Kaise Maze Ki Hai Imli - Article No. 1581

Kaise Maze Ki Hai Imli

کیسے مزے کی ہے املی․․․ - تحریر نمبر 1581

یہ پھل جگر کا بہترین محافظ ہے مگر کس طرح؟

جمعرات 23 مئی 2019

راحت شہناز
نباتات کے ماہرین املی کو پھلوں میں شمار کرتے ہیں اور یہ ایک ایسا پھل ہے جو ہمارے جگر کو 20سال جوان رکھ سکتا ہے۔یعنی اگرکسی کا جگر چربیلا ہو گیا ہوتو املی کے اجزاء میں یہ خاصیت موجود ہے کہ وہ یہ خرابی دور کردے۔جسم کے فاسدمادوں کو خارج کرکے نظام ہاضمہ کو نئے سرے سے توانا کر سکتا ہے ۔جگر کی دوست املی دل کی صحت کے لئے بھی مفید ہے کیونکہ یہ خون میں خراب کولیسٹرول LDLکی سطح کم کرتی ہے ۔
املی میں شامل پوٹاشےئم بلڈ پریشر کم کرنے میں مدد دیتا ہے ۔وٹامن Cمضر صحت فری ریڈیکلز کو ناکارہ بناتا ہے ۔آیورویدک دواؤں میں برسہابرس سے املی استعمال ہوتی آرہی ہے۔
املی کی چٹنی
اس چٹنی کے استعمال سے صفرے کی پیداوار متحرک ہوتی ہے جس سے کھانا ہضم کرنے میں مدد ملتی ہے ۔

(جاری ہے)

یہ آنتیں متحرک کرتی ہے ۔قبض کے مریضوں کے لئے بہترین اور اکسیر مانی جاتی ہے ۔

یاد رکھئے کہ قبض ام الامراض ہے اور جسمانی تندرستی کے لئے لازم ہے کہ آنتوں سے فضلہ بروقت خارج ہو۔اگر ٹھنڈے پانی کا استعمال نہ کیا جائے تو حلق کے لئے بھی تکلیف کا باعث نہیں ہوتی۔
دلچسپ با ت یہ ہے کہ اسہال کی بعض صورتوں میں بھی املی مفید پائی گئی ہے کیونکہ اس میں Pectin اور قدرتی چپکنے والے مادے پائے جاتے ہیں جو جسم میں پانی کی کمی دور کرتے ہیں۔

100گرام املی کی غذائی افادیت
تھیامن % 36
آئرن% 35
میگنیشیئم% 23
فاسفورس% 16
وٹامن% 6 کاپر% 5
نیاسین% 10
کیلشیئم% 7
علاوہ ازیں املی میں اینٹی آکسیڈنٹ اجزاء موجود ہیں اور خصوصاً ایک مرکب ہائڈروکسی سائٹرک ایسڈ ہوتا ہے جو انزائم کوچربی محفوظ کرنے سے روکتا ہے ۔
یہ کھٹا مادہ زیادہ کھانے کی خواہش میں کمی کرتا ہے ۔
دیگر فوائد
اگر آپ وزن کم کرنا چاہیں تو املی سے مدد لی جاسکتی ہے۔
اس میں شامل وٹامنB یعنی تھیامین اعصابی کارکردگی بہتر بناتا اور پٹھوں کی تشکیل میں مدد کرتاہے۔
یہ سوزش دور کرتی ہے ۔اس میں موجود ایک طاقتور اینٹی آکسیڈنٹ ٹارٹرک ایسڈ فری ریڈیکلز کا قلع قمع کرتا ہے ۔
ایک اور طاقتور اینٹی آکسیڈنٹ Geraniolلبلبے کی رسولی کی افزائش روک دیتاہے۔
املی میں پولی فینولز اور فیلوونائڈز کی سطح بلند ہونے کی وجہ سے ذیابیطس کے مریضوں کو اس سے فائدہ ہوتا ہے ۔ان کے خون میں شکر کی سطح کنٹرول میں رہتی ہے۔
املی کو کھانے مثلاً کالی مسور کی دال،چنے کی دال گوشت کے علاوہ اچار اور شربت کے طور پر استعمال کیا جاتا ہے ۔
املی اور آلو بخارے کے شربت کو گرمی کا توڑ کہا جاتا ہے اور پاکستان کے ہر شہر میں اس موسم میں بکثرت دستیاب ہوتا ہے ۔تاہم موسم سرما میں احتیاط سے استعمال کیا جائے تو بہتر ہے۔
چہرے کی جلد کو بھی شاداب رکھنے اور کیل مہاسوں اور جھائیوں سے پاک رکھنے کے لئے املی کے گودے کا لیپ آنکھوں کو بچا کر استعمال کیا جاسکتا ہے تاہم بہتر یہی ہے کہ ان شکایات اور تکالیف کے علاج معالجے کے لئے مستند ماہر جلد سے رابطہ کیا جائے ۔

Browse More Ghiza Kay Zariay Mukhtalif Bemarion Ka Elaaj