Sharifa - Article No. 2350

Sharifa

شریفہ - تحریر نمبر 2350

ذیابیطس،دل کے امراض،PCOS،جلدی مسائل اور نظامِ ہاضمہ میں مفید

پیر 17 جنوری 2022

شیریں اور لذت دار پھل شریفے میں قدرت نے میگنیشیم کی کثیر مقدار بھر دی ہے۔شریفہ جوڑوں سے تیزابیت خارج کرنے میں مدد کرتا ہے اور آرتھرائیٹس اور گٹھیا کے مرض کو لاحق ہونے سے روکتا ہے۔شریفہ پٹھوں کو مضبوطی فراہم کرنے میں کلیدی و موثر کردار ادا کرتا ہے۔ شریفے میں مناسب مقدار میں کیلشیم بھی موجود ہوتا ہے۔جو ہماری ہڈیوں کے لئے نہایت اہم و ضروری غذائی جز ہے۔
شریفے میں صحت کے لئے فائبر کی بھرپور مقدار موجود ہے جو جسم میں شوگر کے جذب کرنے کے عمل کو سست کر دیتا ہے اور ذیابیطس کی دوسری قسم کے رسک کو گھٹا دیتا ہے۔شریفے میں سوڈیم اور پوٹاشیم کی شرح مقدار توازن میں پائی جاتی ہے۔اس لئے یہ جسم میں خون کے بہاؤ اور دباؤ کو قابو میں رکھنے کی صلاحیت رکھتا ہے۔

(جاری ہے)

شریفے میں موجود میگنیشیم کی وافر مقدار دل کی شریانوں،وریدوں اور والوں کو کھولنے اور پٹھوں کو مضبوطی فراہم کرنے میں اہم کردار ادا کرتی ہے۔

یہ ہارٹ اٹیک اور ہارٹ اسٹروک سے بچانے میں بھی معاونت کرتا ہے۔شریفے میں موجود نیاسن اور فائبر خراب کولیسٹرول کو جسم سے کم کرکے صحت بخش کولیسٹرول کو بڑھا دیتا ہے۔یہ پھل جسم میں خون کے لوتھڑوں کو جمنے سے روکنے میں مدد کرتا ہے اور دل کی صحت و تندرستی کے لئے محافظ کا درجہ رکھتا ہے۔
شریفہ لذت و ذائقے کے اعتبار سے بہت مقبول و معروف پھل ہے ہی قدرت نے اس منفرد و مزیدار پھل میں بے پناہ غذائیت بخش اجزاء کی خصوصیات بھی سمودی ہیں۔
یہ پھل متعدد قسم کے ضروری غذائی اجزاء کا بہترین ذریعہ ہے۔شریفہ میں وٹامن سی،وٹامن اے اور وٹامن B6 کی خصوصیات وافر مقدار میں موجود ہوتی ہیں۔اس وجہ سے اس کو وٹامن کا اسٹور ہاؤس بھی کہا جاتا ہے۔اس میں روزانہ غذائی معیار کے مطابق تقریباً چالیس فیصد وٹامن سی موجود ہوتا ہے۔شریفے کی اجزائے ترکیبی میں منرلز جیسے کہ پوٹاشیم،میگنیشیم،فاسفورس،سوڈیم اور کوپر کی اچھی خاصی تعداد موجود ہوتی ہے۔
اس کے علاوہ شریفہ میں زود ہاضم فائبر (ریشے) کی خوبیاں بھی پائی جاتی ہیں۔شریفے میں موجود غذائی اجزاء ہماری صحت کے لئے نہایت مفید موثر ہیں۔شریفہ ذیابیطس،آرتھرائیٹس،خون و دل کے امراض،سوزش اور PCOS کے علاوہ کئی امراض میں مفید بتایا جاتا ہے۔
مدافعتی نظام کو بہتر بنائے:
شریفہ قدرتی اینٹی آکسیڈنٹ وٹامن سی کا بہترین ذریعہ ہے۔
یہ وٹامن نہ صرف نہایت اعلیٰ قدرتی اینٹی آکسیڈنٹ کا کردار ادا کرتا ہے بلکہ اس میں دافع سوزش اور مدافعتی نظام کو تقویت بخشنے کی خصوصیات بھی موجود ہوتی ہیں۔اپنی غذائی روٹین میں کریمی مزے کا حامل یہ پھل شامل کرکے ہم مختلف قسم کے انفیکشن کے باعث بیمار ہونے سے محفوظ رہ سکتے ہیں۔
شریفہ کھائے وزن بڑھائے:
وہ خواتین و حضرات جو دُبلے پن میں مبتلا ہیں اور اپنا وزن بڑھانا چاہتے ہیں۔
ایسے افراد کے لئے شریفہ آئیڈیل ڈیزرٹ یا اسنیک کا درجہ رکھتا ہے۔یہ پھل کیلوریز سے بھرا ہوا ہوتا ہے۔شریفہ بھوک میں بھی اضافہ کرتا ہے۔
قدرتی اینٹی کینسر خصوصیات:
شریفے میں موجود غذائی اجزاء Acetogenin اور Alkaloids وافر مقدار میں موجود ہوتے ہیں جو کینسر کے خدشے اور بینائی چلے جانے کے خطرے کو کم کرنے میں معاون ہیں۔
ذہنی صحت بہترین بنائے:
شریفہ وٹامن بی کمپلیکس کا بہترین ذریعہ ہے جو دماغ میں کیمیائی شرح کو کنٹرول کرنے میں کلیدی کردار ادا کرتے ہیں۔
ذہنی کھنچاؤ،دباؤ، اُلجھن و پریشانی،چڑچڑے پن اور ڈپریشن کو کم کرنے میں مدد کرتا ہے۔یہ ادھیڑ عمری میں یا نشے کے عادی فرد کو ہونے والا مرض رعشہ سے بھی محفوظ رکھتا ہے۔سو گرام شریفے کے پھل میں تقریباً 0.6 گرام وٹامن B6 پایا جاتا ہے۔
دانتوں کو مضبوط بنائے:
شریفے کے پھل اور گودے کی طرح اس کے چھلکے میں بھی بے پناہ فوائد چھپے ہیں۔
اس شفاء بخش اور نہایت فائدے مند پھل کا چھلکا دانتوں اور مسوڑھوں کی تکالیف کے خلاف لڑتا ہے اور ان سے نجات دلانے میں معاون ہے۔شریفہ میں موجود غذائی اجزاء دانتوں کو مضبوطی و تندرستی فراہم کرتے ہیں۔
نظام انہضام کو تقویت پہنچائے:
یہ نرم و ملائم اور مزے دار ذائقے کا حامل پھل بگڑے ہوئے نظام ہضم کو درست کرنے میں موثر کردار ادا کرتا ہے۔
یہ آنتوں کے ذریعے معدے میں موجود زہریلے مادوں کو خارج کرنے میں مدد کرتا ہے۔بول کے نظام کو درست کرنے میں معاون ہے۔یہ معدے سے ملحقہ دیگر امراض مثلاً سینے کی جلن،السر،گیس اور تیزایت سے بچانے میں بھی اہم کردار ادا کرتا ہے۔کچے شریفے کو سکھا کر اس کو موٹا موٹا پیس کر ہیضے اور پیچش کے مرض میں دیا جاتا ہے۔ایک درمیانے سائز کے شریفے میں چھ گرام زود ہضم ریشہ کی مقدار ہوتی ہے جو نوے فیصد روزانہ کی مقرر کردہ غذائی روٹین کی مقدار کو پورا کرتا ہے۔

