Ganja Pan Kyun - Article No. 2776

Ganja Pan Kyun

گنجا پن کیوں - تحریر نمبر 2776

بعض لوگوں میں بالوں کے گرنے کا بہت بڑا نفسیاتی ردعمل دیکھنے کو ملتا ہے

بدھ 25 اکتوبر 2023

ڈاکٹر نسرین صدیق
بالوں کے گرنے یعنی گنجے پن کو انگریزی میں ایلوپیشیا (Alopecia) بھی کہتے ہیں۔اس سے مراد ہے کہ سر سے یا جسم کے کسی دوسرے حصے سے بالوں کا گر جانا۔عام طور پر اس کے زمرے میں سر کا گنجا پن آتا ہے۔بال گرنے کا عمل جسم کے ایک چھوٹے سے حصے سے لے کر پورے جسم کے بالوں کے گرنے تک پھیلا ہو سکتا ہے لیکن اس طرح بالوں کے گرنے میں سوزش یا انفیکشن وغیرہ کا زیادہ تر عمل دخل نہیں ہوا کرتا اور بعض لوگوں میں بالوں کے گرنے کا بہت بڑا نفسیاتی ردعمل دیکھنے کو ملتا ہے۔

موروثیت، ہارمونز کی تبدیلی، طبی وجوہات یا بڑھتی عمر تیزی سے برش کرنا، ہیئر ڈرائیر کا استعمال اور زور سے مالش کرنا بالوں کیلئے نقصان دہ ہے۔گنجے پن کی سب سے عام شکایت مردانہ طرز سے بالوں کا گرنا یا مردوں کا گنجا پن کہلاتی ہے اور یہ عام طور پر موروثی ہوا کرتی ہے۔

(جاری ہے)

اس میں بال اُگتے کم ہیں اور جھڑتے زیادہ ہیں۔یہاں تک کہ سر بالکل صاف چکنا نکل آتا ہے۔

یہ گنجے پن کی مستقل صورت ہوا کرتی ہے جس میں دوبارہ بال اُگنے کے امکانات نہ ہونے کے برابر ہوتے ہیں۔ماہرین کے مطابق عمر بڑھنے کے ساتھ ساتھ جسم پر بالوں کی تعداد کم ہونے لگتی ہے جس کی وجہ سے سر کے بال بھی کم ہو جاتے ہیں۔
بڑھتی عمر کے ساتھ ساتھ بالوں کی موٹائی کم ہوتی جاتی ہے اور یہ ایک قدرتی عمل ہے جس میں کسی بیماری یا دوا کا ہاتھ نہیں ہوتا۔
دراصل بڑھتی عمر کے ساتھ بالوں جڑوں کے غدود کی نشوونما رک جاتی ہے اور وہ ریسٹ یعنی سکون کی حالت میں آ جاتے ہیں جس کی وجہ سے بال چھوٹے اور تعداد میں کم ہونے لگتے ہیں۔ماحولیاتی اثرات بھی بالوں پر بہت زیادہ اثر انداز ہوتے ہیں جن کی وجہ سے بال باریک ہو کر جھڑنے لگتے ہیں مثلاً ہوا اور پانی میں کثافتیں،زہریلے مرکبات کی موجودگی سے بھی بالوں کی خرابیاں بڑھنے لگتی ہیں۔
کسی انسان کے سر پر بالوں کی تعداد ایک سے ڈیڑھ لاکھ تک ہو سکتی ہے۔ہر انسان کے سر سے روزانہ اوسطاً سو کے قریب بال جھڑ جاتے ہیں لیکن قدرتی طور پر جتنے بال روزانہ جھڑتے ہیں اتنے ہی نئے اُگ آتے ہیں۔بال جھڑنے کا احساس زیادہ تر برش کرنے یا نہانے کے دوران ہوتا ہے۔شیمپو کے دوران زیادہ بال نکل جاتے ہیں۔
ایک تحقیق کے دوران یہ انکشاف ہوا ہے کہ چالیس برس کی عمر سے پہلے مردوں میں بالوں کا گر جانا اور سفید ہو جانا دراصل کسی بھی دوسرے مرض سے زیادہ ممکنہ دل کے عارضے کی نشاندہی کرتے ہیں۔
بال جھڑنے کے عمل کو روکنے کیلئے یا اس سے بچاؤ کے لئے وجوہات کا پتہ چلانا ضروری ہے تاکہ مرض کی وجہ کے مطابق علاج کیا جا سکے۔کچھ ادویات ایسی ہیں جو مردوں کی طرز یا طریقے سے ہونے والے گنج میں کار آمد پائی گئی ہیں۔لیکن ان کا استعمال اپنے ڈاکٹر کے مشورے سے کرنا چاہئے۔اگر سر سے یا جسم کے کسی دوسرے حصے سے بال ایک دھبہ کی صورت میں غائب ہوں تو اس کیلئے سٹرائیڈز کا ٹیکہ لگوانا کارآمد ہوتا ہے یہ ٹیکہ بالوں کے جھڑنے والی جگہ پر جلد کے نیچے لگایا جاتا ہے۔

آج کل تو سرجری سے بھی نئے بال اُگانے میں کامیابی حاصل کر لی گئی ہے۔سرجری میں ہیئر ٹرانسپلانٹ کیا جاتا ہے یہ ایک ایسا عمل ہے جس میں سر کے پچھلے حصے سے صحت مند بال لیکر گنج والے حصوں پر لگا دیئے جاتے ہیں۔ایک بار ٹرانسپلانٹ کے عمل کے دوران آٹھ گھنٹے تک کا وقت درکار ہوتا ہے اور ایسے کئی سیشن درکار ہوتے ہیں۔جلد ہی نئے بال اُگ آتے ہیں جو مستقل اور مضبوط ہوتے ہیں۔ نئے بالوں کی کوالٹی جانچنے کے لئے چھ تا آٹھ ماہ کا وقفہ درکار ہوتا ہے۔ہیئر ٹرانسپلانٹ کے علاوہ اور بھی کئی طرح کی سرجری سے گنج کا علاج کیا جاتا ہے۔

Browse More Healthart