Khushk Mewa Jaat - Article No. 2387

Khushk Mewa Jaat

خشک میوہ جات - تحریر نمبر 2387

ہڈیوں کی مضبوطی،وزن میں کمی اور دیگر کئی امراض میں مفید ہے

جمعرات 3 مارچ 2022

سردیوں کی آمد کے ساتھ ہی بازاروں میں خشک میوہ جات کی شکل میں کئی سوغاتیں بھی نظر آنے لگی ہیں،غذائیت سے بھرپور خشک میوہ جات ذہنی اور جسمانی توانائی کا سبب بنتے ہیں۔ان میوہ جات میں بادام،پستہ،اخروٹ،کاجو،مونگ پھلی،چلغوزے،خوبانی،ناریل،کشمش،انجیر وغیرہ شامل ہیں۔خشک میوہ جات غذائیت سے بھرپور ہوتے ہیں جن کا استعمال نہ صرف دماغ کے لئے مفید ہے بلکہ یہ کینسر جیسے مہلک مرض کے خلاف بھی مدافعت بڑھاتے ہیں۔
ماہرین صحت کا کہنا ہے کہ روزانہ بیس گرام خشک میوہ جات (جن میں اخروٹ،ہیزل نٹ،اور مونگ پھلی وغیرہ شامل ہیں) کا استعمال کرنے سے امراض قلب اور کینسر کے خطرات میں کمی لائی جا سکتی ہے۔ایک تحقیق کے مطابق ایسے لوگ جو روزانہ بیس گرام خشک میوہ جات کا استعمال کرتے تھے (جو کہ ایک مٹھی کے برابر ہوتے ہیں) ان لوگوں میں دل کے امراض کے خطرات میں تیس فیصد تک کمی دیکھنے میں آئی جبکہ کینسر جیسے امراض کے خطرات میں پندرہ فیصد کمی دیکھنے میں آئی ہے۔

(جاری ہے)

تحقیق میں یہ بات بھی سامنے آئی کہ خشک میوہ جات استعمال کرنے سے وزن کم کرنا بھی آسان ہو جاتا ہے۔
بادام
یہ کیلشیم سے بھرپور ہوتا ہے دماغ،جگر اور آنتوں کے امراض کے لئے مفید ہے۔بادام اعصابی کمزوری اور گٹھیا کی بیماری میں بھی فائدہ مند بتایا جاتا ہے۔بادام کے تیل کو چہرے پر لگانے سے چہرہ تروتازہ رہتا ہے۔بادام اینٹی آکسیڈنٹس سے بھرپور میوہ ہے،جس میں گلوکوز کی مقدار نہ ہونے کے برابر ہے۔
بادام کے مغز میں بتیس سے چالیس فیصد تک روغنی اجزاء کے علاوہ غذائی پروٹین،آئرن،فاسفورس اور کیلشیم کی وافر مقدار موجود ہوتی ہے۔قدرت نے بادام میں وٹامن A،B اور E مہیا کیے ہیں،ایک سو گرام بادام کی غذائی صلاحیت 665 کیلوریز ہے۔یہ غذائی اجزاء جسم کو صحت مند اور خوبصورت بناتے ہیں۔بادام بیماریوں سے مدافعت پیدا کرنے کے علاوہ جلد کو خوبصورت، ہڈیوں کو مضبوط،نظر کی کمزوری اور نزلے زکام میں مفید ہیں۔
آسٹریلیا کے ماہرین صحت نے کہا ہے کہ بادام اور اخروٹ کا روزانہ استعمال ذیابیطس کے خطرے کو کم کرتا ہے۔
پستہ
پستے کا استعمال بھی صحت مند اور تندرست و توانا رکھنے میں مفید ہے۔پستہ اومیگا 3 فیٹی ایسڈ،کاپر،آئرن،میگنیشیم،زنک اور سیلینیم کے باعث بلڈ پریشر کنٹرول کرنے اور دل و دماغ کے لئے مفید ہے۔یہ حافظہ تیز اور جسم کو تندرست و توانا رکھتا ہے۔
پورے دن میں مٹھی بھر پستہ کھانے سے اینٹی آکسیڈنٹس،منرلز،وٹامنز اور پروٹین کی مطلوبہ مقدار حاصل کی جا سکتی ہے۔پستہ جسمانی وزن کو کم اور کولیسٹرول کو نارمل رکھتا ہے۔ اس کے علاوہ دل کے امراض کے لئے بھی مفید بتایا جاتا ہے۔
اخروٹ
کولیسٹرول کو کنٹرول میں رکھنے کے لئے اخروٹ کا استعمال مفید ہے۔اخروٹ میں موجود پروٹین،وٹامنز،منرلز اور فیٹس جسم میں کولیسٹرول لیول کو کم رکھنے میں مفید ہوتے ہیں۔
یہ قدرت کا عطا کردہ خشک میوہ اومیگا 3 فیٹی ایسڈ،اینٹی آکسیڈنٹس اور فائبر سے بھی بھرپور ہوتا ہے، جس کے سبب یہ دماغی افعال کی بہتری،کینسر اور معدے کے امراض میں مفید ہوتا ہے۔اخروٹ میں دیگر خشک میوہ جات کے مقابلے میں اینٹی آکسیڈنٹ بھی وافر مقدار میں پائے جاتے ہیں۔اس میں فولاد،کیلشیم،پوٹاشیم،پروٹین،زنک،فائبر،سوڈیم،سیلینیم اور میگنیشیم پایا جاتا ہے،جو شوگر،بلڈ پریشر اور حاملہ خواتین کے لئے فائدہ مند ہے۔
اخروٹ کے تیل کی مالش جوڑوں کے درد کے لئے مفید ہے۔
مونگ پھلی
سردیوں کے موسم میں ملنے والی سوغات مونگ پھلی اخروٹ کا متبادل تصور کی جاتی ہے مونگ پھلی دیگر میوہ جات کی نسبت سستے داموں دستیاب ہے۔ذیابیطس میں اس کا استعمال فائدہ مند ہے،طبی اعتبار سے یہ مقوی اعصاب ہے۔
انجیر
قدرت نے اس پھل میں کئی فوائد رکھے ہیں۔
ہاضمہ کی بہتری،گردہ اور مثانے کے امراض میں مفید اور چہرے کی رنگت کو صاف رکھتا ہے۔ معالج معدے میں تیزابیت،قبض،اور بواسیر کے مریضوں کو اس کے استعمال کا مشورہ دیتے ہیں۔
چلغوزہ
چلغوزہ پٹھوں کی مضبوطی،تقویتِ قلب اور مثانے میں پتھری کو ختم کرنے میں مفید ہے۔جسم کو طاقت مہیا کرتا ہے اور گردوں کے امراض میں مفید بتایا جاتا ہے۔

