Khajoor - Article No. 2418

Khajoor

کھجور - تحریر نمبر 2418

فوری توانائی کا ذریعہ غذائی اجزاء سے بھرپور مقوی اور توانا میوہ

ہفتہ 16 اپریل 2022

جدید سائنس نے اس بات کی اب تصدیق کر دی ہے کہ کھجور میں کئی ضروری اور غذائی اجزاء وافر مقدار میں پائے جاتے ہیں۔بوڑھاپا جلد نہ آنے میں کھجور معاون ہے۔کھجور کی افادیت کے پیش نظر ماہرین صحت کا کہنا ہے کہ تین چیزوں کا استعمال مرد کے لئے اینٹی ایجنگ اثرات رکھتا ہے۔وہ یہ ہیں،کھجور،بھنے ہوئے چنے اور پکے ہوئے بیر۔ماہرین صحت نے درج ذیل امراض میں کھجور کا استعمال مفید بتایا ہے۔

جو لوگ خون کی کمی اور کمزوری کی شکایات کرتے ہیں،وہ پانچ موٹے چھوہارے لے کر آدھا کلو دودھ میں ڈال کر خوب پکائیں،جب چھوہارے نرم ہو جائیں تو اُتار کر نیم گرم کھا لیں۔چند ہفتوں میں انہیں تازگی اور قوت محسوس ہو گی۔
جو بچے کمزور ہوں ان کے وزن میں اضافے کے لئے پانچ تازہ کھجور کھلا کر تازہ اور نیم گرم دودھ پلائیں چند ہی دن میں انہیں فرق محسوس ہو گا۔

(جاری ہے)


کھجور کی گھٹلیاں پانی میں پکا کر اس پانی سے غرارے کرنے سے دانتوں کا درد دور ہوتا ہے۔کھجور کو بھگو کر اس کا پانی پینے سے جگر کی اصلاح ہوتی ہے۔کھجور کا رس پانی یا دودھ میں ملا کر پینے سے فوری توانائی ملتی ہے۔گھٹلیوں کو بھون کر موٹا موٹا کوٹ کر کافی کی طرح بھی پیا جاتا ہے۔
چھوہارا اور ادرک دونوں کو پان کے تازہ پتے میں رکھ کر کھانا بلغمی کھانسی اور دمے میں فائدہ ہے۔

کھجور کی گھٹلی ایک سے تین عدد لے کر انہیں پانی یا سونف کے عرق میں گھس کر چٹانے سے بدہضمی اور معدہ میں گرمی دور ہو جاتی ہے۔
گیس اور تبخیر معدہ میں مبتلا لوگ حسب برداشت تین سے سات چھوہارے تھوڑے سے پانی میں ڈال کر رات بھر کھلی جگہ پر رکھ دیں صبح اُٹھ کر انہیں کھا لیں اور پانی پی لیں۔اس کے بعد ہلکا پھلکا ناشتہ کر لیں۔اس سے معدے کی اصلاح ہوتی ہے۔

قبض کی شکایت والے افراد صبح ناشتے کے طور پر تین سے گیارہ کھجور کھا کر پانی یا چائے پی لیں،اس سے قبض دور ہوتا ہے۔
کھجور ایک مقوی اور توانا میوہ ہے،روزہ دار کے لئے کھجور کا استعمال بہت مفید ہے اس لئے کہ اس میں فاسفورس،آئرن،کیلشیم،لحمیات،نشاستہ اور چکنائی وغیرہ مناسب مقدار میں پائے جاتے ہیں۔
کھجور معدے کے زخم کے لئے بھی مفید بتائی جاتی ہے۔
کھجور کو کھانے کے دورانیے کے طویل وقفہ کے دوران کھائیں یا کھانا شروع کرنے یا درمیان میں یعنی کسی بھی وقت کھائیں یہ معدے کو تقویت دیتی ہے،قبض کشا ہے اور توانائی کا مظہر تو ہے ہی۔
معدنیات
پوٹاشیم اور سوڈیم کی مناسب مقدار کے ساتھ کھجور میں موجود معدنی اجزاء ہائی بلڈ پریشر کے مریضوں کے لئے مفید ہیں۔
ریشہ یا فائبر
پیکسٹن اور سیلیولاز کے اجزاء پر مشتمل یہ فائبر اپنی نوعیت کا خاص ڈائٹری فائبر ہے جو صرف کھجور میں پایا جاتا ہے پیکسٹن سے خراب کولیسٹرول زائل ہوتا ہے اور معدے کے افعال کو درست رکھتا ہے۔

