Alsar - Article No. 1869

Alsar

السر - تحریر نمبر 1869

السر معدے ،غذائی نالی یا چھوٹی آنت کے کسی بھی حصے میں ہونے والا وہ زخم ہوتا ہے جس میں گلنے سڑنے کا عمل شروع ہو چکا ہو ۔

منگل 9 جون 2020

السر معدے ،غذائی نالی یا چھوٹی آنت کے کسی بھی حصے میں ہونے والا وہ زخم ہوتا ہے جس میں گلنے سڑنے کا عمل شروع ہو چکا ہو ۔یہ زخم عموماً عین معدے کے اندر اور بارہ انکشتی آنت (Duodenum) میں ہوتا ہے ۔یہ حصہ زیادہ تر معدے کی تیزابی رطوبتوں کی وجہ سے گلنے سڑنے لگتا ہے ۔معدے کے بیج میں ہونے والے زخم کو گیسٹرک السر اور بارہ انگشتی آنت کے زخم کو ڈیوڈینل السر کہا جاتا ہے ۔
ان دونوں کو مجموعی نام ”پیپٹک السر“ دیا گیا ہے۔
غذا کے ہضم کرنے میں ہمارے نظام انہضام کے مختلف تیزاب بہت اہم کردار سر انجام دیتے ہیں ۔یہ قدرتی طور پر جسم میں پیدا ہوتے ہیں لیکن ان تیزابیوں کے ساتھ ساتھ تیزابی اثرات سے بچاؤ کے لئے سوڈا بائی کارب (الکلی) بھی پیدا ہوتا ہے، اس طرح ان تیزابوں اور ہضم کے نظام میں توازن بر قرار رہتا ہے ۔

(جاری ہے)

