Khajoor Aur Mah E Siyam - Article No. 2686

Khajoor Aur Mah E Siyam

کھجور اور ماہِ صیام - تحریر نمبر 2686

دن بھر بھوکا پیاسا رہنے سے روزہ دار کے جسم میں توانائی کم ہو جاتی ہے جسے پورا کرنے میں اس کا اہم کردار ہے

پیر 17 اپریل 2023

عبدالغفار
کھجور ایک مفید اور لذیذ پھل ہے،اس میں بے پناہ توانائی پوشیدہ ہے۔دن بھر بھوکا پیاسا رہنے سے روزہ دار کے جسم میں توانائی کم ہو جاتی ہے جسے پورا کرنے میں اس کا اہم کردار ہے،طبی ماہرین بھی اس کے استعمال کو سود مند قرار دیتے ہیں۔مسلمان روزہ کھجور کے ساتھ ہی افطار کرنے کو ترجیح دیتے ہیں کیونکہ یہ ہمارے پیارے نبی اکرم صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کا پسندیدہ پھل اور سنت ہے۔
طبی ماہرین نے افطاری کے ساتھ سحری میں بھی کھجور کے استعمال کو انتہائی مفید قرار دیا ہے۔شیریں،خوش ذائقہ،زود ہضم اور توانائی سے بھرپور پھل کھجور کا استعمال رمضان المبارک میں کثرت سے کیا جاتا ہے،غذائیت اور کیلوریز سے بھی بھرپور ہونے کے باعث طبی ماہرین افطاری کے ساتھ ساتھ سحری میں بھی کھجور کے استعمال کو انتہائی مفید قرار دیتے ہیں کیونکہ یہ روزہ داروں کو دن بھر توانا رکھتا ہے۔

(جاری ہے)


ماہرین صحت کے مطابق کھجور میں متعدد ایسے اجزاء شامل ہیں جو انسانی جسم کو تندرست رکھنے میں مدد فراہم کرتے ہیں۔کھجور میں شامل میگنیشیم بلڈ پریشر کم کرتا ہے۔پٹھوں،اعصاب اور شریانوں کو پُرسکون رکھتا ہے،ہڈیوں کو مضبوط بناتا ہے،پھیپھڑے کے سرطان سے تحفظ فراہم کرتا ہے اور اس میں موجود تانبے کے ساتھ مل کر ہائپر ٹینشن اور دل کی دھڑکن کو قابو میں رکھتا ہے۔
کیلشیم جو کھجور کا ایک اہم جزو ہے،یہ عضلات،شریان اور اعصاب کو پھیلاتا ہے ہڈیوں کی تعمیر کرتا ہے اور ہڈیوں کے بھربھرے پن کی بیماری آسٹیوپوروسس سے بچاتا ہے۔کھجور میں موجود پوٹاشیم دل کے پٹھوں کو مضبوط بناتا ہے،پٹھوں کی اکڑن سے بچاتا ہے،ہڈیوں کے ڈھانچے کو بہتر کرتا ہے اور کینسر کا خطرہ گھٹاتا ہے،اس میں شامل فاسفورس دانتوں اور ہڈیوں کو تحفظ فراہم کرتا ہے۔کھجور میں شامل آئرن اس کا اہم حصہ ہے جو وٹامن بی ٹو اور کاپر کے ساتھ مل کر خون کے سرخ خلیات کی تعمیر میں مدد کرتا ہے،بذریعہ خون پٹھوں اور خلیات تک آکسیجن کی فراہمی ممکن بناتا ہے اور بصارت کو بہتر کرتا ہے۔

Browse More Ghiza Kay Zariay Mukhtalif Bemarion Ka Elaaj