Kayi Amraz Mein Mufeed Qudrati Jari Botiyan - Article No. 2767

Kayi Amraz Mein Mufeed Qudrati Jari Botiyan

کئی امراض میں مفید قدرتی جڑی بوٹیاں - تحریر نمبر 2767

تازہ جڑی بوٹیاں نہ صرف اچھے ذائقے کا باعث بنتی ہیں بلکہ صحت مند اثرات کی حامل بھی ہیں

جمعرات 28 ستمبر 2023

راشدہ عفت میموریل
جب دنیا میں میڈیکل سائنس نے ترقی نہیں کی تھی،اور دوائیں بنانے والی جدید کمپنیاں نہیں بنیں تھی،تب لوگ قدرتی جڑی بوٹیوں سے ہی بڑے سے بڑی بیماریوں کا علاج کرتے تھے۔ٹیکنالوجی کی ترقی کے باوجود قدرتی اشیاء کی اہمیت میں کوئی کمی نہیں آئی،اب میڈیکل سائنس میں بھی جڑی بوٹیوں کا استعمال کیا جاتا ہے۔
آج بھی دنیا بھر میں مختلف بیماریوں کا علاج گھریلو ٹوٹکوں یا قدرتی جڑی بوٹیوں سے کیا جاتا ہے۔تازہ جڑی بوٹیاں نہ صرف اچھے ذائقے کا باعث بنتی ہیں بلکہ صحت مند اثرات کی حامل بھی ہیں۔ہمارے کچن میں موجود جڑی بوٹیاں سینکڑوں سال سے بطور دوا بھی استعمال ہو رہی ہیں۔ذیل میں ایسی چند جڑی بوٹیوں کا تذکرہ کیا جا رہا ہے۔
لہسن
لہسن کو علاج کے لئے صدیوں سے استعمال کیا جا رہا ہے۔

(جاری ہے)

جدید سائنس کے زیر اہتمام ہربل میڈیسن میں سن 1700 سے لہسن کو بطور دوا استعمال کیا جا رہا ہے،لہسن میں شامل اجزاء جہاں اینٹی بائیوٹک کا کام کرتے ہیں،وہیں یہ اینٹی وائرل،اینٹی فنگل اور اینٹی مائکروبیل کا کام بھی کرتے ہیں۔آسان الفاظ میں یہ کہ لہسن میں شامل اجزاء انسانی جسم میں پیدا ہونے والے بیکٹیریا اور جراثیم سے تحفظ فراہم کرتے ہیں۔

شہد
شہد کو سینکڑوں سال سے کئی بیماریوں سے بچاؤ کے لئے استعمال کیا جا رہا ہے۔اس میں شامل قدرتی اجزاء ہاضمے کو درست کرنے سمیت نزلہ،زکام،بلغم اور سینے میں درد جیسے مسائل سے نجات دلاتے ہیں،یہ خون کو صاف کر کے چہرے کی رونق بھی بحال کرنے میں مدد فراہم کرتا ہے۔
ایلو ویرا
صحت ہو یا خوبصورتی دونوں ہی حوالوں سے ایلو ویرا کا استعمال بہت مشہور ہے۔
قدیم مصری اور چائنیز اسے زخموں کو بھرنے،جلنے پر مرہم اور بخار کو کم کرنے کے لئے استعمال کرتے تھے۔ایلو ویرا میں وٹامنز،منرلز اور امینو ایسڈ موجود ہوتے ہیں۔
پودینہ
پودینہ مختلف کھانوں میں ذائقہ اور خوشبو کے لئے استعمال کیا جاتا ہے۔مغربی ثقافت میں صحت کے حوالے سے اس کا استعمال عام ہے۔پودینہ عموماً پیٹ کے امراض اور نظام انہضام کو درست کرنے کے لئے استعمال کیا جاتا ہے۔
اس کی خوشبو منہ میں موجود گلینڈ اور ہضم کرنے والے انزائمز کو فروغ دیتی ہے۔یہ خون صاف کر کے جلد کو چمک دار بناتا ہے۔
ہلدی
ہلدی کا استعمال نہ صرف کھانوں بلکہ دواؤں میں بھی کیا جاتا ہے۔یہ ایک ایسا مرکب ہے جو ماحولیاتی زہریلے مادوں کو جو سرطان پیدا کرنے کا سبب بنتے ہیں جسم سے خارج کرتا ہے۔ہلدی کو سوزش،جوڑوں کے درد،دل کی صحت،ذہنی صلاحیتوں میں اضافہ،کینسر اور ذیابیطس سے بچاؤ میں بھی استعمال کیا جاتا ہے۔

