی‘گہرے‘سرخی مائل کی رنگت اور ذائقے میں میٹھی ہوتی ہے جبکہ دوسری یورپی گاجر جو ملائم جلد والی اور کم ریشے کے ساتھ بہتر جسامت کی حامل ہوتی ہے۔گاجر میں وافر مقدار میں سلفر‘کلورین‘سوڈیئم اور کچھ مقدار میں آیوڈین بھی ہوتی ہے۔

(جاری ہے)

گاجر کو نرمی سے صرف داغدار حصے سے چھیل لینا کافی ہوتا ہے۔

اگر آپ اسے گہرائی سے چھیلیں گے تو اس کے معدنیات ضائع ہو سکتے ہیں۔
طبی خواص
گاجر خون کو صاف کرتی ہے۔اس کا جوس جسم کی تیزابیت دور کرتا ہے۔
معدے کے السر میں بھی یہ مفید ہے۔بڑی اور چھوٹی آنت کی بہت سی بیماریوں کو رفع کرتی ہے۔
گاجر اور پالک کا جوس ملا کر پینے سے قبض رفع ہو جاتی ہے۔
جوس کا باقاعدہ استعمال ناخن‘بال‘دانت‘جگر اور ہڈیوں کے لئے مفید ہے۔

اس میں وٹامن A‘B اور E سمیت کئی مفید اجزاء موجود ہیں جو کینسر کی رسولیوں کی افزائش روکنے میں بھی اہم کردار ادا کرتے ہیں۔
پیٹ کے کیڑے دور کرنے کے لئے گاجر کا استعمال کیا جانا مفید ہے۔گردے اور مثانے کی پتھری کو نکال دیتی ہے۔
یہ دل کی دھڑکن کی اصلاح کرتی ہے۔یہ بلغم کو بھی نکالتی ہے۔کھانسی اور سینے کے درد کو فائدہ دیتی ہے۔

گاجر کا مربہ اور حلوہ نہایت مقوی ہوتے ہیں اور یہ زود ہضم ہوتے ہیں۔
گاجر کو بکری کے گوشت میں پکا کر کھانے سے عمر رسیدہ افراد کے اعصاب بھی توانا رہتے ہیں اور بھوک بھی لگتی ہے۔
یہ معدے کے امراض میں مفید ہے،اسے کچل کر نمک لگا کر کھانے سے جسم کے ورم دور ہو سکتے ہیں۔
وٹامن C کی وجہ سے یہ جلد پر خوشگوار تاثر دیتی ہے یعنی چمک اور سرخی آتی ہے۔

مقوی قلب ہونے کی وجہ سے اس کے استعمال سے اداسی و مایوسی چھٹتی ہے۔طبیعت میں حولانی اور مسرت پیدا ہوتی ہے۔
یہ ڈپریشن دور کرتی ہے اور مریض کے منفی خیالات اور رجحان کو یکسر دور کرتی ہے۔
گاجر کا جوس خون میں موجود چربی کو کم کرتا ہے۔جگر کے افعال کو اعتدال پر لاتا ہے اور گردوں کو تقویت دیتا ہے۔
گاجر کے بیج دوا کے ساتھ ساتھ غذائیت بھی بہم پہنچاتے ہیں۔وزن بڑھانے کے لئے مصری کے ساتھ ملا کر دودھ اور گاجر کا استعمال بہتر ہوتا ہے۔

Browse More Ghiza Kay Zariay Mukhtalif Bemarion Ka Elaaj