کشمش
انگوروں کے خشک پھل کو کشمش کہا جاتا ہے۔یہ آئرن،فائبر،پوٹاشیم اور میگنیشیم سے بھرپور اینٹی آکسیڈنٹ میوہ ہے۔اس کا روزانہ استعمال صحت کے لئے مفید ہے۔کشمش اینٹی ایجنگ ہونے کے سبب جھائیوں سے حفاظت،دوران خون میں بہتری لانے کے ساتھ دانتوں اور مسوڑھوں کی صحت کے لئے مفید ہے۔کاربوہائیڈریٹ ہونے کے سبب کشمش جسمانی توانائی بڑھاتی اور بے خوابی سے نجات دلاتی ہے۔
بلڈ پریشر کنٹرول کرنے میں بھی مفید ہے۔
کاجو
کاجو غذائیت سے بھرپور ایک خوش ذائقہ میوہ ہے۔کاجو میں میگنیشیم اور پوٹاشیم کی مقدار بہت زیادہ ہوتی ہے۔یہ وٹامن E اور وٹامن بی 6 کا بہترین ذریعہ ہے،کاجو کینسر سے بچاؤ،صحت مند قلب،مضبوط ہڈیوں اور خوشگوار نیند کیلئے مفید بتایا جاتا ہے۔اس کا استعمال بلڈ پریشر کا خطرہ کم کرتا اور ذیابیطس کے علاج میں بھی مفید بتایا جاتا ہے۔
کاجو کو مختلف سوئیٹ ڈشز اور مشروبات میں بھی استعمال کیا جاتا ہے۔ نہار منہ شہد کے ساتھ کاجو کا استعمال نسیان میں افاقہ کے لئے مفید بتایا جاتا ہے۔
کھجور
فائبر،پوٹاشیم،کاپر،مینگنیز،میگنیشیم اور وٹامن بی 6 جیسے اجزاء شامل ہوتے ہیں یہ کئی طبی فوائد کا باعث بنتے ہیں۔یہ اجزاء ہڈیوں کی مضبوطی، نظام ہاضمہ کی بہتری اور فالج سے بچاؤ کے لئے بھی مفید ہے۔

Browse More Ghiza Kay Zariay Mukhtalif Bemarion Ka Elaaj