Dard Sar Yeh Bhi Tu Hai - Article No. 1792

Dard Sar Yeh Bhi Tu Hai

درد سر یہ بھی تو ہے - تحریر نمبر 1792

دنیا بھر میں ایک ارب افراد اس مرض میں مبتلا ہیں

ہفتہ 25 جنوری 2020

ڈاکٹر محمد آصف سلیم
سر کو ہونے والے درد کو درد سر یا سر درد کہتے ہیں۔کبھی کبھی گردن یا پیٹھ کے اوپر ہونے والا درد بھی سر درد میں شمار ہوتاہے۔سردرد سب سے زیادہ ہونے والی تکلیف ہے۔عام طور پر سر درد کی کوئی سنجیدہ وجہ نہیں ہوتی۔لیکن کبھی کبھار سر درد مہلک بیماریوں کا بھی سبب ہو سکتاہے۔اس مرض میں سر کے اعضاء میں درد اور الم ہوتاہے اور مریض مضطرب وپریشان ہو جاتاہے۔
حالیہ دنوں میں پاکستان نیورو سائنسز نے انکشاف کیا ہے کہ دنیا بھر میں ایک ارب افراد سر کے درد میں مبتلا ہیں جبکہ پاکستان میں ساڑھے 4 کروڑ افراد اس مرض میں مبتلا ہیں۔جدیدتحقیق کے مطابق سر درد (میگرین)کی شکایت کی بنیادی وجوہات میں نا اہل اور نالائق افراد کا پروفیشنلز پر حاوی ہونا ہے،سر کا درد واحد مرض ہے جس کا کوئی پیمانہ نہیں جس سے اس کو جانچایا کنٹرول کیا جا سکے۔

(جاری ہے)

معالجین کی ہدایت ہے کہ فیملی فزیشن سے مشورے کے بعد ماہر نیورو سائنسز سے رجوع کیا جائے،ایسی تمام محافل اور افراد کو نظر انداز کیا جائے جو جھوٹے اور من گھڑت اندازوں پر معاشرے میں بے راہ روی کا باعث بن رہی ہیں۔
سر درد دنیا کی وہ عام بیماری ہے ،جس سے تقریباً دنیا کا ہر شخص کسی نہ کسی طرح متاثر ہوتاہے،مگر یہ خطر ناک بیماریوں میں شمار نہیں ہوتی۔
کئی افراد ایسے بھی ہیں،جنہیں بہت ہی خطر ناک سر کا درد ہوتاہے ،جو کبھی کبھار ایک سے زائد دن بھی چلتا ہے ،اور اس سے متاثرہ شخص کی معمولات زندگی سخت متاثر ہوتے ہیں،مگر سوال یہ کہ سر میں درد ہوتاکیوں ہے؟ماہرین صحت کے مطابق سر میں درد ہونے کے 100سے زائد اسباب ہیں،اور جہاں ہر کسی کے درد کی نوعیت مختلف ہوتی ہے،وہیں ان کے درد کا سبب بھی مختلف ہوتاہے۔
ماہرین کے مطابق دنیا میں زیادہ تر افراد کو سر کا درد ایک ہی سبب کے باعث ہوتاہے ،اور وہ ہے پریشانی،مگر اس پریشانی کے بھی مختلف اسباب ہوتے ہیں۔ماہرین کی جانب سے چند ایسے اسباب بھی بتائے گئے ہیں جو دنیا بھر کے لوگوں میں سر درد کے لئے عام سبب ہیں۔
پریشانی
پریشانی کے باعث سر کا درد ہونا ایک عام بات ہے،اور تقریباً دنیا کے 30فیصد افراد کو مختلف پریشانیوں کے باعث ہی سر کا درد ہوتاہے۔
ماہرین کے مطابق پریشانیاں کئی طرح کی ہوتی ہیں،مگر تقریباً تمام پریشانیاں آہستہ آہستہ سر کے درد کی شکل اختیار کرلیتی ہیں ،اور مکمل سر میں درد ہونے لگتاہے۔
نیند کی کمی
زیادہ تر لوگ مصروفیات یا کسی اہم کام میں کھوجانے کے باعث دیر سے سوتے ہیں ،اور جلدی اٹھ جاتے ہیں،نیند کی کمی جہاں تھکاوٹ پیدا کرتی ہے،وہیں یہ سر کے درد کا سبب بھی بنتی ہے۔

دباؤ
پریشانی اور دباؤ کا آپس میں گہرا تعلق ہے،مگر یہ دو مختلف صورتیں ہیں،جو انسان کو کئی اور بیماریوں سمیت سر کے درد میں بھی متلا کر دیتی ہیں۔
نمکیات کی کمی(ڈی ہائڈریشن)
نمکیات کی کمی انسان کو نہ صرف کمزور اور دوسروں کے رحم وکرم پر چلنے والا بنا دیتی ہے ،بلکہ سر درد کا سبب بھی بنتی ہے۔