کھجور بہترین ہائی کیلوری ڈائٹ
ایک گرام کھجور کھانے کا مطلب ہے کم از کم تین کلو کیلوریز جتنی توانائی حاصل کرنا اور سو گرام کھجوروں کا مطلب ہے کہ پندرہ بیس کھجوریں۔اس طرح 280 حرارے مل سکیں گے۔صحت مند رہنے کے لئے بالغ افراد 38 گرام کھجوریں کھا سکتے ہیں۔جو افراد وزن میں کم ہوں،نقاہت محسوس کریں ڈاکٹر حضرات ایسے افراد کو کھجور کھانے کا مشورہ دیتے ہیں۔
کھلاڑیوں،مینوئل ورک کرنے والوں یا سخت محنت کرنے والوں اور مریضوں کو کھجور کھانے کی ہدایت کی جاتی ہے۔
کھجور میں لوہا،پوٹاشیم،نیاسن،ریشہ اور بہت زیادہ توانائی موجود ہے۔اگر اسے دودھ،دہی یا پنیر کے ساتھ کھایا جائے تو یہ ایک مکمل غذا ہے۔کھجور میں موجود پوٹاشیم ہمارے جسمانی پٹھوں Muscles اور اعصاب Nerves کو مضبوط بناتا ہے۔اسی لئے بچوں کے لئے اس کا استعمال مفید ہے۔

کھجور میں موجود ریشہ بہت سی بیماریوں سے نجات دلاتا ہے۔مثلاً ہاضمہ کے لئے کھجور میں موجود ریشہ بہترین ہے۔یہ ریشہ جسم میں موجود کولیسٹرول کو خون میں جذب ہونے سے روکتا ہے۔اس طرح خون میں کولیسٹرول کی مقدار کم رہتی ہے۔یہ ریشہ دست،پیچش اور تیزابیت کو کم کرتا ہے۔اس طرح کھجور بدہضمی سے متعلق بیماریوں میں مفید غذا ہے کیونکہ کھجور سے توانائی بھی مل جاتی ہے اور مرض میں کمی بھی واقع ہوتی ہے۔

کھجور کو قدرتی درد کش بھی کہا جاتا ہے کیونکہ اس کے استعمال سے درد کم ہوتا ہے۔حالیہ تحقیق سے پتہ چلا ہے کہ کھجور جوڑوں پٹھوں کے درد یا آسٹیوپوروسس Osteoporosis میں بھی مفید ہے۔اس میں موجود بورون Boron ایک ہارمون اسٹروجن کی کمی کو پورا کرتا ہے۔اسٹروجن عام طور پر خواتین میں ماہواری بند ہونے کے بعد کم ہو جاتا ہے۔خواتین مردوں کی بنسبت آسٹیوپوروسس آتھرائٹس اور جوڑوں کے درد،میں زیادہ مبتلا ہوتی ہیں۔

کھجور کے دوسری غذائی اشیاء کے ساتھ فوائد
کھجور میں وٹامن سی نہیں ہوتا۔اگر کھجور سیب،کینو،موسمی،لیموں کے ساتھ کھایا جائے تو نہ صرف وٹامن سی کی کمی پوری ہو جاتی ہے بلکہ کھجور میں موجود فولاد آسانی سے خون میں جذب ہو جاتا ہے۔
کھجور سے بنی اشیاء
آج کل کھجور سے مختلف قسم کی کئی اشیاء تیار کی جا رہی ہیں مثلاً ملک شیک،آئس کریم،کھجور کا دہی (یعنی کھجور کو دودھ میں گھول کر پھر دہی جمانا) سوفٹ ڈرنکس وغیرہ۔بیکری پروڈکٹس جیسے کیک،بسکٹ اور بن وغیرہ۔کھجور سے چاکلیٹ کرنچی بار بھی بنائے جاتے ہیں۔کھجور ناشتے میں دودھ اور دلیے کے ساتھ بھی کھائی جاتی ہے۔اس کے کارن فلیکس بھی تیار کیے جاتے ہیں۔

Browse More Ghiza Kay Zariay Mukhtalif Bemarion Ka Elaaj