Persimmon - Mithas Se Bharpoor Mufeed Phal - Article No. 2697

Persimmon - Mithas Se Bharpoor Mufeed Phal

املوک ۔ مٹھاس سے بھرپور مفید پھل - تحریر نمبر 2697

صحت و توانائی کا بیش بہا خزانہ اپنے اندر سموئے میٹھے ریشے سے بھرپور گودے پر مشتمل یہ پھل غذائی اعتبار سے بچوں اور بڑوں کے لئے بہترین غذا ہے

جمعرات 4 مئی 2023

شاہانہ دلشاد
سرخ ٹماٹر کا ہم شکل ایک مزیدار پھل ”املوک“ (Persimmon) ہے جو نہایت خوش رنگ ہونے کے ساتھ ساتھ خوش ذائقہ بھی ہے۔یہ پھل بنیادی طور پر چین سے تعلق رکھتا ہے جہاں اسے ”مشرقی سیب“ کہا جاتا تھا یہاں سے یہ جاپان پہنچا جہاں آج بھی یہ نہایت مقبول پھل ہے اور پھر تقریباً پوری دنیا میں اس پھل کو جانا جانے لگا۔

”املوک“ کو بائیولوجیکل لحاظ سے ایک پھل نہیں سمجھا جاتا بلکہ اسے ٹماٹر سے مشابہہ بڑی بیری میں شمار کیا جاتا ہے۔یہ گہرے نارنجی رنگ کا پھل ہے جو دیکھنے میں ٹماٹر جیسا ہی لگتا ہے،اس کی کھال باریک ہوتی ہے جس کے اندر ہموار اور گاڑھا گودا ہوتا ہے جس کی رنگت زردی مائل پیلے رنگ سے گہرے نارنجی رنگ تک ہوتی ہے،اس کا رنگ اس بات پر بھی منحصر ہوتا ہے کہ یہ پھل کتنا پکا ہوا ہے۔

(جاری ہے)

ابتداء میں رنگت ہلکی جبکہ وقت کے ساتھ ساتھ گہری ہوتی جاتی ہے۔یہ گودا نرم اور کریمی ہوتا ہے جس کا ذائقہ نہایت میٹھا ہوتا ہے،جب یہ کچا ہوتا ہے تو اس کا ذائقہ تلخی مائل ہوتا ہے لیکن پکنے کے بعد بے حد شیریں ہو جاتا ہے لیکن اسے بہت زیادہ پکنے سے پہلے ہی کھا لینا چاہیے اس سے پہلے کہ یہ بالکل نرم ہو جائے۔اس میں ٹینین (Tannin) کی بڑی مقدار پائی جاتی ہے جو کہ چائے میں موجود ایک اہم جز ہے لیکن پھل میں اس جز کی موجودگی میٹھے رس کے ساتھ اتنی پُرتاثر نہیں رہتی جتنی کہ چائے میں ہوتی ہے۔

پکے ہوئے ”املوک“ کا ذائقہ مٹھاس سے بھرپور ہوتا ہے جو کہ بالکل شہد جیسا محسوس ہوتا ہے۔اس کی کچھ اقسام میں جب پھل بہت زیادہ پک جاتا ہے تو اس کے چھلکے کا رنگ براؤن سا ہونے لگتا ہے لیکن اس کا مطلب یہ نہیں ہوتا کہ وہ خراب ہو گیا ہے بلکہ اس کی وجہ یہ ہوتی ہے کہ اس میں قدرتی شکر کی مقدار میں اضافہ ہو گیا ہوتا ہے۔”املوک“ کی عام طور پر دو اقسام زیادہ دستیاب ہوتی ہیں،Astringent اور Non-Astringent پہلی قسم کے ”املوک“ میں جب وہ کچا ہوتا ہے تو ٹینین (Tannin) کی بڑی مقدار موجود ہوتی ہے جو کہ پھل کو ناقابل خوردنی بناتا ہے۔
جبکہ دوسری قسم میں سے ٹینین ضائع ہو جاتا ہے اور پھل کو کھایا جا سکتا ہے۔اس پھل کا سائز ایک چھوٹے کینو سے لے کر بڑے گریپ فروٹ تک ہو سکتا ہے۔یہ اس کی قسم پر بھی منحصر ہوتا ہے۔عموماً اس کا گودا رس دار نہیں ہوتا بلکہ گاڑھا ہوتا ہے البتہ آم کی طرح اس کے گودے کو میش کر کے رسیلا بنایا جا سکتا ہے جو کہ بے حد ذائقے دار اور ریشے سے بھرپور ہوتا ہے۔

