Hara Sehat Mein Khara ... Kheera - Article No. 2715

Hara Sehat Mein Khara ... Kheera

ہرا صحت میں کھرا ․․․ کھیرا - تحریر نمبر 2715

دیسی ہو یا ولائتی،یہ بڑے کام کی سبزی ہے

پیر 29 مئی 2023

کھیرا نباتات کے خاندان کا ایسا رکن ہے جو دنیا کے اکثر ممالک میں بڑے شوق سے کھایا جاتا ہے۔آپ کا سلاد پلیٹر کھیرے کے بغیر نامکمل رہتا ہے۔دل کو تسکین اور پیاس کی شدت کو کم کرنے والا کھیرا دراصل ایک بیل دار پودے کا پھل ہے۔اس کے پودے کی بیل یا تو زمین پر پھیلتی ہے یا آس پاس کے درختوں پر چڑھ جاتی ہے۔اس کی کاشت کے بارے میں خیال کیا جاتا ہے کہ یہ موسم گرما میں ہوتا ہے اور اس کے پھل کو پکتے وقت گرمی کی ضرورت ہوتی ہے لیکن اب یہ دنیا کے اکثر ممالک میں پورے سال دستیاب ہوتا ہے۔
ہمارے ملک میں کھیرے کی دو اقسام دستیاب ہیں،دیسی اور ولائتی کھیرا۔دیسی کھیرے سے مراد پاکستانی ہے۔اس کھیرے کا چھلکا چمکدار،صاف اور قدرے ملائم ہوتا ہے۔اس کا رنگ سبز زرد و سفید ہوتا ہے اور یہ ذائقے میں بھی شیریں ہوتا ہے۔

(جاری ہے)

ولائتی کھیرے کی کاشت پاکستان میں بھی ہوتی ہے تاہم یہ پورے یورپ اور امریکہ کی اصل نباتاتی نسل ہے۔اس کھیرے کا چھلکا موٹا کھردرا اور دانے دار ہوتا ہے۔

اس کا رنگ گہرا سبز ہوتا ہے۔مگر اس میں چمک دمک نہیں ہوتی اور عموماً پھیکا ہی ہوتا ہے۔
کھیرے کے طبی فوائد
یہ ہمارے ملک میں گرمیوں کے ایام میں عام اور سستے داموں ملنے والا پھل ہے۔(بیرونی ممالک میں اسے پھل ہی کہا جاتا ہے جیسے ٹماٹر کو بھی سبزیوں میں شمار نہیں کیا جاتا) یہ متعدد امراض کا بہترین قدرتی علاج ہے۔
بہترین کھیرا کیسا ہوتا ہے؟
یہ مکمل پکا ہوا ہوتا ہے۔
آپ جب بھی کھیرا کھائیں تھوڑا سا کالا نمک چھڑک کر کھائیں۔نظام ہاضمہ فعال رہتا ہے۔جلد ہضم ہوتا ہے۔جسم میں فاسد اجزاء کا اخراج کرتا ہے۔جگر اور مثانے کی گرمی دور کرتا ہے۔صفرا کی زیادتی میں بھی مفید ہے۔گرمی کے بخار اور یرقان سے بچاؤ کرتا ہے۔خون کی حدت ختم کر کے خون کو پتلا کرتا ہے۔ہائی بلڈ پریشر میں بھی مفید ہے اور اگر خونی بواسیر ہو تو ایسے مریضوں کے لئے بھی بہترین غذائی دوا ہے۔
بے خوابی کے شکار افراد کو بھی دوپہر کے کھانے سے قبل کھیرے کی سلاد کھانی مفید ہے۔
کھیرے اور کھجور کا تعلق
دراصل کھیرا سرد تر افادیت رکھتا ہے۔بعض لوگ اسے کثرت سے کھاتے ہیں اور انہیں تکلیف دہ صورتحال سے نبٹنا پڑتا ہے۔لہٰذا جب بھی زائد مقدار میں کھیرا کھا کے معدے میں تکلیف ہو تو ایک کھجور یا دو چار دانے منقیٰ کھا لئے جائیں یا تھوڑا سا شہد چاٹ لیا جائے تو کھیرا جلد ہضم ہو جاتا ہے۔

کلوروفل اور فلیوونائیڈز کا خزانہ
گوکہ دیگر سبزیوں کی طرح کھیرے میں بھی غذائی فائبرز موجود ہیں تاہم ہرے رنگ یعنی کلوروفل اور فلیوونائنڈز کی وسیع تر مقدار پائی جاتی ہے۔اس کے علاوہ ایک جزو Purine نہایت معمولی مقدار میں ہے جو جسم کے اندر پہنچ کر یورک ایسڈ میں تبدیل ہوتا ہے تاہم پانی کی مقدار 90 فیصد تک ہے اس لئے ہڈیوں اور جوڑوں کے درد کی بیماری Jichi میں کھانا مفید ہے۔
کھیرا پیشاب آور ہے۔
شربت بزوری
طب یونانی میں کھیرے کے بیجوں کا شربت،شربت بزوری پینا بے حد مفید ہے۔گرمیوں اور برسات کے دنوں میں اس کا استعمال کیا جانا چاہئے۔یہ کھانے کو جلد ہضم بھی کرتا ہے،بھوک بھی بڑھاتا ہے اور جگر کے علاوہ مثانے کی تکلیف میں بھی اکسیر کا درجہ رکھتا ہے۔

Browse More Ghiza Kay Zariay Mukhtalif Bemarion Ka Elaaj