Khajoor Khaye Sehatmand Raheen - Article No. 2763

Khajoor Khaye Sehatmand Raheen

کھجور کھائیں صحت مند رہیں - تحریر نمبر 2763

یہ کئی امراض سے بچاتی ہے اور غذائی کمی کو پورا کرتی ہے

ہفتہ 16 ستمبر 2023

سعدیہ سعید
انسان ہزاروں سال سے کھجور کھاتا رہا ہے اور اب بھی یہ مقبول ترین میوہ توانائی سے بھرپور غذا کے درجے پر موجود ہیں۔ماہرین نے مزید تحقیق کر کے کھجور کے لاتعداد فوائد پیش کئے ہیں۔یہ کئی امراض سے بچاتی ہے اور غذائی کمی کو پورا کرتی ہے۔
وٹامن اور غذائیت
کھجور وٹامن کا خزانہ ہے جس میں کل چھ وٹامن پائے جاتے ہیں۔
اس میں وٹامن سی کی مقدار کم ہوتی ہے لیکن وٹامن بی ون (تھایامن)،وٹامن بی ٹو (رائبوفلیون)،نیکوٹینک ایسڈ اور وٹامن اے بڑی تعداد میں موجود ہوتے ہیں۔اس میں ریشے (فائبر) دار اجزاء پائے جاتے ہیں جبکہ پوٹاشیم،میگنیشیم،تانبہ،سیلینیئم اور دیگر اہم معدنیات بھی موجود ہوتی ہیں۔اس کے علاوہ گلوکوز اور فریکٹوز والی شکریات بھی موجود ہیں۔

(جاری ہے)

یہی وجہ ہے کہ کھجور فوری طور پر توانائی پہنچاتی ہے اور پیٹ بھرنے کا احساس بڑھاتی ہے۔

عربی اطباء نے اسی بنیاد پر اسے مکمل غذا بھی قرار دیا ہے۔واشنگٹن ڈی سی کی غذائی ماہر،ایلیسن ٹیپر کہتی ہیں کہ صبح کے وقت کھجور کھائیں تو اس سے پورے دن توانائی بحال رہتی ہے اور شکم سیری کا احساس موجود رہتا ہے۔
اینٹی آکسیڈنٹس
کھجوروں میں اینٹی آکسیڈنٹس کی بڑی مقدار موجود ہوتی ہے جو خلوی سطح پر شکست اور خرابی کو روکتے ہیں۔
اینٹی آکسیڈنٹس غذائیں ہمیں اندرونی سوزش (انفلیمیشن)،امراضِ قلب اور کینسر سے بھی بچاتی ہے۔ایک قدرے پرانی تحقیق سے عیاں ہیں کہ کھجور میں پولی فینولز نامی اینٹی آکسیڈنٹس کیمیکل ذیابیطس،اعصابی تنزلی اور سرطان سے محفوظ رہتے ہیں۔پھر فائبر کی وجہ سے کھجور پورے نظام ہاضمہ کو قوی بناتی ہے۔ڈاکٹر ایلیسن کے مطابق فائبر بدہضمی،گیس اور قبض کو ختم کرتی ہے اور غذا کو جزو بدن بنانے میں مدد دیتی ہے۔

کھجور اور قلبی صحت
اینٹی آکسیڈنٹس اور فائبر کی بناء پر کھجور دل کے لئے ایک مفید پھل ہے۔کئی تحقیقات میں دیکھا گیا ہے کہ کھجور کھانے سے کولیسٹرول معمول پر رکھنے میں مدد ملتی ہے جس سے بلڈ پریشر،ہارٹ اٹیک اور فالج کا خطرہ کم ہو سکتا ہے۔ماہرِ غذائیات پروفیسر اینڈرسن ہائنز کے مطابق کھجور میں موجود پوٹاشیم اور میگنیشیم دل کو توانا اور بیماریوں سے محفوظ رکھتے ہیں۔

حاملہ خواتین ضرور کھائیں
پروفیسر اینڈرسن ہائنز کہتی ہیں کہ خواتین مدت حمل میں کھجور کا زیادہ استعمال رکھیں۔2017ء میں کی گئی ایک تحقیق کے مطابق کھجور کھانے سے بچے کی پیدائش کی تکلیف اور زچگی کا وقفہ کم ہو جاتا ہے۔ماہرین کے مطابق کھجور اور چھوہارے کو چینی کا متبادل قرار دیا جائے اور یہ کئی کاموں میں بطور شکر استعمال ہو سکتی ہے۔انہیں کیک،بسکٹ اور دیگر اجزاء میں شامل کر کے قدرتی مٹھاس کو بڑھایا جا سکتا ہے۔کھجور کا گلائسیمک انڈیکس بہت کم ہوتا ہے۔

Browse More Ghiza Kay Zariay Mukhtalif Bemarion Ka Elaaj