Methi Ghiza Bhi Dawa Bhi - Article No. 2647

Methi Ghiza Bhi Dawa Bhi

میتھی غذا بھی،دوا بھی - تحریر نمبر 2647

میتھی کو ساگ کی صورت میں بھی استعمال کیا جاتا ہے اور خشک حالت میں بھی

پیر 20 فروری 2023

حکیم راحت نسیم سوہدروی
قدرت نے انسان کی غذائی اور دوائی ضروریات پوری کرنے کے لئے نباتات پیدا کیے ہیں،جن میں سے ایک میتھی بھی ہے۔تاریخ سے پتا چلتا ہے کہ میتھی کی غذائی اور دوائی افادیت کے باعث مصر اور روم کے لوگ بھی اس کا استعمال کرتے تھے۔برصغیر پاک و ہند میں میتھی بکثرت پائی جاتی ہے،مگر ہمارے یہاں قصور کی میتھی زیادہ مشہور ہے۔
میتھی کو ساگ کی صورت میں بھی استعمال کیا جاتا ہے اور خشک حالت میں بھی۔اس کے علاوہ میتھی دانہ،جو میتھی کے بیج ہیں،اچار اور دیگر مسالاجات سمیت مختلف طبی مسائل کے علاج کے لئے استعمال کیے جاتے ہیں۔میتھی متعدی امراض کا قدرتی علاج ہے۔
میتھی کی کاشت موسمِ سرما میں کی جاتی ہے۔اس میں پھول بھی لگتے ہیں،جو بعد ازاں پھلیاں بن جاتے ہیں،جن سے سرخی مائل زرد بیج نکلتے ہیں،جو خوشبو دار ہوتے ہیں۔

(جاری ہے)

اگر ان بیجوں کو پانی میں بھگو دیا جائے،تو لعاب بن جاتا ہے۔البتہ تازہ میتھی کی اتنی خوشبو نہیں ہوتی،مگر خشک ہونے پر خوشبو بڑھ جاتی ہے۔میتھی اور اس کے بیجوں کا مزاج گرم و خشک ہوتا ہے۔ماہرین طب نے میتھی دانے کو غذائیت کے ساتھ کئی مفید اجزاء کا مرکب قرار دیا ہے۔یہ قدرتی طور پر اینٹی الرجی ہیں اور کئی طب یونانی کی ادویہ کا اہم جزو بھی ہیں۔
100 گرام میتھی دانے کے کیمیائی تجزیے کے مطابق ان میں چکنائی 9 فیصد،سیچوریٹڈ فیٹ صفر،کولیسٹرول 60 ملی گرام،سوڈیم 770 ملی گرام،پوٹاشیم 55 گرام،کاربوہائیڈریٹس 25 گرام اور ڈائٹری فائبر 25 گرام پائے جاتے ہیں۔
فی الوقت ڈسٹ الرجی ایک عام عارضہ ہے،جس سے افاقے کے لئے میتھی دانے کا قہوہ کمال کی دوا ہے،کیونکہ یہ اینٹی الرجی خصوصیت رکھتا ہے۔
قہوے کے لئے آدھے گلاس پانی میں ایک چائے کا چمچ میتھی دانہ ڈال کر اُبال کر چھان لیں۔پھر اس میں حسب ضرورت شہد یا چینی مکس کر کے صبح و شام دو ہفتے تک نیم گرم پئیں۔میتھی دانہ بلغم بھی خارج کرتا ہے۔یہ بلغمی جھلیوں کے لئے مفید ہے۔متعدی امراض میں بھی میتھی دانے کا استعمال مفید ثابت ہوتا ہے،جس کے لئے روزانہ آدھا چمچ میتھی دانہ تازہ پانی سے پھانک لیا جائے۔
اگر شہد کے ساتھ استعمال کریں،تو افادیت بڑھ جاتی ہے۔جو افراد اعصابی کمزوری کا شکار ہوں،وہ ایک چائے کا چمچ میتھی دانہ تازہ پانی سے استعمال کریں۔بالوں کی خشکی دور کرنے کے لئے میتھی دانے کا جوشاندہ اکسیر ہے۔اس سے نہ صرف خشکی ختم ہو جاتی ہے،بلکہ بال گرنا بھی رُک جاتے ہیں۔آنکھوں میں جلن،خارش یا پانی بہتا ہو،تو میتھی دانے کے پانی کے قطرے ڈالنے سے فوری افاقہ ہو گا۔چہرے کی رنگت نکھارنے کے لئے میتھی دانے اور جو کے آٹے کا لیپ بنا کر چہرے پر لگا لیں۔ایام کی خرابی یا اندرونی ورم کی صورت میں میتھی دانے کا استعمال مفید ثابت ہوتا ہے۔میتھی کا تیل بھی اکسیر ہے۔یہ ورم تحلیل کرتا ہے اور خشکی کے خاتمے کے لئے بھی مفید ہے۔

Browse More Ghiza Kay Zariay Mukhtalif Bemarion Ka Elaaj