Tomato - Article No. 2415

Tomato

ٹماٹر - تحریر نمبر 2415

ایک پھل،ایک ترکاری

بدھ 13 اپریل 2022

خرم خان
ٹماٹر ایک مفید پھل ہے،جو ترکاری کے طور پر استعمال کیا جاتا ہے۔اسے انگریزی میں Tomato اور عربی میں تماتم کہتے ہیں۔پکا ہوا ٹماٹر سرخ ہوتا ہے اور یہی زیادہ استعمال ہوتا ہے۔سرخ ٹماٹر کچا بھی کھایا جاتا ہے۔آسانی سے دستیاب ہونے والے مفید پھلوں میں اس کا جواب نہیں۔پہلے یہ صرف جنوبی امریکا کے ملک پیرو میں پایا جاتا تھا۔
بہت عرصے تک وہاں کے لوگ اسے زہریلا پھل سمجھ کر استعمال نہیں کرتے تھے۔19 ویں صدی میں امریکا اور یورپ کے لوگ اسے شوق سے کھانے لگے۔اب تو دنیا بھر میں اس کی کاشت ہوتی ہے اور ہر جگہ اور ہر موسم میں آسانی سے مل جاتا ہے۔دوسرے رس دار پھلوں کی طرح اس کا بھی رس نکال کر پیا جاتا ہے۔اس میں غذائی اجزاء کافی مقدار میں ہوتے ہیں۔

(جاری ہے)

کمزور نونہالوں کو پابندی سے ٹماٹر کھانا چاہیے۔

اس سے جسم میں خون پیدا ہوتا ہے اور بیماریوں سے لڑنے کی طاقت پیدا ہوتی ہے۔صبح ناشتے سے پہلے ایک ٹماٹر کھا لینا مفید ہے۔کچا ٹماٹر کھانے سے پہلے اچھی طرح دھونا چاہیے۔
غذاؤں میں حیاتین (وٹامنز) کی اہمیت سے کسی کو انکار نہیں ہے۔ٹماٹر میں وٹامن اے،بی اور سی وافر مقدار میں ہوتے ہیں جو ہمارے جسم کی طاقت اور ہڈیوں کی مضبوطی کے لئے ضروری ہیں۔
اس کے علاوہ ٹماٹر میں معدنی نمکیات اور فولاد بھی خوب ہوتا ہے۔اسی سے جسم میں خون پیدا ہوتا ہے۔ٹماٹر بھوک بھی لگاتا ہے اور کھانا ہضم بھی کرتا ہے۔چونکہ آنتوں کے فعل کو درست رکھتا ہے،اس لئے قبض کی شکایت بھی نہیں رہتی۔ٹماٹر سے چہرے اور آنکھوں کی زردی بھی دور ہوتی ہے۔زیادہ موٹاپا بھی کم ہوتا ہے۔ٹماٹر دانتوں کی حفاظت بھی کرتا ہے۔ٹماٹر سے قوتِ مدافعت بڑھتی ہے۔
یہ کینسر کی روک تھام بھی کرتا ہے۔سلاد بناتے وقت ٹماٹر کو نہیں بھولنا چاہیے۔ٹماٹر کی چٹنی بھی نہایت لذیذ ہوتی ہے اور بہت سارے ملکوں میں کھائی جاتی ہے،خاص طور پر حیدرآبادی چٹنی کا تو جواب ہی نہیں ہے۔ٹماٹر میں چونکہ فولاد کی مقدار زیادہ ہے،اس لئے پتھری والے مریضوں کو ٹماٹر استعمال نہیں کرنا چاہیے۔اس میں ترشی (کھٹا پن) بھی ہے،اس لئے نزلہ زکام اور کھانسی میں احتیاط کرنی چاہیے۔

فریج میں ٹماٹر کو پلاسٹک کے شاپر میں رکھنے کے بجائے کاغذ کے لفافے میں رکھیں تو وہ زیادہ دیر تک تازہ رہتا ہے۔ٹماٹر کا چھلکا ہضم نہیں ہوتا،اس لئے سالن میں ڈالنے سے پہلے ٹماٹر کو ہلکی آنچ پہنچا کر چھلکا گرم کر لیں۔گرم ہو کر چھلکا پھٹ جائے گا۔اب ہاتھ سے اسے الگ کر دیں۔
اب آپ کو ٹماٹر کے لذیذ سوپ کی ترکیب بتاتے ہیں۔ایک برتن میں تیس گرام مکھن درمیانی آنچ پر پگھلا لیں اور اس میں پیاز دو عدد اور آدھا چائے کا چمچہ پسا ہوا لہسن ڈال کر ایک منٹ تک پکائیں اور چمچہ برابر چلاتے رہیں۔
پانچ منٹ بعد پہلے سے تیار شدہ مرغی کی یخنی تقریباً ڈیڑھ پاؤ (375 ملی لیٹر) ڈال دیں اور مزید پانچ منٹ تک پکائیں۔اب بلینڈر میں ڈال کر اچھی طرح ملا کر ایک پیالے میں اُنڈیل لیں۔ٹھنڈا ہو جائے تو ایک کھانے کا چمچہ لیموں کا رس،کم چکنائی والا آدھا پاؤ دہی اور چوتھائی چائے کا چمچہ پسی ہوئی کالی مرچ شامل کر لیں اور اوپر سے کٹا ہوا ہرا دھنیا چھڑک کر شروع کریں۔

Browse More Ghiza Kay Zariay Mukhtalif Bemarion Ka Elaaj