Phool Gobhi - Afadiyat Se Bharpoor Sabzi - Article No. 2518

Phool Gobhi - Afadiyat Se Bharpoor Sabzi

پھول گوبھی ۔ افادیت سے بھرپور سبزی - تحریر نمبر 2518

جو افراد اپنی غذاؤں میں سبزیوں کو شامل کر لیتے ہیں،اُن میں بیماریوں کے امکانات کافی کم ہو جاتے ہیں

جمعہ 19 اگست 2022

ساجد جاوید
سبزیاں اب دنیا بھر میں غذا کے علاوہ ضرورت بھی بن چکی ہیں۔جدید تحقیق کے مطابق جو افراد اپنی غذاؤں میں سبزیوں کو شامل کر لیتے ہیں،اُن میں بیماریوں کے امکانات کافی کم ہو جاتے ہیں۔سبزیوں میں معدنیات (منرلز) اور حیاتین (وٹامنز) کے علاوہ ایسے نمکیات کی بھی کافی مقدار ہوتی ہے،جو جسم کے لئے انتہائی ضروری ہے۔
سبزیوں میں بھی گوشت کی طرح مفید صحت غذائی اجزاء ہوتے ہیں،جو صحت و تندرستی کے لئے بہت ضروری ہیں۔
پھول گوبھی بھی ایک مشہور سبزی ہے۔اس کی تین قسمیں ہیں،لیکن اس کی وہی قسم بہتر سمجھی جاتی ہے،جو تازہ ہو،خوش رنگ ہو اور گٹھا ہوا پھول ہو۔یہ حیاتین (وٹامنز) سے بھرپور سبزی ہے۔یہ بہت خوش ذائقہ و مفید صحت سبزی ہے۔اس میں موجود حیاتین،کیلشیم،فولاد اور فاسفورس کی وافر مقدار نہ صرف بیماریوں سے بچاتی ہے،بلکہ توانائی میں بھی اضافہ کرتی ہے۔

(جاری ہے)


ماہرین صحت کے مطابق پھول گوبھی کے صحت بخش اجزاء سے مستفید ہونے کے لئے ہمیں اس کے ڈنٹھل اور پتوں کو نظر انداز نہیں کرنا چاہیے۔اسے تیل یا گھی میں پکانے کے بجائے بھاپ پر پکانے یا پانی میں اُبال کر کھانا چاہیے،کیونکہ ان طریقوں سے اس کے مفید صحت اجزاء ضائع نہیں ہوتے۔اسے سلاد کے طور پر بھی کھایا جا سکتا ہے،مزید مفید بنانے کے لئے اس کے اوپر زیتون کے تیل کی معمولی مقدار بھی ڈالی جا سکتی ہے۔

گوبھی کو اپنی روزانہ کی غذاؤں میں ضرور شامل کریں۔یہ مدافعتی قوت میں اضافہ کرتی ہے۔چھوٹی جسامت والی ایک گوبھی (ڈنٹھل اور پتوں سمیت) دو تین وقت کے کھانے کے لئے کافی ہوتی ہے۔پھول گوبھی غدئہ قدامیہ (پروسٹیٹ گلینڈ)،پھیپھڑوں اور جگر کے سرطانوں سے بچانے میں مدد کرتی ہے۔یہ وزن گھٹانے اور دل کے امراض سے محفوظ رکھنے میں بھی فائدہ مند ہے۔
اس میں ایسے غذائی اجزاء پائے جاتے ہیں،جو ہمارے خون کی رگوں میں نرمی اور لچک کو برقرار رکھتے ہیں اور دل کے لئے نقصان دہ کولیسٹرول کی مقدار کو بھی کم کرتے ہیں۔
جلد کی تازگی اور شادابی کے لئے بھی پھول گوبھی فائدہ مند ہے۔اس میں وہ ساری اہم و مفید حیاتین ہوتی ہیں،جو ہماری جلد کو نہ صرف کیلوں اور مہاسوں سے بچاتی ہیں،بلکہ جلد کے خلیات (سیلز) کو بھی صحت مند رکھتی ہیں۔
گوبھی میں ایسے قدرتی اجزاء بھی پائے جاتے ہیں،جو ہماری نظر کو بہتر کرتے ہیں۔اس میں شامل حیاتین ج،سلفر اور کچھ ایسے امینو ایسڈز بھی ہوتے ہیں،جو ہمارے جسم میں بننے والے زہریلے مادوں کے مضر صحت اثرات کو زائل کر دیتے ہیں۔اگر کوئی فرد اعصابی تناؤ یا ذہنی دباؤ میں مبتلا ہو تو اسے کچی گوبھی کھانی چاہیے،فائدہ ہو گا۔گوبھی ہڈیوں کو مضبوط بنانے اور دماغ کو تقویت دینے کے ساتھ حاملہ اور بچوں کو دودھ پلانے والی خواتین کے لئے بھی بہت فائدہ مند ہے۔
ماہرین صحت کے مطابق پھول گوبھی کی غذائیت برقرار رکھنے کے لئے اسے کسی بھی طریقے سے پکایا جا سکتا ہے،جس سے اس کی افادیت پر کوئی فرق نہیں پڑتا،البتہ اسے بہت زیادہ دیر تک پکانے سے اس کے صحت بخش اجزاء ضائع ہو جاتے ہیں۔
یہ معدے کے زخم (السر) کو بھی مندمل کرتی ہے۔ہائی بلڈ پریشر کو قابو میں کرنے میں بھی معاونت کرتی ہے۔اس میں چکنائی نہ ہونے کے برابر ہوتی ہے،لہٰذا اس کے کھانے سے وزن کم ہوتا ہے۔اس کے علاوہ یہ خون میں شکر کی سطح کو بھی گھٹا دیتی ہے۔اس میں ریشہ خوب ہوتا ہے،جو بھوک کو کم کرتا اور جسم کو دُبلا بناتا ہے۔
پھول گوبھی چونکہ دیر سے ہضم ہوتی ہے،اس لئے پیٹ کے امراض میں مبتلا افراد کو چاہیے کہ وہ اس میں ادرک شامل کرکے کھائیں۔

Browse More Ghiza Kay Zariay Mukhtalif Bemarion Ka Elaaj