Cigarette Noshi Tark Karne Ka Faisla Kareen - Article No. 1873

Cigarette Noshi Tark Karne Ka Faisla Kareen

سگریٹ نوشی ترک کرنے کا فیصلہ کریں - تحریر نمبر 1873

دنیا میں ہر سال 70لاکھ افراد صرف تمباکو نوشی کی عادت کے سبب جہان فانی سے کوچ کر جاتے ہیں۔

جمعہ 12 جون 2020

فاروق احمد انصاری
سگریٹ نوشی کے نقصانات سے سبھی واقف ہیں،یہاں تک کہ سگریٹ نوشی کرنے والے افراد بھی۔تاہم ،وہ پیکٹ پر بنی ہدایات اور کینسر والی تصاویر کو نظر انداز کرکے سگریٹ نوشی کرتے رہتے ہیں اور شاید جانتے نہیں کہ دنیا میں ہر سال 70لاکھ افراد صرف تمباکو نوشی کی عادت کے سبب جہان فانی سے کوچ کر جاتے ہیں۔
اس میں صرف عادی سگریٹ نوش ہی شامل نہیں بلکہ وہ افراد بھی شامل ہیں جو کسی اور کے سگریٹ پینے کی وجہ سے متاثر ہوتے ہیں۔اگر لوگوں میں تمباکو نوشی کی عادت یونہی برقرار رہی تو 2030ء تک ہر سال اس علت کے باعث مرنے والوں کی تعداد سالانہ 80لاکھ سے زائد ہو جائے گی۔
اگر آپ تمباکو نوشی کرتے ہیں یا آپ کے گھر کا کوئی فرد اس عادت کو اپنائے ہوئے ہے تو اس سے جان چھڑانا کوئی خاص مشکل نہیں ہے۔

(جاری ہے)

عمومی طور پر دیکھا جاتا ہے کہ جو لوگ اس عادت میں مبتلا ہیں ،وہ اس کی طلب کی شدت کو برداشت نہیں کر پاتے لیکن اگر ایک بار وہ پکا ارادہ کرلیں تو خود ارادی ہی انھیں اس عفریت سے آئندہ بھی بچا سکتی ہے۔لوگ یہ بھی سوچتے ہیں کہ سگریٹ چھوڑنے سے کیا ہوگا؟ پھیپھڑوں کو صاف ہونے میں کتنا عرصہ لگے گا؟تو اس کا جواب یہ ہے کہ اگر آپ سگریٹ نوشی ترک کریں گے تو آہستہ آہستہ آپ کے اندر جو تبدیلیاں رونما ہوں گی، وہ آپ خود بھی محسوس کریں گے اور اپنے فیصلے کی داد دیں گے۔
یہ تبدیلیاں کچھ یوں ہوتی ہیں:
20منٹ بعد
آپ کے بلڈ پریشر اور نبض کی رفتار معمول پر آجاتی ہے اور آپ کے ہاتھوں اور پیروں کا درجہ حرارت نارمل ہو جاتا ہے۔
8گھنٹے بعد
آٹھ گھنٹے بعد آپ کے خون میں نکوٹین اور کاربن مونو آکسائیڈ کی مقدار نصف سے کم ہو جاتی ہے۔ دل کی بیماری بڑھانے میں نکوٹین ہی سب سے زیادہ کام کرتا ہے جبکہ کاربن مونو آکسائیڈ آپ کے خون میں موجود آکسیجن کو استعمال کر سکتا ہے اور اس سے صحت کے مزید مسائل پیدا ہو سکتے ہیں۔
اس وجہ سے آپ کو سگریٹ کی جلد طلب ہوتی ہے،لیکن اگر آپ اپنے فیصلے پر ڈٹے رہیں تو یہ وقت بھی گزر جاتا ہے۔
24گھنٹے بعد
وہ لوگ جو ایک پیکٹ روزانہ پیتے ہیں ان کو ہارٹ اٹیک کا خطرہ سگریٹ نہ پینے والوں کے مقابلے میں دگنا ہوتاہے۔اسی لئے اگر آپ نے سارا دن ایک بھی سگریٹ نہیں پی تو یہ خطرہ خود بخود کم ہونے لگتا ہے۔اس مختصر سے وقت میں بھی آپ کے اندر آکسیجن کی سطح بڑھ جاتی ہے ،اور آپ کے لئے جسمانی سرگرمیاں اور ایکسر سائز کرنا پہلے سے زیادہ آسان ہو جاتاہے۔