بینائی کو بہتر بنائے:
شریفے کی اجزائے ترکیبی میں ریبو فلاون اور وٹامن سی کی خصوصیات وافر مقدار موجود ہوتی ہیں۔جو جسم میں موجود فری ریڈیکلز کے باعث ہونے والی خرابیوں کو ہونے سے روکتے ہیں۔شریفے میں موجود ریبو فلاون بینائی کے لئے نہایت پُراثر اور بہترین غذائی جز قرار دیا جاتا ہے۔بینائی کو تیز کرنے کے لئے شریفے کا استعمال مفید بتایا جاتا ہے۔

جلد کو خوبصورت و جواں بنائے:
شریفے میں وٹامن اے اور سی کثیر تعداد میں موجود ہیں جو جلد،آنکھوں اور بالوں کی اچھی نشوونما و نگہداشت کے لئے فائدہ مند پھل ہے۔ اس میں موجود اینٹی آکسیڈنٹ کی صلاحیت جلد کو تروتازہ رکھنے میں موثر ہے۔اس کے مستقل استعمال سے جلد پر جھریاں اور باریک لکیریں بھی قبل از وقت واضح نہیں ہوتی ہیں۔
یہ خواتین کے لئے بہت کارآمد مفید پھل ہے۔خواتین میں پھیلنے والے مرض پولی سسٹک اوریز سنڈروم (PCOS)،موٹاپا،ماہواری کی بے قاعدگی،چہرے یا جسم پر بالوں کا بڑھ جانا اور بے اولادی اور شدید ڈپریشن جیسے مسائل کا سبب بنتا ہے۔ماہرین کے مطابق پی سی او میں خواتین شدید کے لئے شریفہ بہت مفید ہے۔
شریفے کے مضر اثرات:
شریفے کا مزاج سرد ہوتا ہے۔
اسے سردی کے موسم میں زیادہ مقدار میں کھانے سے گریز کرنا چاہیے ورنہ یہ بیمار بھی کر سکتا ہے۔شریفے کو اعتدال کے ساتھ اور مناسب مقدار میں کھانا چاہیے۔
شریفے کے بیجوں میں زہریلا مادہ ہوتا ہے لہٰذا بیج کو کھانے میں استعمال نہ کیا جائے۔
اس نرم و ملائم مکھن کی مانند گودے کے حامل پھل میں شوگر یعنی مٹھاس بڑی تعداد میں پائی جاتی ہے لہٰذا ذیابیطس کے مریضوں کو شریفہ ڈاکٹر کی ہدایت کے مطابق کم مقدار میں استعمال کرنا چاہیے۔

Browse More Ghiza Kay Zariay Mukhtalif Bemarion Ka Elaaj