اوریگانو کا تیل یا پتے
اوریگانو ایک خوشبودار جڑی بوٹی ہے،جسے کھانوں کو ذائقہ دار بنانے کے لئے بھی استعمال کیا جاتا ہے،اسے نازبو یا مرزنگوش بھی کہا جاتا ہے۔دیہی علاقوں میں اس جڑی بوٹی کے پتے کھانوں میں استعمال کیے جاتے ہیں،اس میں بھی لہسن اور پودینے جیسی خصوصیات ہیں،جو ہاضمے سمیت دیگر نظام کو درست کرتے ہیں۔
اوریگانو کا تیل جوڑوں کے درد سمیت جسم کے دیگر درد کے لئے بھی فائدہ مند ہوتا ہے۔
اکنیشا کا پھول
اکنیشیا Echinacea نامی اس خاردار گلابی پھول کو طویل عرصہ سے ہربل میڈیسن میں استعمال کیا جا رہا ہے،اس پھول میں شامل اجزاء خون میں خرابی کو روکتے ہیں۔اس پھول میں شامل اینٹی بیکٹیریل اجزاء نزلہ و زکام سے بھی محفوظ رکھتے ہیں۔
اس پھول کو مخروطی پُھول والا پودا یا کھڑے پھول والا پودا بھی کہا جاتا ہے۔
روزمیری
روزمیری خون کی نالیوں کی توڑ پھوڑ کو روک کر ہمارے دل پر صحت مند اثرات مرتب کرتی ہے۔روزمیری میں کانوسک ایسڈ اور کارنوسول پایا جاتا ہے جو کینسر کے پھیلاؤ کو روکتے ہیں۔
اجوائن خراسانی
اجوائن خراسانی Henbane میں بہت سے اینٹی آکسیڈینٹس Antioxidants کے علاوہ وٹامن اے اور سی پائے جاتے ہیں جو کئی کینسر پیدا کرنے والے خلیوں کی پیداوار کو روکتے ہیں۔
اس کے کئی اثرات دل کی صحت کو بحال رکھتے ہیں اور ہائی بلڈ پریشر کنٹرول کرتے ہیں۔
صحت مند معدے میں ادرک کا کردار
معدے اور آنتوں کی بیماریوں میں ادرک کا کردار بڑی اہمیت کا حامل ہے۔خصوصاً مورننگ سِکنیس کی وجہ سے ہونے والے اسہال اور متلی،دوران حمل ہونے والی قے اور متلی میں ادرک کا استعمال مفید ہے،کینسر میں کیمو تھراپی کے بعد ادرک کے استعمال سے فائدہ ہوتے دیکھا گیا ہے۔
خوراک میں ادرک کا استعمال جوڑوں میں ہونے والے درد اور سوزش کے لئے مفید ہے۔
دار چینی
دار چینی میں درد اور سوزش کش اثرات پائے جاتے ہیں۔صحت مند اثرات کی حامل یہ جڑی بوٹی معدے اور آنتوں کے بگاڑ میں بھی مفید ہے۔دار چینی میں نہ صرف اینٹی آکسیڈینٹس پائے جاتے ہیں بلکہ یہ بلڈ شوگر لیول کو بھی قابو میں رکھتی ہے۔ٹائپ 2 ذیابیطس کے مریضوں میں مضر صحت کولیسٹرول کی سطح کو بھی کم کرتی ہے۔

کینسر کے انسداد میں لہسن کا کردار
لہسن سے کینسر کی روک تھام ہوتی ہے۔لہسن میں مزید کئی امراض کے خلاف لڑنے کی خصوصیت پائی جاتی ہے جن میں ہائی بلڈ پریشر اور عام سردی زکام شامل ہیں۔
جوڑوں کے درد میں بچھو بوٹی
بچھو بوٹی Stinging Nettle ایک عام سی بوٹی ہے۔اس سے جوڑوں کے امراض کا اچھا علاج ہو سکتا ہے۔
یہ جوڑوں کی سوزش اور درد کو کم کرتی ہے اس کے علاوہ بچھو بوٹی کے استعمال سے سکری کا خاتمہ ہوتا ہے اور بال چمک دار ہوتے ہیں۔پراسٹیٹ کے مرض Benign Prostatic Hyperplasia BPH میں بھی مفید ہے۔بچھو بوٹی کو چائے یا سوپ میں ڈال کر استعمال کیا جاتا ہے۔
ثابت دھنیا
ثابت دھنیا صحت مند کولیسٹرول بڑھانے میں مفید ہے۔اس سے مضر صحت کولیسٹرول کم ہوتا ہے۔
ثابت دھنیے میں جراثیم کش اور پھپھوندی کش اثرات بھی پائے جاتے ہیں۔
تیزپات
تیزپات سردی سے لگنے والے کئی امراض کے علاج میں معاون ہے۔اس کے روغن میں Cineole پایا جاتا ہے جو بند ناک کھولنے اور Sinus کو سکون بخشنے میں معروف ہے۔
ککروندا ہاضمے میں مفید ہے
میری لینڈ یونیورسٹی آف میڈیسن کے مطابق ککروندا (Dandelion) ایک قدرتی پیشاب آور دوا ہے۔اس کا استعمال قوت ہاضمہ کی کمی امراض جگر اور ہائی بلڈ پریشر میں کیا جاتا ہے ککروندے کی جڑوں سے جگر،معدہ اور پتا کی اصلاح ہوتی ہے۔

Browse More Ghiza Kay Zariay Mukhtalif Bemarion Ka Elaaj