Kari Patta Se Bhi Faide - Article No. 2533

Kari Patta Se Bhi Faide

کڑی پتا سے بھی فائدے - تحریر نمبر 2533

یہ صرف کھانوں کو خوشبو دار ہی نہیں بناتا،بلکہ بیماریوں کو بھی دور کرتا ہے

بدھ 7 ستمبر 2022

کھانوں کو خوشبو دار اور خوش ذائقہ بنانے کے لئے باورچی خانے میں مختلف پتے اور پتیاں استعمال کی جاتی ہیں،ان میں کڑی پتا بھی شامل ہے۔یہ صرف کھانوں کو خوشبو دار ہی نہیں بناتا،بلکہ انھیں ذائقے دار بھی بناتا ہے۔یہ کڑھی میں بھی ڈالا جاتا ہے،جس سے کڑھی کی لذت میں اضافہ ہو جاتا ہے۔
کڑی پتے میں ریشہ (فائبر) اور حیاتین ب،ج اور ھ (وٹامنز بی،سی اور ج) بھی پائی جاتی ہیں۔
ان صحت بخش اجزاء سے دل کی کارکردگی بہتر ہوتی ہے اور تعدیے (انفیکشن) سے بھی نجات مل جاتی ہے۔کڑی پتے میں فولک ایسڈ اور فولاد کی زیادہ مقدار پائی جاتی ہے۔فولک ایسڈ جسم میں فولاد کو تمام خلیات (سیلز) تک پہنچاتا ہے،جس سے صحت بخشی کا عمل تیز ہو جاتا ہے۔اُن خواتین کو کڑی پتے ضرور کھانے چاہییں،جن میں ہیموگلوبن کی سطح کم ہوتی ہے۔

(جاری ہے)

انھیں چاہیے کہ وہ تین سے پانچ پتے روزانہ نہار منہ کھائیں،اس طرح چند دنوں میں ان میں ہیموگلوبن کی سطح بڑھ جائے گی۔


کڑی پتا کھانے سے خون میں شکر کی مقدار بھی معمول پر آ جاتی ہے۔یہ جسم میں انسولین پر بھی اثر انداز ہوتا ہے۔ذیابیطس کے مریض اپنے معالج کے مشورے سے کڑی پتے کھا کر خون میں شکر کی مقدار پر بہ آسانی قابو پا سکتے ہیں۔ان پتوں کے کوئی پہلوئی اثرات (Side Effects) بھی نہیں ہوتے۔کڑی پتا موٹاپا کم کرنے میں بھی مفید ہے۔ہضم کے نظام کی خرابیوں کو دور کرنے میں بھی کڑی پتا فائدہ مند ہے۔صبح کے وقت تازہ کڑی پتوں کے رس میں لیموں کا رس اور شکر ملا کر پینے سے متلی و قے میں افاقہ ہوتا ہے۔کڑی پتوں کو باریک پیس کر دودھ کی کچی لسی کے ساتھ صبح نہار منہ پینے سے معدے کی تمام خرابیاں دور ہو جاتی ہیں۔کڑی پتے کھانے سے بواسیر میں بھی فائدہ ہوتا ہے۔

Browse More Ghiza Kay Zariay Mukhtalif Bemarion Ka Elaaj