Gheekwar (Aloe Vera) - Aik Herat Angaiz Poda - Article No. 2310

Gheekwar (Aloe Vera) - Aik Herat Angaiz Poda

گھیکوار ۔ ایک حیرت انگیز پودا - تحریر نمبر 2310

یہ بہت مفید پودا ہے،اس لئے اسے ہر گھر میں ہونا چاہیے

پیر 29 نومبر 2021

گھیکوار (ایلو ویرا) کی مقبولیت کے پیش نظر اب اس سے تقریباً سب لوگ ہی واقف ہیں۔گھیکوار کا پودا بڑی آسانی سے گھر میں اُگایا جا سکتا ہے۔یہ بہت مفید پودا ہے،اس لئے اسے ہر گھر میں ہونا چاہیے،خاص طور پر خواتین کے مسائل حل کرنے میں یہ پودا بے حد کارآمد ہے۔ویسے تو گھیکوار کے بہت سے فائدے ہیں،لیکن ذیل میں اس کے چند اہم و مفید فائدے درج کیے جا رہے ہیں،جن سے سب لوگ مستفید ہو سکتے ہیں:
خشک بالوں کے لئے
دو چمچے گھیکوار کی جیلی،دو چمچے ناریل کا تیل اور دو چائے کے چمچے ناریل کی گِری کی لگدی (پیسٹ) بلینڈ کرکے نہانے سے پہلے بالوں میں لگا لیں۔
پھر بیس منٹ کے بعد سر دھو لیں،آپ کے خشک بالوں میں نمی اور چمک پیدا ہو جائے گی۔
ناخنوں کے امراض کے لئے
ناخنوں میں لگنے والی پھپوندی (فنگس) یا دیگر امراض میں گھیکوار کا گودا یا اُس کا رس روئی میں ڈبو کر ناخنوں میں لگا کر پٹی باندھ لیں،ناخنوں کے امراض یا پھپوندی جاتی رہے گی۔

(جاری ہے)


جوڑوں کے درد کے لئے
جوڑوں کے درد سے نجات کے لئے چند روز تک ایک چمچہ بھر کر گھیکوار کا گودا کھائیں،جوڑوں کا درد رفتہ رفتہ کم ہو کر ختم ہو جائے گا۔

گھیکوار کے گودے کا ذائقہ اچھا نہیں ہوتا،اس لئے اسے چبانے کی ضرورت نہیں،بلکہ گولی کی طرح منہ میں رکھیں اور پانی سے نگل لیں۔
قبض اور بواسیر کے لئے
قبض اور بواسیر کی تکالیف سے چھٹکارے کے لئے روزانہ رات سونے سے قبل دو چمچے گھیکوار کا گودا کھائیں،چند دنوں میں قبض اور بواسیر دونوں سے نجات مل جائے گی۔
آفتاب زدگی سے بچنے کے لئے
زیادہ دھوپ پڑنے سے جلد پر سوزش اور سُرخی اُبھر آتی ہے۔
جلد کو دھوپ کی تمازت سے بچانے کے لئے گھیکوار کا رس بہت موٴثر ثابت ہوتا ہے۔یہ جلد کو سورج کی تیز اور مضر شعاعوں سے محفوظ رکھتا ہے۔دھوپ میں نکلنے سے قبل گھیکوار کا رس چہرے پر اچھی طرح لگا لیں،جلد نقصان دہ شعاعوں سے محفوظ رہے گی۔
ٹانکوں کے نشانات کے خاتمے کے لئے
سرجری کے بعد عام طور پر پیٹ پر ٹانکوں کے نشانات پڑ جاتے ہیں،لیکن دورانِ حمل اگر گھیکوار کا رس روزانہ پیٹ پر لگا لیا جائے تو سرجری کے بعد پیٹ پر ٹانکوں کے نشانات (اسٹچ مارکس) نہیں پڑتے۔

میک اپ کے مضر اثرات سے بچاؤ کے لئے
میک اپ میں جو اشیاء استعمال کی جاتی ہیں،جلد پر اُن کے مضر اثرات ضرور پڑتے ہیں۔ان نقصان دہ اثرات سے بچنے کے لئے چہرے پر گھیکوار کا رس لگا کر دو سے تین گھنٹے کے بعد دھو لیں۔اس سے نہ صرف چہرے کی رنگت نکھر جائے گی،بلکہ جلد بھی تروتازہ اور شاداب رہے گی اور چہرہ میک اپ کے مضر اثرات سے محفوظ رہے گا۔
جل جانے کی صورت میں
جلنے کی صورت میں متاثرہ حصے پر فوراً گھیکوار کا رس لگائیں،جلن دُور ہو جائے گی۔اس کے علاوہ گھیکوار کے جراثیم کش اثرات زخم کو خراب ہونے سے بھی بچائیں گے اور چھالے بھی اچھے ہو جائیں گے۔

Browse More Healthart