غیر صحت مند طرز عمل
غیر صحت مند طرز عمل سے مرادمعمولات زندگی میں اپنی صحت سے متعلق چیزوں کو اہمیت نہ دینا ہے،لا پرواہی کے باعث جہاں کئی اور بیماریوں یا مسائل پیدا ہوتے ہیں،وہیں سر کا درد بھی ہوتاہے۔
دیگر اسباب
اس کے علاوہ تھکاوٹ ،کم روشنی میں کوئی کام سر انجام دینا،بہت ہی تیز روشنی میں مصروف رہنا،دباؤ میں کام کرتے رہنے سمیت دیگر کئی وجوہات بھی ہو سکتی ہیں۔
کچھ لوگوں کا سر درد دائمی بھی ہوتا ہے،جو انہیں اپنے جینیاتی ورثے میں ملا ہوا ہوتاہے ،ایسا درد کسی کو یو میہ بنیادوں پر جب کہ کسی کو ہفتے یا مہینے میں ایک سے 2بار ہوتا ہے۔سر میں درد سے فوری نجات پانے کا طریقہ سر میں درد ہونے کی متعدد وجوہ ہو سکتی ہیں جیسے کام کا دباؤ،پریشانی اور ذہنی تنائو (ٹینشن)وغیرہ سر میں درد کا شکار صرف مرد حضرات ہی نہیں ہوتے بلکہ خواتین اور بعض اوقات کم عمر نوجوان بھی سر میں درد کی شکایت کرتے نظرآتے ہیں۔
یہ کیفیت اتنی عام ہو گئی ہے کہ لوگ اس کا علاج کروانے کے لئے اب ڈاکٹرز کے پاس جانے کی بھی ضرورت محسوس نہیں کرتے بلکہ بغیر ڈاکٹری نسخے کے کسی بھی میڈیکل اسٹور سے دوائیاں خرید کر کھالیتے ہیں۔یہ دوائیاں وقتی طور پر تو اثر کرتی ہیں لیکن جیسے ہی ان کا اثر ختم ہوتاہے درد دوبارہ شروع ہو جاتاہے۔ تاہم درد سر سے ہمیشہ کے لئے جان چھڑانا ممکن ہے اور اس کے لئے ڈاکٹر کے پاس جانے یا کڑوی دوائیاں استعمال کرنے کی بھی ضرورت نہیں بلکہ جسم کے کچھ حصوں پر مساج کرنے سے صرف 5منٹ میں سر کے درد سے چھٹکارا حاصل کیا جا سکتاہے۔

آنکھوں کے درمیان مساج کیجیے سر میں درد کی مختلف شکلیں ہوتی ہیں کسی کو آدھے سر کا درد ہوتاہے تو کسی کو آنکھوں کے اوپری حصے میں درد کی شکایت ہوتی ہے۔لہٰذا وہ افراد جو اپنی آنکھوں میں یا ان کے اردگرد درد محسوس کریں تو انہیں چاہیے کہ دونوں بھنوؤں کے درمیانی حصے پر60سیکنڈ تک دائرے کی شکل میں مساج کریں۔اس طریقے پر عمل کرکے سر کے درد میں فوری آرام آتاہے۔

سر کے پچھلے حصے کو دبائیے
مائیگرین یعنی آدھے سر کے درد سے نجات حاصل کرنے کے لئے سر کے پچھلے حصے میں دو گڑھے محسوس ہوں گے،ان پر انگوٹھوں کی مدد سے دباؤ ڈالیے اور تقریباً 5منٹ تک اسی حالت میں رہیے۔اب یہاں پر ہلکے ہاتھ سے مساج کیجیے۔ہاتھ کے پچھلے حصے پر انگوٹھے اور شہادت کی انگلی کے درمیان مساج کیجیے یہ مقام ہاتھ کے پیچھے کی جانب انگوٹھے اور شہادت کی انگلی کے درمیان واقع ہوتاہے۔
اس پر مساج کرنے سے کمر ،دانتوں ،جبڑوں اور آدھے سر کے درد میں افاقہ ہوتاہے ۔اس کے علاوہ یہ تناؤ کے سبب گردن کے اکڑے ہوئے پٹھوں کو آرام پہنچانے میں بھی مدد کرتاہے۔
گردن کے پچھلے حصے پر مساج کیجیے
گردن کے پچھلے حصے پر جہاں سے کھوپڑی شروع ہوتی ہے،اس سے تھوڑا اوپر کی جانب ہلکے ہاتھ سے مساج کیجیے۔یہ طریقہ مائیگرین یعنی آدھے سر کے درد میں آرام دلاتاہے۔

Browse More Healthart