Bimariyon Se Bachna Chahte Hain To Khoon Atiya Karen - Article No. 2734

Bimariyon Se Bachna Chahte Hain To Khoon Atiya Karen

بیماریوں سے بچنا چاہتے ہیں تو خون عطیہ کریں - تحریر نمبر 2734

باقاعدگی سے خون عطیہ کرنا کینسر سمیت بے شمار بیماریوں سے بچا سکتا ہے اور جسم میں پنپنے والے مختلف امراض سے بھی قبل از وقت آگاہی مل سکتی ہے

منگل 27 جون 2023

شمع عنصر
باقاعدگی سے خون عطیہ کرنا کینسر سمیت بے شمار بیماریوں سے بچا سکتا ہے اور جسم میں پنپنے والے مختلف امراض سے بھی قبل از وقت آگاہی مل سکتی ہے۔عالمی ادارہ صحت کے تحت دنیا بھر میں ہر سال جون میں خون کے عطیات دینے کا دن منایا جاتا ہے تاکہ لوگوں میں خون عطیہ کرنے کا مثبت رجحان بڑھے۔اس دن کو منانے کا فیصلہ اقوام متحدہ کے ادارہ برائے صحت نے 2005ء میں 58 ویں ہیلتھ اسمبلی کے موقع پر کیا جس کا مقصد محفوظ انتقال خون کو یقینی بنانا تھا۔

یہ دن کارل لینڈ سٹینر کی سالگرہ (14 جون 1868ء) سے بھی منسوب ہے جنہوں نے ”اے بی او بلڈ گروپ سسٹم“ ایجاد کیا تھا جس کی مدد سے آج بھی خون انتہائی محفوظ طریقے سے منتقل کیا جاتا ہے۔
عالمی ادارہ صحت کے مطابق دنیا بھر میں سالانہ 10 کروڑ سے زائد افراد خون کا عطیہ دیتے ہیں۔

(جاری ہے)

ماہرین کا کہنا ہے خون عطیہ کرنے سے انسان تندرست اور بے شمار بیماریوں سے محفوظ رہتا ہے۔


ماہرین کے مطابق خون کا عطیہ دینے سے کینسر کا خطرہ کم ہوتا ہے،خون کی روانی میں بہتری آتی ہے،دل کے امراض لاحق ہونے کا خطرہ کم ہوتا ہے اور فاضل کیلوریز جسم سے زائل ہوتی ہیں۔
خون کا عطیہ دنیا بھر کے ان تھیلیسیمیا مریضوں کے لئے بھی زندگی کی نوید ہے جنہیں ہر کچھ عرصے بعد خون کی ضرورت ہوتی ہے۔ایک محتاط اندازے کے مطابق دنیا بھر میں ہر 10 ہزار میں سے 4 سے 5 بچے تھیلیسیمیا میجر یا مائنر کا شکار ہوتے ہیں۔

خون کا عطیہ دینے کا سب سے اہم فائدہ یہ ہے کہ عطیہ کنندہ کے خون کی باقاعدگی سے جانچ مفت ہوتی رہتی ہے اور دیگر افراد کی نسبت اسے مہلک بیماریوں اور ان سے بچاؤ کے بارے میں آگاہی ملتی رہتی ہے۔
خون کا عطیہ دیتے ہوئے مندرجہ ذیل ہدایات کو یاد رکھنا چاہئے۔خون کا عطیہ 16 سے 60 سال تک کی عمر کے افراد دے سکتے ہیں۔خون کا عطیہ دینے سے پہلے وافر مقدار میں پانی پینا ازحد ضروری ہے۔

عطیہ دینے سے قبل مناسب ناشتہ لازمی کیجئے تاکہ آپ کے خون میں شوگر کا تناسب برقرار رہے۔خون کا عطیہ دینے سے 24 گھنٹے قبل احتیاطاً سگریٹ نوشی ترک کر دیں۔اگر آپ باقاعدگی سے خون کا عطیہ دیتے ہیں تو اپنی مقررہ تاریخ سے 2 ہفتے قبل اپنی خوراک میں آئرن کی حامل اشیاء کا اضافہ کر دیں جن میں انڈے،گوشت،پالک وغیرہ شامل ہیں۔خون دینے سے 24 گھنٹے قبل فربہ کرنے والی غذائیں خصوصاً فاسٹ فوڈ کھانے سے گریز کریں۔
اگر خون دینے کے دوران آپ کو ہاتھوں یا پیروں میں سردی محسوس ہو تو فوری کمبل طلب کر لیں۔خون عطیہ کرنے کے بعد چند منٹ بستر پر لیٹے رہیں اور اس دوران ہلکی غذا یا جوس لیں،عموماً یہ اشیاء ادارے کی جانب سے فراہم کی جاتی ہیں۔خون کا عطیہ دینے کے بعد پہلی خوراک بھرپور لیں جس میں پروٹین کی مقدار زیادہ ہو،عموماً مرغی یا گائے کا گوشت اس سلسلے میں بہترین ہے۔
خون کا عطیہ دینے کے بعد کم سے کم 3 گھنٹے تک سگریٹ نوشی سے پرہیز کریں۔کم سے کم ایک دن تک بھاری وزن اُٹھانے اور ایکسرسائز سے گریز کریں۔

Browse More Healthart