Shimla Mirch - Article No. 2702

Shimla Mirch

شملہ مرچ - تحریر نمبر 2702

تیکھی نہیں پھر بھی کہلاتی ہے مرچ

جمعرات 11 مئی 2023

سمیعہ جلیس
مرچوں کے نام کے ساتھ ہی دماغ میں تیزی اور تلملاہٹ کا تصور آتا ہے مگر مرچ کے خاندان کی رکن شملہ مرچ چونکہ اپنے ذائقہ میں کم تیزی رکھتی ہے اس لئے کچھ علاقوں میں یہ سویٹ پیپر کے نام سے بھی پہچانی جاتی ہے۔
شملہ مرچ سبز کے علاوہ زرد عنابی،نارنجی اور لال رنگ میں بھی پائی جاتی ہے اور کھانوں میں لذت کے ساتھ خوش رنگی بھی بڑھانے میں مددگار ہوتی ہے۔
غذائیت کے اعتبار سے شملہ مرچ میں وٹامن C اور اینٹی آکسیڈنٹس کی مقدار خاصی ہوتی ہے۔سبز کے مقابلے میں سرخ شملہ مرچ میں دگنی مقدار میں موجود ہوتے ہیں۔100g شملہ مرچ میں تقریباً K.Cal 20 (کیلوری) ہوتی ہے۔
دیگر اجزاء میں کاربوہائیڈریٹس،فائبر،بیٹاکیروٹین کے علاوہ وٹامن B کمپلیکس،وٹامن E,K اور C موجود ہوتا ہے۔

(جاری ہے)


جبکہ معدنیات میں یہ انسانی جسم میں کیلشیم،آئرن،میگنیزیم،میگنیز،پوٹاشیم اور زنک کی کمی دور کرنے کے لئے مددگار غذا ہے۔

اس لئے اسے غذا میں شامل کر کے صحت بخش کھانے بنائے جاتے ہیں۔
چائنیز کھانے دنیا میں صحت بخش،متوازن،خوش ذائقہ اور خوش رنگ مانے جاتے ہیں اور ان میں ان رنگ برنگی مرچوں کا استعمال ان کی غذائیت اور جاذبیت کو بڑھانے میں معاون ہوتا ہے۔دنیا بھر میں سب سے زیادہ کاشت چین میں کی جاتی ہے جبکہ ان کا اصل وطن (Mexico) میکسیکو کو مانا جاتا ہے جہاں سے یہ تمام دنیا میں پھیلی ہے۔
معتدل آب و ہوا میں اس کی کاشت دنیا کے ہر حصے میں کی جاتی ہے۔چونکہ ان میں پانی کی مقدار کچھ زیادہ ہوتی ہے اس لئے ان کو زیادہ عرصہ اسٹور نہیں کیا جا سکتا ہے۔اس لئے تازہ بہ تازہ استعمال کیجئے اور ان میں موجود غذائیت سے فائدہ اٹھائیں کیونکہ ان کے خوبصورت رنگوں کی وجہ سے جو لوگ سبزیاں کھانے سے رغبت نہیں بھی رکھتے ہیں ان کو کھانے کے لئے متوجہ ضرور ہوتے ہیں۔

بیٹاکیروٹین ایسا اینٹی آکسیڈنٹ ہے جو جسم کے کیمیائی عمل سے متاثر ہو کر وٹامن A کی شکل میں ظاہر ہوتا ہے۔مثال کے طور پر اگر ہم گوشت اور انڈے کبھی نہیں کھاتے تو شملہ مرچ ان غذاؤں کی کمی کو پورا کرتی ہے۔
ہری شملہ مرچ میں سٹرس فروٹس اور عام سرخ مرچوں کے برابر مقدار میں وٹامن C ہوتا ہے یہ دونوں غذائیں بھی بیٹاکیروٹین کا اہم ذریعہ ہیں۔

بائیو فلاوونائڈز قدرتی ذخیرہ
ان مرچوں میں بائیو فلاوونائڈز یعنی سٹرس فروٹس کے اجزاء شامل ہیں جو فری ریڈیکلز کو کینسر کی افزائش سے روکتے ہیں۔ان مرچوں کا رنگ سبز ہو،سرخ یا زرد یہ تلخ نہیں ہوتیں۔ان کا بیرونی حصہ Waxy ہوتا ہے جو اسے ہضم کرنے میں وقت لیتا ہے تاہم ان مرچوں کی شیلف لائف قدرے طویل ہوتی ہے۔
گرل کریں یا چھلکے سمیت پکائیں
سلاد کے طور پر کھائیں یا اطالوی میکسیکن،کانٹی نینٹل اور چائنیز کے علاوہ قیمے میں بطور سالن پکائیں مگر خیال رہے کہ ان کا رنگ زردی مائل یا سیاہ نہیں پڑنا چاہئے اگر آپ نے زیادہ دیر تک انہیں بھون لیا یا پکا لیا تو آدھی غذائیت جاتی رہے گی۔

Browse More Ghiza Kay Zariay Mukhtalif Bemarion Ka Elaaj