Singhara - Article No. 2791

Singhara

سنگھاڑا - تحریر نمبر 2791

صحت کی خوبیوں سے مالا مال پھل

بدھ 6 دسمبر 2023

آمنہ ماہم
سنگھاڑا جسے واٹر کیلٹرپس کے نام سے بھی جانا جاتا ہے،ایک تازگی بخش پھل ہے جو زیادہ تر سردیوں میں دستیاب ہوتا ہے۔ان کی کاشت ایشیائی خطے میں کیچڑ اور دلدلی زمینوں میں کی جاتی ہے۔ان کی ساخت بیل یا اُڑنے والے چمگادڑ کے سر سے ملتی جلتی ہے۔یہ پھل رسیلا اور کھانے میں تازگی بخش ہوتا ہے۔یہ زیادہ تر پھل کے طور پر کچا کھایا جاتا ہے یا کئی پکوانوں میں استعمال ہوتا ہے۔
اس کے تازہ ذائقے کے علاوہ ،یہ مختلف غذائی اجزاء جیسے فائبر،مینگنیز،وٹامن بی 6 اور کاپر سے بھرپور ہوتا ہے،جو اسے صحت کے لئے فائدہ مند بناتا ہے۔اس میں کئی اینٹی آکسیڈنٹس ہوتے ہیں جو مختلف قسم کی شدید بیماریوں کا خطرہ کم کر سکتے ہیں۔یہ اینٹی آکسیڈینٹ،آکسیڈیٹیو تناؤ سے لڑنے میں جسم کی مدد کر سکتے ہیں،جو مختلف قسم کی شدید بیماریوں سے منسلک ہوتے ہیں۔

(جاری ہے)

اس میں پانی کی مناسب مقدار ہوتی ہے۔اس کے استعمال سے جسم میں پانی کی کمی نہیں ہوتی اور جلد ہائیڈریٹ رہتی ہے۔اس کے استعمال سے جلد پہ خشکی نہیں ہوتی۔اس میں پائے جانے والے اینٹی آکسیڈنٹس جلد کی بیماری ایکزیما کے علاج میں بھی مددگار ثابت ہوتے ہیں۔ایکزیما کا علاج لیموں کے رس اور اس کے پاؤڈر کو ملا کر جلد پر لگانے سے کیا جا سکتا ہے۔یہ بالوں کی خوبصورتی کو بھی بڑھاتے ہیں،کیونکہ اس میں وٹامن بی،وٹامن ای زنک اور دیگر غذائی اجزاء مناسب مقدار میں پائے جاتے ہیں۔
اس کا ریشہ آپ کو بلڈ شوگر کی صحت مند سطح کو برقرار رکھنے میں بھی مدد دے سکتا ہے۔زیادہ فائبر والی غذائیں اس بات کو یقینی بناتی ہیں کہ آپ کا جسم آہستہ آہستہ نشاستے جذب کرتا ہے۔اس سے بلڈ شوگر میں اضافے سے بچنے میں مدد ملتی ہے،اس کا گلائیسیمک انڈیکس 54 سے کم ہوتا ہے۔ہائی بلڈ پریشر دل کی بیماری کا خطرہ بڑھاتا ہے لیکن یہ بلڈ پریشر کو کم کرنے میں کافی حد تک مدد کر سکتا ہے۔
چونکہ اس میں پوٹاشیم کی مقدار زیادہ ہوتی ہے،یہ سوڈیم کے اثر کا مقابلہ کرتا ہے اور بلڈ پریشر کو کم کرتا ہے۔اور یہ دل کے لئے موزوں خوراک بھی ہے۔اس میں پوٹاشیم زیادہ ہوتا ہے۔پوٹاشیم سے بھرپور غذا دل کی بیماری کے خطرے کم کرتی ہے،جیسے کہ ہائی بلڈ پریشر اور فالج وغیرہ شامل ہیں۔ان تمام فوائد کے باوجود،کچھ احتیاطیں بھی ضروری ہیں۔کیونکہ یہ نظام ہضم پر منحصر ہوتا ہے،ایک صحت مند شخص روزانہ 10 سے 15 گرام سنگھاڑا کھا سکتا ہے۔ضرورت سے زیادہ اپھارہ یا پیٹ میں درد کا سبب بن سکتا ہے۔

Browse More Ghiza Kay Zariay Mukhtalif Bemarion Ka Elaaj