غذائی خاصیت
”املوک“ غذائی اعتبار سے بھی ایک بہترین پھل ہے۔یہ اینٹی آکسیڈنٹ سے بھرپور ہونے کے ساتھ ساتھ ضد سوزشی اور اینٹی ہیموریجک (جو کہ ایسا ایجنٹ ہے جو خون کے بہاؤ کو روکتا ہے) پر بھی مشتمل ہے۔اس میں قدرتی طور پر اینٹی ٹیومر کمپاؤنڈ شامل ہوتے ہیں،بیٹاکیروٹین،لائکوپین‘لیوٹن‘Zeaxanthin اور Cryptoxanthin وہ اینٹی آکسیڈنٹ ہیں جو کہ کینسر سے بچاؤ میں مددگار ثابت ہوتے ہیں۔
اس کے علاوہ یہ وٹامنز A,B,C کے علاوہ اہم معدنیات کیلشیم‘پوٹاشیم‘آئرن‘مینگنیز‘فاسفورس اور کاپر سے بھی بھرپور ہے۔
وزن کم کرنے میں معاون
ایک درمیانے سائز کے ”املوک“ (جو کہ 168 گرام تک کا ہو) میں صرف 31 گرام نشاستہ پایا جاتا ہے جبکہ اس میں کسی بھی قسم کی چکنائی (Fat) نہ ہونے کے برابر ہے۔یہ دو خوبیاں اسے اسنیک کے طور پر آئیڈیل پھل بناتی ہیں ان افراد کے لئے جو اپنے اضافی پونڈز کم کرنا چاہتے ہیں اور اس کے لئے کوشش کر رہے ہوں،کیونکہ یہ وزن کم کرنے کے لئے نہایت مفید ہے۔
اس میں ریشے کی بڑی مقدار پائی جاتی ہے ڈائٹنگ کے دوران ایسے کھانے جو کہ ریشے سے بھرپور ہوں وزن گھٹانے میں اہم کردار ادا کرتے ہیں اسے کھانے کے بعد میٹھی اشیاء اور جنک فوڈ کھانے کی خواہش نہیں رہتی لہٰذا یہ آپ کے ڈائٹنگ پروگرام میں آپ کا مددگار ہو سکتا ہے کیونکہ یہ لو کیلوریز اور لو فیٹ پر مشتمل ایسا پھل ہے جو کہ فائبر سے بھرپور ہے۔
نظام انہضام کے لئے مفید
آپ کو یقینا یہ معلوم ہو گا کہ ریشہ (فائبر) صحت کے لئے کس قدر مفید ہے۔
فائبر سے بھرپور اس پھل کے روزانہ استعمال سے نظام انہضام سے متعلقہ امراض میں بے حد افاقہ ہوتا ہے۔یہ معدے اور آنتوں کو قوت بخشتا ہے اور اس کی کارکردگی کو بہتر بنانے کا باعث ہوتا ہے۔یہ پھل ریشے کی ایک بڑی مقدار فراہم کرتا ہے جو کہ ہاضمے کے عمل کو بہتر بنانے میں معاون ہوتا ہے۔
ذیابیطس کے مریضوں کے لئے بہترین
وہ افراد جو کہ ذیابیطس میں مبتلا ہوں اکثر اوقات کھانے کی شدید خواہش محسوس کرتے ہیں فائبر سے بھرپور یہ پھل ان اوقات میں کھانے کے لئے بہترین ہے یہ کچھ کھانے کی خواہش کو تسکین دیتے ہوئے بھوک کی شدت کو کم کرتا ہے اس کے ساتھ ہی یہ خون میں شوگر لیول کو نارمل رکھنے میں بھی معاون ہوتا ہے۔

بلڈ پریشر سے بچاؤ
سوڈیم روزمرہ خوراک میں شامل ہونا ضروری ہے لیکن یہ ہائپر ٹینشن کا باعث بھی ہو سکتا ہے۔”املوک“ کے پھل میں سوڈیم کی کم مقدار ہوتی ہے لہٰذا اسے ہائپر ٹینشن کے مریضوں کے لئے ایسی بیلنس ڈائٹ میں شامل کیا جا سکتا ہے جو کہ کم سوڈیم پر مشتمل ہو۔اگر ہائی بلڈ پریشر کے مریض ”املوک“ کے جوس میں ذرا سی مقدار میں نیم گرم پانی ملا کر دن میں ایک بار استعمال کریں تو یہ ان کے لئے مفید ثابت ہو گا۔
یہ ہائی بلڈ پریشر کے علاوہ اس سے ہونے والی پیچیدگیوں سے بچاؤ میں بھی فائدہ مند ہے۔
قوتِ مدافعت بڑھانے میں مددگار
یہ پھل وٹامن C کے حصول کا ایک بہترین ذریعہ ہے اگر آپ اپنی متوازن خوراک میں روزانہ کی بنیاد پر اس کا استعمال کریں تو یہ آپ کی قوت مدافعت کو بڑھانے میں معاون ہو گا۔قوت مدافعت بڑھنے کی وجہ سے ایک شیلڈ (ڈھال) کے طور پر یہ ہر طرح کے انفیکشن موسمی کھانسی‘فلو‘پھیپھڑوں کے انفیکشن کے علاوہ استھیما سے بچاؤ میں بھی معاون ہے۔

