Zeera - Ghiza Bhi Dawa Bhi - Article No. 2400

Zeera - Ghiza Bhi Dawa Bhi

زیرہ ۔ غذا بھی،دوا بھی - تحریر نمبر 2400

سیاہ اور سفید دونوں زیرے نہ صرف کھانوں کی لذت اور ذائقے میں اضافہ کرتے ہیں،بلکہ طبی لحاظ سے بھی اہمیت و افادیت کے حامل ہیں

جمعہ 18 مارچ 2022

حکیم راحت نسیم سوہدروی
زیرے کو مسالوں میں ایک خاص مقام حاصل ہے،لیکن بہت کم افراد جانتے ہیں کہ یہ کئی طبی فوائد کا حامل بھی ہے۔زیرے کی تاریخ 5000 برس پرانی ہے۔چھٹی صدی عیسوی میں تو ایران میں محصولات کا لین دین زیرہ بھرے تھیلوں کے ذریعے ہوتا تھا۔کہا جاتا ہے کہ ایرانی بادشاہ خسرو نے ایک دن اپنی اہلیہ،یعنی ملکہ کو محصولات کا 10 فیصد حصہ زیورات کی خریداری کے لئے دیا۔
ملکہ نے جب تھیلے کھولے تو یہ دیکھ کر حیران رہ گئی کہ ان میں زیرہ بھرا ہوا تھا۔جب اُس نے وجہ دریافت کی تو بادشاہ نے بتایا کہ زیرے کے یہ تھیلے سونے سے بھی زیادہ قیمتی ہیں،اس لئے کہ زیرے کو کئی امراض دُور کرنے کے لئے بہ طور دوا بھی کھایا جاتا ہے،جس پر ملکہ نے تائید کرتے ہوئے کہا:”بادشاہ سلامت!آپ سچ کہتے ہیں،اس لئے کہ دعوتوں میں روغنی اور چٹ پٹے کھانے کھانے سے جب پیٹ خراب ہو جاتا ہے تو زیرہ کھانے سے مرض جاتا رہتا ہے۔

(جاری ہے)


زیرے میں لحمیات(پروٹینز)،نشاستہ(کاربوہائیڈریٹ)،کیلشیم،فاسفورس،فولاد،میگنیزیئم،سوڈیم اور حیاتین (وٹامنز) پائے جاتے ہیں۔جدید سائنسی تحقیق نے زیرے کا تیل کئی جراثیم کے خلاف موثر قرار دیا ہے،جب کہ یہ تیل ریاح اور قبض کشا ادویہ میں بھی شامل کیا جاتا ہے۔نیز زیرے کو ادویہ کے بد مزہ ذائقے اور بُو ختم کرنے کے علاوہ ٹوتھ پیسٹ،ماؤتھ واش،عطر اور آرایشِ حسن کی مصنوعات میں بھی ڈالا جاتا ہے۔
زیرے کی دو اقسام ہوتی ہیں،یعنی سفید اور سیاہ۔یہ سونف کے بیج کی ماند ہی ہوتا ہے،مگر حجم میں قدرے چھوٹا اور ذائقے میں تھوڑا سا ترش ہوتا ہے۔
سیاہ زیرہ
سیاہ زیرہ عام طور پر گرم مسالے اور چورن وغیرہ میں استعمال کیا جاتا ہے۔یہ ریاح اور ورم کو تحلیل کرتا ہے۔نیز بلغم اور معدے کی رطوبت ختم کرنے کے لئے بھی اکسیر ہے۔
یہ پیشاب آور ہے۔جن خواتین کو ایام کی کمی کی شکایت ہو،زیرہ اُن کے لئے بھی مفید ثابت ہوتا ہے۔اس کے علاوہ یہ چہرے کی رنگت کو بھی نکھارتا ہے۔ریاح کی شکایت کی صورت میں کھانا کھانے کے بعد ایک گرام سیاہ زیرہ پانی کے ساتھ کھا لیں،شکایت دُور ہو جائے گی۔اسی طرح معدے اور جگر کی طاقت کے لئے لونگ اور سیاہ زیرہ ایک ایک گرام لے کر باریک پیس لیں اور سالن میں شامل کرکے کھائیں۔

سفید زیرہ
سفید زیرہ معدے اور جگر کے لئے بہت فائدہ مند ہے۔ریاح،ورم اور بلغم سے نجات دلاتا ہے۔دودھ پلانے والی ماؤں کے لئے زیرہ اس لئے مفید ہے کہ اس کے کھانے سے دودھ کی کمی کی شکایت جاتی رہتی ہے۔سفید زیرہ موٹاپے اور صفرے (Bile) کو دُور کرتا ہے کھانوں کی لذت بڑھانے،خاص طور پر چاولوں کو خوشبودار بنانے میں اس کا کوئی ثانی نہیں۔
اس کے علاوہ لکنت کے مرض کے لئے ایک تولہ سفید زیرے کا سفوف تین گرام شہد میں ملا کر چند روز تک زبان پر ملیں،فائدہ ہو گا۔اگر لیموں کے رس میں سفید زیرہ شامل کرکے کھایا جائے تو متلی کی کیفیت سے چھٹکارا مل جاتا ہے۔غرض سیاہ اور سفید دونوں زیرے نہ صرف کھانوں کی لذت اور ذائقے میں اضافہ کرتے ہیں،بلکہ طبی لحاظ سے بھی اہمیت و افادیت کے حامل ہیں۔

Browse More Ghiza Kay Zariay Mukhtalif Bemarion Ka Elaaj