Phool Gobhi - Ghizaiyat Se Bharpoor Sabzi - Article No. 2577

Phool Gobhi - Ghizaiyat Se Bharpoor Sabzi

پھول گوبھی ․․․ غذائیت سے بھرپور سبزی - تحریر نمبر 2577

اس کے ڈنٹھل اور پتے بھی مفید ہیں

ہفتہ 12 نومبر 2022

سائنس کہتی ہے کہ نباتاتی غذائیں استعمال کرنے سے بیماریوں کے امکانات کافی حد تک کم ہو سکتے ہیں پودوں یعنی سبزیوں کی صورت میں دستیاب ہونے والی غذاؤں میں وٹامنز اور معدنیات کے ساتھ ساتھ ایسے نمکیات کی بھی بڑی مقدار پائی جاتی ہے جو انسانی صحت کے لئے لازم و ملزوم ہوتے ہیں۔پھول گوبھی بھی ایسی ہی ایک مشہور سبزی ہے جس کی تین قسمیں ہیں لیکن اس کی وہی قسم بہتر ہے جو تازہ،خوش رنگ اور گٹھا ہوا پھول ہو۔
ماہرین صحت کے مطابق پھول گوبھی کے صحت بخش اجزاء سے مستفید ہونے کے لئے اس کے پتے اور ڈنٹھل بھی پکانے چاہئیں۔مشرقی گھرانوں میں گوبھی گوشت،آلو گوبھی،گوبھی کا اچار اور مکس سبزیاں پکانے کا رواج ہے جبکہ گوبھی کے پراٹھوں اور پکوڑوں میں گوبھی تلنے کی روایتیں بھی ملتی ہیں۔

(جاری ہے)


غذائی افادیت
اس سبزی میں کیلشیم،آئرن،فاسفورس کے ساتھ ساتھ وٹامن B،فائبر فولیٹ،Pantothenic Acid،وٹامن K اور C موجود ہیں۔

غرضیکہ انسانی ضروریات اور افادیت کے لحاظ سے یہ سبزی کارآمد ہے۔ہر کسی کو 3 فیصد فائبر روزانہ درکار ہوتے ہیں جو گوبھی کی شکل میں ہمیں مل سکتے ہیں۔فائبر ہمارے جسم میں صحت بخش بیکٹیریا پیدا کرتا ہے اور سوزش دور کرتا ہے۔یہ نظام ہاضمہ کو درست رکھتا ہے۔فائبر وزن بڑھنے سے روکتا اور دل کے امراض سے محفوظ رکھنے میں مدد دیتا ہے۔پھول گوبھی پروسٹیٹ گلینڈ،پھیپھڑوں اور جگر کے کینسر سے بچانے میں مدد دیتی ہے۔
یہ خون کی روانی بہتر بناتی ہے اور دل کے لئے نقصان دہ کولیسٹرول کی مقدار بھی کم کرتی ہے۔اس سبزی میں وٹامنز موجود ہیں ان کے ساتھ ساتھ Amino Acid اور سلفر مل کر جسم میں بننے والے زہریلے مادوں یعنی Free Radicals کے مضر اثرات کو زائل کر دیتے ہیں۔اگر کوئی فرد اعصابی تناؤ یا ذہنی دباؤ میں مبتلا ہو تو اسے بھاپ میں پکی ہوئی گوبھی کھانے سے افاقہ ہو سکتا ہے۔
سبزی کو گوشت میں پکانے سے گوشت معتدل اور متوازن غذا بنتا ہے اور اگر سبزی کو بہت دیر تک پکایا جائے تو یہ اپنی غذائیت کھو دیتی ہے چنانچہ جب گوشت گلنے کے قریب قریب ہو اسی وقت سبزی شامل کرکے ہنڈیا تیار کر لینی چاہئے۔معدے اور پیٹ کے امراض میں مبتلا افراد گوبھی پکاتے وقت ادرک اور سونٹھ کا استعمال بھی کریں تو یہ نہ تو بادی پن کرتی ہے اور نہ دیر سے ہضم ہوتی ہے۔
ایک کپ گوبھی یا 128 گرام تک کی سادہ گوبھی کے غذائی حقائق
کیلوریز 25 گرام
فائبر 3 گرام
وٹامن سی 77 فیصد
وٹامن11B6فیصد
فولیٹ 14 فیصد
پینٹوتھینک ایسڈ 7 فیصد
پوٹاشیم 9 فیصد
مینگنیز 8 فیصد
میگنیزئم 4 فیصد
فاسفورس 4 فیصد

Browse More Ghiza Kay Zariay Mukhtalif Bemarion Ka Elaaj