Khubani - Vitamin A Se Bharpoor Phal - Article No. 2486

Khubani - Vitamin A Se Bharpoor Phal

خوبانی ․․․ وٹامن A سے بھرپور پھل - تحریر نمبر 2486

یہ غذائی دوا بھی ہے

جمعرات 7 جولائی 2022

راحت شہناز
یہ موسم گرما کا ایک لذیذ،شیریں تر اور مرغوب پھل ہے۔جیسے فارسی زبان میں لفظ ”خوباں“ حسین اور خوبصورتی کے معنوں میں استعمال ہوتا ہے اصل میں یہ پھل فارس میں پیدا ہوا اور ایران کے قرب و جوار میں بڑی جسامت والی خوبانی آج بھی شوق سے کھائی جاتی ہے۔ہمارے یہاں اس کا جام،جیلی،خوبانی کا میٹھا خاص طور پر کسٹرڈ کے ساتھ تیار کیا جاتا ہے۔
پاکستانی علاقوں ہنزہ اور آزاد کشمیر اس کے وطن ہیں جہاں سے پورے ملک میں خوبانی سپلائی ہوتی ہے۔
خوبانی کے طبی فوائد
دوران خون کی باقاعدگی سے جسم تندرست رہتا ہے۔امراض قلب سے محفوظ رہنے کے لئے موسم کے دیگر پھلوں کے ساتھ ساتھ خوبانی کھانا بھی مفید ہوتا ہے۔اگر کسی کا بلڈ پریشر کم ہوا ہو اسے بھی افاقہ ہوتا ہے۔

(جاری ہے)

خون کی روانی کے لئے خوبانی کی خاص صفت مانع تکسیدی ہونا ہے۔

یہ خون کے جوش کو کم کرنے والا پھل ہے۔خارش اور گرمی دانوں میں بھی اکسیر ہے۔
بواسیر خونی یا بادی مسے ہو جانے کی صورت میں یہ پھل کھانے سے جلن کم ہونے لگتی ہے۔ویسے تو یہ آم کا موسم ہے اور لوگ پھلوں کے اس بادشاہ کے استقبال کی کچھ اس لگن سے تیاری کرتے ہیں کہ پھر دن ہو یا رات آم ہی مختلف شکلوں میں کھاتے ہیں۔آپ ایک وقت خوبانی کے لئے بھی مخصوص کیجئے۔
یہ خون کی کمی بھی دور کرنے والا پھل ہے۔
اس میں قدرتی فولاد موجود ہے۔ماں بننے والی خواتین کو ناشتے میں بھی دو دانے خوبانی کے کھا لینے مفید ہوتے ہیں اور اگر فولاد کی کمی سے سانس رکتی ہو،نیند کا غلبہ رہتا ہو،درد سر اور تھکن رہتی ہو تو بھی خوبانی کھانے سے آرام ملتا ہے۔
35 گرام خوبانی میں شامل اجزاء
چکنائی 0.3 فیصد
نشاستہ 11.6 فیصد
کیلشیم 20 ملی گرام
فولاد 202 ملی گرام
کیلوریز 23 فیصد
پروٹین 1.0 فیصد
معدنیات 0.7 فیصد
فاسفورس 25 ملی گرام
وٹامن اے 3600 ملی گرام
وٹامن سی 6.0 ملی گرام
کورونا وائرس کے اس دور میں قوت مدافعت بڑھانے کی اہمیت مسلمہ ہے۔
آپ ادویات یعنی سپلیمنٹ کی شکل میں فولاد یا وٹامن C لیتے ہیں اور اگر اس کے ساتھ ساتھ چند دانے خوبانی کے بھی کھا لیں تو یہ قدرتی غذا آپ کو توانا رکھے گی۔
قبض کے دائمی مریضوں کو بھی ادویات کا استعمال کرنا پڑتا ہے۔اگر وہ چند دانے کھانے سے کچھ دیر پہلے خوبانی کھا لیں تو اس ام الامراض سے نجات مل جاتی ہے۔اس کا استعمال پیٹ کا بھاری پن اور گیس میں بھی افاقہ دیتا ہے۔
پیٹ کے کیڑوں اور جلن کے لئے خوبانی کے درخت کے پتوں کا استعمال کیا جاتا ہے۔ان پتوں کا جوشاندہ (قہوہ) تیار کرکے پینے سے یہ جلن ختم ہوتی ہے اور پیٹ کے کیڑے بھی نکل جاتے ہیں۔
ہائی بلڈ پریشر کے مریضوں کے لئے احتیاط بتائی جاتی ہے کہ وہ صرف چکھنے کی حد تک خوبانی کا استعمال کریں۔

Browse More Ghiza Kay Zariay Mukhtalif Bemarion Ka Elaaj