48گھنٹے بعد
اگر آپ کو سگریٹ نوشی ترک کیے دو دن ہو چکے ہیں تو کوئی بھی چاکلیٹ یا کیک کھا کر اس کا جشن منائیں۔آپ خود محسوس کریں گے کہ آپ کے سونگھنے کی حس اور زبان کا ذائقہ پہلے سے بڑھ چکا ہے اور آپ اپنے اعصاب کو بہتر ہوتا محسوس کر رہے ہیں۔اس دوران آپ کے اندر بھی کافی حد تک صفائی ہو چکی ہو گی ۔سگریٹ پینے کے سبب آپ کے پھیپھڑوں پر موجود دھوئیں کی گندگی اور بلغم کی صفائی شروع ہو چکی ہو گی ۔
آپ کے جسم میں موجود نکوٹین بھی غائب ہونے لگے گا۔
72گھنٹے بعد
تین دن بعد آپ کے پھیپھڑوں کافی حد صاف ہو جائیں گے۔آپ کو سانس لینے میں پہلے زیادہ آسانی محسوس ہوگی ،جس کے نتیجے میں آپ اپنے اندر زیادہ توانائی محسوس کریں گے۔
ایک ہفتے بعد
جب آپ ایک ہفتے کا سنگ میل عبور کرلیں گے تو آپ کے اندر سگریٹ نوشی ترک کرنے کی طاقت 9گنا تک بڑھ چکی ہوگی،یعنی آپ نے اگر ایک ہفتہ گزار لیا تو امید ہے کہ اب آپ ساری زندگی سگریٹ کو ہاتھ نہیں لگائیں گے۔

2ہفتے بعد
دو ہفتے بعد آپ محسوس کریں گے کہ آپ اب زیادہ آسانی سے سانس لے رہے ہیں اور صحت یابی کی طرف مائل اپنے پھیپھڑوں کا شکریہ ادا کریں گے ،جس کی وجہ آپ کے جسم میں آکسیجن وافر مقدار میں داخل ہو رہی ہے اور دوران خون بہتر ہو رہا ہے۔
ایک ماہ بعد
آپ اپنے اندر پہلے سے زیادہ توانائی محسوس کریں گے۔
آپ سگریٹ نوشی کی وجہ سے ہونے والی علامات وعوارض میں نمایاں کمی محسوس کریں گے جیسے کہ سینے میں جکڑن اور ایکسر سائز کرتے وقت سانس لینے میں مشکل وغیرہ۔
3ماہ بعد
اگلے تین مہینوں میں آپ کا دوران خون بہتر سے بہتر ہوتا چلا جا تا ہے ،اسی لئے آپ کی جسمانی حالت بھی بہتر ہوتی چلی جاتی ہے ۔سگریٹ نوشی ترک کرنے والی حاملہ خواتین میں پری میچورڈ لیوری کا خطرہ بھی کم ہو سکتا ہے۔

6ماہ بعد
چھ ماہ بعد آپ محسوس کریں گے کہ آپ اسٹریس والی اس صورتحال سے بھی با آسانی باہر نکلنے کے قابل ہو جائیں گے ،جس کیلئے پہلے آپ سگریٹ کا سہارا لیتے تھے۔آپ کو کھانسی اور بلغم کم آنے لگتی ہے اور پھیپھڑوں میں ہونے والی انفلیمیشن میں کمی ہونے لگتی ہے۔
ایک سال بعد
ایک سال میں پھیپھڑے بہت اچھی طرح کام کرنے لگتے ہیں۔
صحت بہتر کرنے کے ساتھ ساتھ آپ سگریٹ کی خریداری کیلئے استعمال ہونے والا خرچہ بھی کافی حد تک بچا چکے ہیں۔
3سال بعد
تین سال بغیر سگریٹ کے گزارنے پر آپ کو ہارٹ اٹیک کا خطرہ سگریٹ نہ پینے والے جتنا ہو جاتا ہے۔
5سال بعد
آپ کے ہارٹ اٹیک کا خطرہ 50فیصد کم ہو چکا ہوتا ہے ،ساتھ ہی منہ ،حلق ،معدے اور مثانے کے کینسر کا خطرہ بھی نصف رہ جا تا ہے۔

10سال بعد
پھیپھڑوں کی وجہ سے موت کا شکار ہونے کی شرح سگریٹ نہ پینے والے جتنی ہو چکی ہوتی ہے ۔کینسر پیدا ہونے یا بڑھنے کا خطرہ بھی 30سے 50فیصد تک کم ہو جاتا ہے ۔کینسر سے متاثر ہونے والے خلیے بھی صحت مند خلیوں سے تبدیل ہو جاتے ہیں۔
15سال بعد
آپ بالکل عام انسان کی طرح ہو جاتے ہیں اور خود کو سگریٹ سے وابستہ تمام بیماریوں جیسے ہارٹ اٹیک یا پھیپھڑے کے کینسر وغیرہ سے محفوظ بنا لیتے ہیں اور ایک صحت مند زندگی گزارنے کی جانب رواں دوراں رہتے ہیں۔

Browse More Healthart