کینسر سے بچاؤ میں معاون
اینٹی آکسیڈنٹ سے بھرپور ہونے کی وجہ سے یہ پھل فری ریڈیکلز کی تخفیف میں معاون ہوتا ہے۔یہ فری ریڈیکلز خلیات کو تباہ کرنے کا باعث ہوتے ہیں جس کے باعث کینسر کا مرض لاحق ہو جاتا ہے۔یہ قدرتی طور پر ایسا فائدہ مند پھل ہے جو فری ریڈیکلز سے تحفظ فراہم کرتا ہے اس طرح یہ کینسر کا موجب بننے والی وجہ کا خاتمہ کرنے میں معاون ہوتا ہے۔
اس کے علاوہ فری ریڈیکلز صرف کینسر کے مرض کی ہی وجہ نہیں ہوتے بلکہ یہ جلد کے خلیات کو تباہ کرتے ہوئے جلد پر عمر کے اثرات کو تیزی سے مرتب کرتے ہیں اور جلد کو وقت سے پہلے ہی جھریوں زدہ کرنے کا باعث ہوتے ہیں لہٰذا اس کا استعمال جلد پر بڑھتی عمر کے تیزی سے ہونے والے اثرات کو کم کرتا ہے۔
امراض قلب میں مفید
املوک کا پھل دن میں ایک بار کھائیں اور امراض قلب سے بچیں۔
اس میں موجود اینٹی آکسیڈنٹ کمپاؤنڈ خون کی شریانوں کو بلاک ہونے سے بچاتے ہوئے ان کو لچکدار رکھتے ہوئے ان میں ہونے والی رکاوٹوں کو دور کرتا ہے۔اس کے علاوہ پولی فینول کی موجودگی کے باعث یہ پھل جسم میں موجود خراب کولیسٹرول کو کم کرنے میں بھی معاون ہوتا ہے۔
ڈائریا میں افاقہ
”املوک“ کے گودے کو پکائیں اور اس میں نرم ابلے ہوئے چاولوں کو مکس کر کے 2 قاشیں موسمبی کی شامل کریں اور اس طرح مکس کریں کہ وہ ہموار آمیزہ بن جائے پھر چولہے سے اُتار لیں۔
یہ خوراک ڈائریا کے مریض کو دن میں تین بار دیں اسے کھانے سے نہ صرف توانائی بحال ہو گی بلکہ مریض کی طبیعت میں بھی بہتری ہو گی۔یہ جگر کے لئے بھی فائدہ مند ہے اور اس کے افعال بہتر کرتے ہوئے پوری جسمانی کارکردگی کو بہتر کرتا ہے۔
توانائی سے بھرپور پھل
”املوک“ قدرتی توانائی کا بیش بہا خزانہ اپنے اندر سموئے ہوئے ہے یہ بچوں اور بڑوں کے لئے بہترین غذا ہے جو کہ نظام ہاضمہ پر بھی اچھے اثرات مرتب کرتا ہے۔
تازہ ”املوک“ 19.6 فیصد کاربوہائیڈریٹ‘فریکٹوز اور گلوکوز‘ 0.7 فیصد پروٹین وٹامنز‘پوٹاشیم‘کیلشیم‘آئرن‘میگنیشیم‘فاسفورس اور کاپر سے بھرپور ہے۔وٹامن A کی موجودگی کی وجہ سے یہ بصاررت کیلئے بھی مفید ہے۔یہ آنکھوں کو صحت مند رکھتے ہوئے بینائی پر اچھے اثرات مرتب کرتا ہے۔لیکن اس کا حد سے زیادہ استعمال نقصان کا باعث بھی ہو سکتا ہے اسے مناسب مقدار میں کھانا چاہیے اور اس بات کی احتیاط کریں کہ خالی پیٹ میں اسے کبھی بھی استعمال نہ کریں۔کیونکہ اس سے پیٹ درد کے علاوہ دوسری تکالیف اور ڈائریا بھی ہو سکتا ہے۔

Browse More Ghiza Kay Zariay Mukhtalif Bemarion Ka Elaaj