Kharbooza Aur Tarbooz - Mausam Garma Mein Qudrati Tahaif - Article No. 2505

Kharbooza Aur Tarbooz - Mausam Garma Mein Qudrati Tahaif

خربوزہ اور تربوز ․․․ موسم گرما میں قدرتی تحائف - تحریر نمبر 2505

پیاس بجھائیں،بھوک مٹائیں

منگل 2 اگست 2022

گرمی کی آمد کے ساتھ ہی ان دو پھلوں کی آمد قدرت کا عظیم تحفہ ہے جو پیاس بجھانے کے ساتھ ساتھ بھوک بھی مٹاتے ہیں۔ان رس بھرے پھلوں کے بے شمار فوائد ہیں۔ایک اہم ترین فائدہ ان میں موجود 92 فیصد پانی کا ہونا ہے۔علاوہ ازیں ان کی غذائی افادیت بھی مسلمہ ہے مثلاً وٹامنز A,B اور C کے ساتھ Amino Acid لائیکوپین اور اینٹی آکسیڈنٹس بھی شامل ہوتے ہیں۔

تربوز کی سرخ قاشوں سے بھرا ایک بڑا پیالہ کھانے سے لگ بھگ 40 کیلوریز حاصل ہوتی ہیں۔اس لئے وزن گھٹانے والے افراد بھی بلا خوف و تردد اسے کھا سکتے ہیں۔وٹامن A بینائی کے لئے بہترین ہے خاص کر شب کوری یعنی رات کو بینائی کمزور ہو جانے والے افراد کے لئے مفید ہے ان کی بصارت بہتر ہونے لگتی ہے۔
وٹامن B6 کا کام جسم میں غذا کے انجذاب کا عمل بہتر بنانا اور منظم کرنا ہے۔

(جاری ہے)

علاوہ ازیں یہ وٹامن بالوں،جلد،آنکھوں اور جگر کے لئے بھی مفید ہے اور وٹامن C دیگر اعضاء کو فائدہ پہنچانے کے علاوہ جسم کے مدافعتی نظام کی مدد کرتا ہے۔امینو ایسڈز پروٹین کے پیداواری عمل کے ساتھ ساتھ ٹشوز اور پٹھوں کی مرمت کرتے ہیں اور یہ 20 مختلف اقسام کے ہوتے ہیں۔اینٹی آکسیڈنٹس ہمیں کینسر جیسی مہلک بیماری سے بچاتے ہیں اور لائیکوپین بھی مددگار جزو ہے۔

خربوزے کی کئی اقسام مارکیٹ میں آئی ہیں ان میں Honeydew اور Cantaloupe بہت مقبول ہیں۔اول الذکر کا بیرونی چھلکا ہلکا سبز رنگ کا یا سفیدی مائل زرد ہوتا ہے جبکہ اس کے اندر کا گودا یا تو نارنجی یا آف وائٹ ہوتا ہے اور درمیان میں بیجوں سے بھرا ایک گولا ہوتا ہے۔اسے قاشوں کی صورت میں جب کاٹا جائے تو اوپری حصہ سب سے میٹھا اور رسیلا ہوتا ہے تاہم اسے چھلکے تک کھائیں تو مٹھاس کم ہوتی چلی جاتی ہے۔
Cantaloupe خربوزے بھی جسامت میں Honeydew جتنے بڑے ہوتے ہیں لیکن اس پر دھاریاں بنی ہوتی ہیں اور چھلکا قدرے سخت اور کھردرا ہوتا ہے۔
فوائد
اس میں شامل Carotenoids ہمیں مختلف اقسام کے کینسرز بالخصوص پھیپھڑے کے کینسر سے محفوظ رکھتے ہیں۔اس میں ایک مادہ Adenosine ہوتا ہے جو خون میں پھٹکی بننے کے عمل کو روکتا ہے جس سے فالج کا خطرہ ٹل جاتا ہے اور امراض قلب سے بھی حفاظت رہتی ہے۔

قبض کے مریضوں کو خربوزے کا استعمال بڑھا دینا چاہئے کیونکہ اس کا گودا آنتوں کو متحرک کرنے میں فعال کردار ادا کرتا ہے۔اس میں بھی پانی کی مقدار 90 فیصد تک ہوتی ہے اس لئے کھانا ہضم کرنے میں مدد ملتی ہے۔تیزابیت بھی دور ہوتی ہے۔
اس میں موجود کولاجن جلد کے خلیوں کو مستحکم رکھتے ہیں جس سے جھریاں کم بنتی ہیں۔یہ پروٹینز زخم کو جلد ٹھیک کرنے کے علاوہ اسے خشک اور کھردرا ہونے سے بھی روکتے ہیں۔
خربوزہ پیشاب آور پھل ہے اس لحاظ سے گردوں کی صفائی بہتر طور پر کرکے پتھری بننے کے امکان گھٹاتا ہے۔
یہ وزن کم کرنے کے خواہشمند افراد کے لئے بھی آئیڈیل غذا ہے کیونکہ اس میں سوڈیم نہیں ہوتا۔چکنائی اور کولیسٹرول سے بھی یہ پاک ہوتا ہے اور بڑے پیالے کی مقدار کھانے سے صرف 48 کیلوریز حاصل ہوتی ہیں۔

Browse More Ghiza Kay Zariay Mukhtalif Bemarion Ka Elaaj