Khatte Meethe Ras Bhare Kinu Hi Kinu - Article No. 2638

Khatte Meethe Ras Bhare Kinu Hi Kinu

کھٹے میٹھے،رس بھرے کینو ہی کینو - تحریر نمبر 2638

غذائیت سے بھرپور اس کھٹے میٹھے پھل میں ان گنت ایسے اجزاء پائے جاتے ہیں،جو جسمانی صحت پر مفید اثرات مرتب کرتے ہیں

منگل 7 فروری 2023

آفرین اعجاز
موسم سرما کے رس بھرے پھلوں میں ایک پھل کینو بھی ہے،جو اپنے منفرد ذائقے کی بدولت بہت پسند کیا جاتا ہے۔غذائیت سے بھرپور اس کھٹے میٹھے پھل میں ان گنت ایسے اجزاء پائے جاتے ہیں،جو جسمانی صحت پر مفید اثرات مرتب کرتے ہیں۔جیسا کہ کینو میں وٹامن ای پایا جاتا ہے،جو آنکھوں کے خلیات کے لئے ازحد مفید ہے،تو کینو کا استعمال موتیے کے مرض سے تحفظ فراہم کرتا ہے۔
اس میں وٹامن سی بھی وافر مقدار میں پایا جاتا ہے،جو چہرے پر قدرتی نکھار لاتا ہے۔کینو دل اور جگر کے لئے بھی اکسیر ہے۔وہ افراد جنہیں گردے میں تکلیف یا پیشاب میں جلن محسوس ہوتی ہو،انہیں چاہیے کہ روزانہ تین چار کینو کھائیں،کچھ ہی دنوں میں بہتری محسوس ہو گی۔کینو خون صاف کرتا ہے۔

(جاری ہے)

اس سے ہاضمے کا نظام بہتر رہتا ہے،کھانا جلد ہضم ہو جاتا ہے اور قبض کی تکلیف سے بھی چھٹکارا مل جاتا ہے۔

کینو کا روزانہ استعمال نہ صرف موٹاپا کم کرنے میں معاون ثابت ہوتا ہے،بلکہ سرطان جیسی مُہلک بیماری سے بھی نجات مل سکتی ہے۔پھر یہ کولیسٹرول کی مقدار اور خون کا دباؤ کنٹرول رکھتا ہے،اس میں موجود وٹامن سی بڑھاپے کے اثرات تاخیر سے ظاہر کرتا ہے۔سو،سرما رُت میں روزانہ کینو کھائیں اور صحت و تندرستی برقرار رکھیں۔
عام طور پر گھروں میں کینو کا چھلکا ڈسٹ بین میں پھینک دیا جاتا ہے،حالانکہ نہ صرف کینو،بلکہ موسمی اور سنترے وغیرہ کے چھلکوں کی افادیت بھی کم نہیں۔
اگر کینو کے چھلکوں کا ذکر کریں،تو اس میں وٹامن سی،وٹامن اے،فولک ایسڈ،پولی فینول (Polyphonol) اور ریشے (فائبر) وغیرہ پائے جاتے ہیں۔یوں تو کینو کے چھلکے مختلف طریقوں سے استعمال کیے جاتے ہیں،لیکن کیا آپ جانتے ہیں کہ اس کے چھلکوں سے مزے دار قہوہ بھی بنتا ہے۔قہوہ بنانے کے لئے سب سے پہلے کینو کے چھلکے اچھی طرح صاف کر لیں۔پھر ایک پتیلی میں حسب ضرورت پانی لے کر اس میں یہ چھلکے ڈال کر خوب اچھی طرح اُبلنے دیں۔
جب پانی کی رنگت تبدیل ہو جائے،تو چولہا بند کر دیں۔اب اسے چھان کر کپ میں انڈیل لیں اور مزے دار قہوے کا لُطف اُٹھائیں۔سردی کے موسم میں اگر اس قہوے کا روزانہ استعمال کیا جائے،تو ہاضمہ بہتر ہو جاتا ہے،رنگت نکھر آتی ہے اور جلد شاداب و چمک دار ہو جاتی ہے۔کینو کے چھلکوں سے تیار کردہ سفوف دانتوں کا پیلا پن ختم کرکے انہیں صاف ستھرا اور چمک دار بناتا ہے۔
نیز،منہ کی بُو بھی دُور ہو جاتی ہے۔سفوف بنانے کے لئے سب سے پہلے چھلکے اچھی طرح دھو کر دھوپ میں سکھا لیں۔پھر سل پر پیس کر یا گرائنڈ کر کے سفوف بنا لیں۔اگر نہانے کے پانی میں کینو کے چھلکے ڈال دیے جائیں،تو ان کی تاثیر سے جسمانی تھکاوٹ دُور ہو جاتی ہے اور فرحت و تازگی حاصل ہوتی ہے۔یہ پانی جلد پر بھی مفید اثرات مرتب کرتا ہے۔اگر جسم کے کسی حصے پر کوئی کیڑا کاٹ لے اور سوزش ہو جائے،تو کینو کا چھلکا رگڑنے سے زہریلا پن زائل اور سوزش رفع ہو جاتی ہے۔
کپڑوں سے بُو دُور کرنے کے لئے کینو کے چھلکے دھو کر خشک کر کے الماری میں رکھ دیے جائیں،تو کپڑوں کی بُو ختم ہو جائے گی اور ان سے خوشگوار خوشبو آئے گی۔اکثر خواتین باورچی خانے میں موجود کچرے کی ناگوار بُو سے بہت پریشان رہتی ہیں،انہیں چاہیے کہ وہ کچرے کی تھیلی میں کینو کے چند چھلکے ڈال دیں،تو بُو کا خاتمہ ہو جائے گا۔کینو کے چھلکوں میں قدرتی طور پر ایک ایسا کیمیائی جزو پایا جاتا ہے،جس سے مکھیاں،مچھر اور دیگر کیڑے دُور بھاگتے ہیں،لہٰذا گھر کے جس حصے میں مکھیاں اور مچھر زیادہ آتے ہوں،وہاں کینو کے چھلکے رکھ دیں،مکھیاں اور مچھر نہیں آئیں گے۔اکثر چولہوں پر چکنائی اور سالن وغیرہ کے داغ دھبے لگ جاتے ہیں،تو انہیں بھی کینو کے چھلکوں سے صاف کیا جا سکتا ہے۔

Browse More Ghiza Kay Zariay Mukhtalif Bemarion Ka Elaaj