غذائی بے اعتدالی ،کھانے میں مرچ مصالحوں کی زیادتی ،مرغن کھانے ،ادویات ،ذہنی تناؤ، غصہ ،قبض کی شکایت وغیرہ تیزاب اور الکلی کا جسم میں موجود قدرتی تو ان بگاڑ دیتی ہیں اور یوں السر کا عارضہ جنم لینے لگتا ہے۔
پیپٹک السر کی علامات یہ ہیں کہ معدے کے وسطی بالائی حصے میں شدید اور چبھنے والا درد ہوتا ہے اس میں ٹیس بھی اٹھتی ہے ۔گیسٹرک السر کا درد عموماً کھانا کھانے کے ایک گھنٹے کے بعد ہوتا ہے لیکن کبھی کبھار رات کو بھی ہو جاتا ہے ۔
جبکہ ڈیوڈینل السر کھانا کھانے کے کافی دیر بعد اس وقت شروع ہوتا ہے جب معدہ تقریباً خالی ہو ۔کھانا کھانے بالخصوص ٹھنڈا دودھ پینے سے اس درد کی شدت میں کمی آجاتی ہے ۔یہ بیماری جوں جوں بڑھتی ہے معدہ زیادہ ریح پیدا ہوجانے کی وجہ سے پھولتا جاتا ہے ۔ساتھ ساتھ ذہنی کھنچاؤ بڑھتا ہے ،بے خوابی اور جسمانی کمزوری بھی پیدا ہونے لگتی ہے ۔بعض اوقات شدید قبض ہو جاتا ہے اور کبھی کبھی اجابت کے ساتھ خون بھی آتا ہے ۔
اگر السر سے آہستہ آہستہ خون اجابت کے راستے آنے لگے تو جسم میں خون کی قلت (Anemia) ہو جاتی ہے۔
پیپٹک السر، اس تیزابیت کا نتیجہ ہوتا ہے جو معدے میں ہائیڈرو کلورک ایسڈ (نمک کے تیزاب) کی مقدار بڑھ جانے کی وجہ سے پیدا ہوتی ہے ۔یہ بڑا سخت تیزاب ہے جو معدے کے ساتھ لگی ہوئی جھلی کے خلیات سے نکلتا ہے ۔یہ تیزاب معدے میں داخل ہونے والی غذا کے بعض اجزاء پر اثر انداز ہوتا ہے ۔
بعض اوقات یہ معدے اور بارہ انگشتی آنت کی جھلی تک کو کھا جاتا ہے ۔تیزاب پہلے معدے کی دیوار میں سوزش پیدا کرتا ہے اور بعد ازاں السر کی شکل اختیار کر جا تا ہے ۔
السر کے علاج میں غذا کو بہت اہمیت حاصل ہے اس لئے غذا کا انتخاب اور اس کے استعمال میں اس امر کی پوری احتیاط ہونی چاہیے کہ زخمی اعضا کو حسب ضرورت آرام مل سکے ۔تیزابیت معدہ کا ازالہ ہوتا رہے اور اس میں مزید تیزاب پیدا نہ ہو۔
ہر قسم کی سوزش میں کمی واقع ہو۔
پیپٹک السر کے لئے کیلا مفید ہے ۔کیلے میں اس مرض پر قابو پانے کی قدرتی طاقت پائی جاتی ہے ۔کیلا معدے کی جھلی پر ایک تہہ جما دیتا ہے جو یہاں کی رطوبتوں کی تیزابیت کو معتدل بنا دیتی ہے اور سوزش کو کم کر دیتی ہے۔کیلا اور دودھ ان مریضوں کے لئے بھی مفید غذا ہے جن کا السر بہت بگڑ چکا ہو ۔بادام اور دودھ کو بلینڈر کے ذریعے ملا کر بنایا گیا شیک بھی تیزاب کی زیادتی کو بڑی عمدگی سے کم کر دیتا ہے۔
بکری کا کچا دودھ ،بندگوبھی ابال کر اس کا پانی پینا، بالخصوص گاجر اور بندگوبھی کا جوس پینا بھی ان مریضوں کے لئے مفید ہے ۔صرف گاجر کا جوس بھی پیا جا سکتا ہے ۔اگر اسے پالک، چقندر اور کھیرے کے جوس میں ملا کر پیا جائے تو مزید موثر ہو جاتا ہے ۔اس کے دو قسم کے مکسچر ہوتے ہیں ،پہلا یہ کہ 300ملی لیٹرگاجر کے جوس میں 200ملی لیٹر پالک کا جوس ملا لیا جائے اور دوسرا یہ ہے کہ300ملی لیٹر گاجر کے جوس میں چقندر اور کھیرے کے جوس تین تین اونس ملا لیے جائیں۔

احتیاط
السر کے مریض کو کھانے پینے کے سلسلے میں چند امور اچھی طرح ذہن نشین کر لینے چاہئیں۔ تھکاوٹ اور ذہنی پریشانی کی حالت میں کھانا ہر گز نہیں کھانا چاہیے ۔خواہ کھانے کا مقررہ وقت ہو چکا ہو لیکن جب تک بھوک نہ لگے اس وقت تک کھانے کے قریب بھی نہیں جانا چاہیے ۔کھانا نہ تو انتہائی ٹھنڈا کھایا جائے اور نہ ہی انتہائی گرم کھانا چاہیے ۔
کھاتے وقت ہر نوالے کو خوب چبا چبا کر کھانا چاہیے ۔السر کے مریض کو ہر روز پانی کے دس گلاس پینے چاہئیں تاہم کھانے کے دوران پانی نہیں پینا چاہیے ۔پانی کھانے سے آدھے گھنٹے پہلے یا کھانے کے ایک گھنٹے بعد پیا جائے۔
ورزش
روزانہ گہرے سانس لینے کی ورزش کو عادت بنا لیجیے۔ اپنے آپ کو پریشانیوں سے دور رکھنے اور ہشاش بشاش رکھنے کی بھی کوشش کیجیے ۔کھانے پینے ، آرام کرنے ،ورزش کرنے اور دیگر مصروفیات کے اوقات میں باقاعدگی پیدا کیجیے۔

Browse More Healthart