Kayi Amraz Mein Mufeed Chakotra - Article No. 2575

Kayi Amraz Mein Mufeed Chakotra

کئی امراض میں مفید چکوترا - تحریر نمبر 2575

چکوترا،شوگر اور کولیسٹرول کنٹرول کرتا ہے

بدھ 9 نومبر 2022

بالوں میں خشکی شخصیت کو متاثر کرتی ہے۔ایک طبی تحقیق کے مطابق چکوترے کے جوس میں ایک ایسا جز پایا جاتا ہے جو جسم کے ایک خمیر کی سطح کو کم کرتا ہے۔اس کے نتیجے میں بالوں کی خشکی کا خاتمہ ہوتا ہے۔اسے تیل کی طرح سر پر لگانے سے خشکی کا باعث بننے والے فنگس دور ہوتے ہیں۔چکوترا،صحت بخش اور فرحت بخش پھل ہے۔یہ گریپ فروٹ کے نام سے جانا جاتا ہے۔
اسے انگریزی میں Pomelo کہتے ہیں۔اسے لیموں کے خاندان میں رکھا گیا ہے۔اس کا حقیقی وطن جنوب اور جنوب مشرقی ایشیاء بتایا گیا ہے۔چکوترا وٹامن سی سے بھرپور ہوتا ہے اس میں فائبر (ریشہ) بھی کثرت سے پائے جاتے ہیں۔اس میں وٹامن B1,B2,B3 ور B6 بھی پائے جاتے ہیں۔چکوترے میں پوٹاشیم،میگنیشیم کے علاوہ دیگر معدنیات بھی موجود ہیں۔چکوترا یا گریپ فروٹ گرمیوں میں لاحق ہونے والے زکام میں مفید مانا گیا ہے۔

(جاری ہے)

پُرسکون نیند کیلئے یہ اچھا ٹانک ہے۔اس کے کھانے یا اس کا جوس پینے سے قوت مدافعت میں اضافہ ہوتا ہے۔یہ خون میں مضر کولیسٹرول کو قابو میں رکھتے ہوئے دل کے دوروں کو روکتا ہے خون میں شوگر کی سطح کو قابو رکھنے میں گریپ فروٹ کا استعمال مفید ہے۔اس میں موجود وٹامن سی،جسم کے زخموں کو جلد مندمل کرنے میں مدد دیتا ہے۔یہ قبض کشاء پھل ہے۔اس کا خوش ذائقہ گودا کئی امراض میں مفید ہے۔
اپنی حسن افزا افادیت کی وجہ سے چکوترے کے چھلکے کو بیوٹی ایڈ کہا جاتا ہے۔مسوڑھوں کو صحت مند رکھنے کے ساتھ ساتھ یہ کینسر سے بچانے میں مددگار ہوتا ہے۔امریکی فوڈ اینڈ ڈرگ ایڈمنسٹریشن (ایف ڈی اے) کے مطابق نصف گریپ فروٹ میں صرف 60 کیلوریز ہوتی ہیں۔چکوترے جیسے پھل کھائے جائیں تو ناصرف قدرتی طور پر اہم اجزاء جسم کو ملتے ہیں بلکہ کئی امراض سے بھی محفوظ رہا جا سکتا ہے۔
ان میں چند درج ذیل ہیں۔
چکنی جلد کے خلاف جدوجہد
چکوترے میں ایسی خصوصیات موجود ہوتی ہیں جو جلد میں زیادہ تیل کو ختم کرکے مساموں کو تنگ کرتی ہیں۔یہ پھل جراثیم کش خصوصیات کا بھی حامل ہے۔یہ بیکٹیریا کو ختم کرکے کیل مہاسوں کا خاتمہ کرتا ہے۔
کولیسٹرول کی سطح میں کمی
ایک طبی تحقیق کے مطابق سرخ چکوترے کا ایک ماہ تک روزانہ استعمال کولیسٹرول کی سطح میں 15 فیصد تک کمی کرتا ہے۔
تاہم امراض قلب کے مریض اسے اپنی غذا کا حصہ بنانے سے پہلے معالج سے ضرور مشورہ کریں۔
دل کے دورے اور فالج سے بچاؤ
امریکن ہارٹ ایسوسی ایشن (اے ایچ اے) کے مطابق گریپ فروٹ میں موجود فلیوینوئڈز اینٹی آکسیڈنٹس فالج (اسٹروک) کو روکنے میں مددگار ہیں۔ایک اسٹڈی سے معلوم ہوا ہے کہ گریپ فروٹ کھانے سے دل کے امراض کا خطرہ 15 فیصد تک کم ہو جاتا ہے۔
اس میں موجود پوٹاشیم بلڈ پریشر بڑھنے سے روکتا ہے۔
گردے کی پتھری
گریپ فروٹ میں موجود سٹرک ایسڈ گردوں میں پتھری بننے سے روکتا ہے۔ماہرین صحت کے مطابق گریپ فروٹ چھوٹی پتھریوں کو گھلانے میں اہم کردار ادا کرتا ہے۔
کینسر کو روکنے میں مددگار
آنتوں،لبلبے اور دیگر اقسام کے کینسر کو روکنے میں فولک ایسڈ کا کردار تسلیم شدہ ہے۔
ایک مطالعے سے انکشاف ہوا ہے کہ فولک ایسڈ بریسٹ کینسر سے بچاتا ہے۔گریپ فروٹ میں موجود فولک ایسڈ کینسر کو روکنے میں نمایاں کردار ادا کرتا ہے۔
آنکھوں کی حفاظت
امریکن آپٹو میٹرک ایسوسی ایشن کے مطابق چکوترے میں وٹامن سی کی بھرپور مقدار پائی جاتی ہے۔یہ آنکھوں میں موتیا بننے کو روکتی ہے۔
وزن کی کمی میں مددگار
چکوترے کا استعمال وزن کم کرنے کے لئے مفید ہے۔
ایک تحقیق کے مطابق چکوترے میں وٹامن سی کیلشیم اور پوٹاشیم بڑی مقدار میں پائے جاتے ہیں،چکوترے میں 90 فیصد پانی کی موجودگی بھوک کا احساس کم کرتی ہے۔ہر کھانے سے 30 منٹ پہلے آدھا چکوترا کھانے سے وزن میں کمی لائی جا سکتی ہے۔
احتیاط
ماہرین کے مطابق گریپ فروٹ کئی صحت مند اجزاء کے ذخیرہ سے مالا مال ہے تاہم وہ مریض جو بلڈ پریشر کی بعض دوائیں،ڈپریشن کی گولیاں اور اعضا کی پیوندکاری کے بعد جسمانی طور پر رد کرنے کے عمل کے خلاف کوئی دوا کھا رہے ہیں تو وہ گریپ فروٹ نہ کھائیں۔ایسے مریض گریپ فروٹ ڈاکٹر کے مشورے سے ہی استعمال کیجیے۔

Browse More Ghiza Kay Zariay Mukhtalif Bemarion Ka Elaaj