Salad Khaye Tandrust Rahe - Article No. 2502

Salad Khaye Tandrust Rahe

سلاد کھائے،تندرست رہے - تحریر نمبر 2502

سلاد نہ صرف کھانے کو جلد ہضم کرنے میں مدد دے گا بلکہ صحت کے لئے بھی مفید ہو گا

جمعہ 29 جولائی 2022

شمع ناز
یہ سچ ہے کہ گوشت جتنا بھی کھائیں مگر جو افادیت پھل اور سبزیوں کی ہے اُس کا مقابلہ کوئی چیز نہیں کر سکتی۔انسان صدیوں سے پھل اور سبزیاں کھاتا آ رہا ہے۔دو تین عشرے قبل تک ہمارے ہاں کھانے میں کچی اور پکی گاجر یا مولی،دھنیا،پودینہ،پیاز،لیموں اور کھیرے کا استعمال عام تھا۔پھر گوشت خوری یا مرغن غذائیں اور تلی ہوئی اشیاء کا رجحان اس خیال سے بڑھتا گیا کہ یہ نہایت مقوی غذائیں ہیں۔
ایسے لوگ بھی موجود ہیں جو گوشت کے بغیر کھانا نہیں کھاتے اور گوشت کو غذا کا لازمی اور ضروری حصہ خیال کرتے ہیں۔
مغرب والے جب مشینی زندگی کے اسیر ہوئے اور ہوٹلوں سے کھانے کا رواج زور پکڑا اور غذائی معلومات عام ہونے لگیں تو متوازن غذا کا تصور اُبھرا،وہاں پر سلاد کا رجحان عام ہوا۔

(جاری ہے)

ان کی دیکھا دیکھی ہمارے امیر طبقے نے بھی سلاد کا استعمال بطور فیشن شروع کر دیا مگر یہ عوامی سطح پر رواج نہیں پا سکا جس کی وجہ عوام کو غذاؤں کی معلومات نہ ہونا ہے۔

متوازن غذا سے مراد ایسی غذا ہے جو انسانی جسم کے لئے ضروری اجزاء حیاتین لحمیات،دودھ،دہی،گوشت،آٹے،نشاستہ،گندم کے آٹے،چاول اور آلو جبکہ نشاستہ دودھ دہی میں ہوتی ہیں۔کچی سبزیوں میں حیاتین اور ریشہ (فائبر) ہوتا ہے۔ترکاریاں پکانے پر ان کے حیاتین ضائع ہو جاتے ہیں اس لئے سبزیاں کچی ہی استعمال کی جائیں۔یہ بات تحقیقات کے نتیجے میں سامنے آ چکی ہے کہ گوشت،مرغن اور تلی ہوئی اشیاء کا زیادہ استعمال کوئی فائدہ نہیں دیتا بلکہ صحت کیلئے نقصان دہ ہے لہٰذا ہم غذائی ضروریات کیلئے پھلوں اور سبزیوں کو سلاد کی صورت اہمیت دیں اور غذا کا حصہ بنا لیں کیونکہ سلاد کے ذریعے ہم کچی سبزیوں کو لذیذ،خوش ذائقہ اور غذائی اجزاء سے بھرپور اشتہا انگیز بنا سکتے ہیں۔

سلاد نہ صرف کھانے کو جلد ہضم کرنے میں مدد دے گا بلکہ صحت کے لئے بھی مفید ہو گا۔سلاد میں ریشہ (فائبر) ہوتا ہے اس لئے یہ وزن نہیں بڑھاتا بلکہ جسم کی ضرورت حیاتین اور معدنی نمک پوری کرتا ہے۔سلاد قبض نہیں ہونے دیتا جبکہ گوشت اور مرغن غذاؤں کا زیادہ استعمال مضر صحت ہے کیونکہ ضرورت سے زیادہ حرارے (کیلوریز) اور چکنائی ملتی ہے وہ چربی کی صورت موٹاپے کا باعث بنتی ہے جو کئی امراض کا سبب ہے۔
سلاد میں موسم کی مناسبت سے ٹماٹر،پیاز یا لیموں،ہرا دھنیا،پودینہ،گاجر،چقندر،مولی،کھیرا،ادرک،بند گوبھی اور امرود وغیرہ اچھی طرح صاف کرکے باریک کاٹ کر پلیٹ میں لگا کر لیموں،کالی مرچ وغیرہ چھڑک کر کھانے کے ساتھ کھایا جائے۔
ٹماٹر:
ٹماٹر میں موجود کیلشیم ہڈیوں اور مسوڑھوں کے لئے قدرتی ٹانک کا درجہ رکھتا ہے۔
قبض دور کرتا ہے۔کالی مرچ و نمک کا چھڑکاؤ کرکے کھائیں تو پیٹ کے کیڑے دور کرتا ہے۔قدرتی فولاد کا خزانہ ہے خون کی کمی دور کرتا ہے۔
پیاز:
پیاز بھوک لگاتا اور ہاضمے میں مدد دیتا ہے۔قبض دور کرتا اور قے روکتا ہے،پیشاب آور ہے جگر اور تلی کیلئے مفید ہے،اس کی بدبو دور کرنے کیلئے پانی میں دھو کر استعمال کریں۔
لیموں:
کھانے کے ہاضمے میں مدد دیتا ہے پیٹ کے امراض کو دور کرتا اور بھوک لگاتا ہے۔
حیاتین وٹامن سی کا قدرتی خزانہ ہے۔کچے پیاز پر لیموں نچوڑ کر نہ صرف پیاز کی بو ختم کرتا ہے بلکہ بہت سے فوائد حاصل کر سکتے ہیں۔
کھیرا:
پیشاب آور ہے۔گرمی کم کرتا ہے اس کے اثرات زائل کرتا ہے بخار اور یرقان میں مفید ہے۔جسم میں حرارت ختم کرتا ہے۔
سبز دھنیا:
جسم کی حرارت کم کرکے سکون دیتا ہے۔
نمک کے ساتھ اس کا استعمال ہاضم ہے۔دماغی کمزوری اور پیشاب کی جلن میں مفید ہے،وٹامن اے کی کمی پوری کرتا ہے۔
پودینہ:
خوش ذائقہ اور ہاضم ہے۔بھوک لگاتا ہے،معدہ اور جگر کی اصلاح کرتا ہے۔اس کی خوش ذائقہ چٹنی قے روکتی ہے اور جسم سے فاسد مادے خارج کرتا ہے۔
امرود:
دل و دماغ اور معدے کو طاقت دیتا اور قبض دور کرتا ہے۔پیاس کی شدت کم کرکے خون صاف کرتا ہے۔جلدی امراض میں مفید ہے،اسے کھانے سے قبل استعمال کرنا چاہئے۔

Browse More Ghiza Kay Zariay Mukhtalif Bemarion Ka Elaaj