Hanste Rahiye Jeete Rahiye - Article No. 2692

Hanste Rahiye Jeete Rahiye

ہنستے رہئے جیتے رہئے - تحریر نمبر 2692

خوشی کئی بیماریوں کا مفت علاج

جمعرات 27 اپریل 2023

ڈاکٹر جمیلہ آصف
ہنسنا،مسکرانا اور خوش رہنا اتنا ہی ضروری ہے جتنا ورزش کرنا اور اچھی غذا کا استعمال کرنا۔اداسی،پریشانی اور مایوسی ایسے احساس کا نام ہیں جو زندگی میں ہمیں بہت پیچھے چھوڑ دیتے ہیں،یہ لمحات ہمیں اندھیرے میں لے جاتے ہیں اور ہم مزید اضطراب کا شکار ہو جاتے ہیں جس سے انسان کا باہر نکلنا بہت مشکل ہے۔
ایسی کیفیت میں کئی لوگ ڈپریشن کا شکار ہو جاتے ہیں،منفی سوچ غالب رہتی ہے،اپنے آپ سے دور بھاگنے لگتے ہیں،چڑچڑا پن اور موڈ میں مسلسل تبدیلی ان کے عام لگنے لگتی ہے،خوش رہ کر بھی ناخوش دکھائی دیتے ہیں اور کئی افراد خودکشی کا بھی سوچنے لگتے ہیں۔
اس لئے اداسی،پریشانی اور مایوسی ہمیں کہیں کا نہیں چھوڑتی،انسان کو اپنی اچھی صحت کی خاطر ہمیشہ مسکراتے،خوش رہتے اور ہنستے رہنا چاہیے۔

(جاری ہے)

زندگی میں کئی اتار چڑھاؤ آتے ہیں لیکن اس کا مطلب یہ نہیں کہ ہم مایوس رہ جائیں،مثبت سوچ ہماری اولین ترجیح ہونی چاہیے تبھی ہم زندگی میں خوش رہ سکیں گے۔امریکا کے شہر میں نفسیات کے ہسپتال کے سابق ڈائریکٹر کا کہنا ہے کہ ہنسنے سے انسان اچھا محسوس کرتا ہے،یہ لوگوں کو ایک دوسرے کے قریب لانے کا احساس ہے،یہاں تک کہ ڈپریشن میں مبتلا مریضوں کے لئے بھی ہنسی اور مسکراہٹ بہترین علاج ہے۔

ہارورڈ میڈیکل اسکول کے سائیکاٹری ڈیپارٹمنٹ میں ماہر نفسیات ڈیٹیلو کا کہنا تھا کہ کسی مرض کا ہسپتال میں علاج کرنا بہت مہنگا ہے لیکن ہنسنے کے لئے پیسے خرچ نہیں ہوتے،یہ مفت علاج ہے جس کے کوئی مضر اثرات نہیں ہیں۔نفسیاتی لحاظ سے ہنسی یا خوش رہنے سے انسان میں دماغی تناؤ اور اضطرات میں کمی آتی ہے جبکہ جسمانی لحاظ سے یہ تناؤ کے ہارمون کی سطح کو کم کرتا ہے اور خوشی کے احساس کے لئے ڈوپامائن (Dopamine) اور سیروٹونن (Serotonin) میں اضافہ ہوتا ہے۔

برازیل اور کینیڈا کے محققین نے 2020ء میں ہسپتال میں زیر علاج 1600 سے زائد بچوں اور نوعمر بچوں پر تحقیق کی اور 21 مطالعات کا تجزیہ کیا،یہ بچے بے چینی،درد،تناؤ،کینسر میں مبتلا تھے،تحقیق سے معلوم ہوا کہ علاج کے دوران جن بچوں کو خوشگوار ماحول دیا گیا ان کی نفسیاتی صحت پر کئی مثبت اثرات مرتب ہوئے اور جلد صحت یاب ہونا شروع ہوئے۔ماہرین کے مطابق زور دار قہقہہ لگانا یا ہنسنا آپ کی صحت کے لئے فائدہ مند ہے۔
یہ آپ کی یادداشت کو بہتر بناتی ہے،قوت مدافعت کو بہتر کر کے جسم کو دل کے امراض سے لڑنے میں مدد فراہم کرتی ہے،تناؤ کو وقتی طور پر ختم کر کے دماغ کا بوجھ کم کرتی ہے۔شخصیت کو پرکشش بناتی ہے۔
مسکرانے کا عمل حقیقی طور پر فزیکل اٹریکشن سے منسلک ہے۔اس کے برعکس چہرے کے منفی تاثرات مثلاً ماتھے پر بل پڑنا،یا ناک بھوں چڑھاتے ہوئے غصے اور بد مزاجی کا اظہار کرنا مخالف طور پر کام کرتے ہوئے لوگوں کو آپ سے دور رہنے کا اشارہ دیتے ہیں۔
پرکشش شخصیت کے خواہش مند افراد مسکراہٹ کی طاقت سے کسی کو بھی اپنی جانب مائل کر سکتے ہیں۔اس لئے آج سے جب بھی آپ اداس ہوں تو منفی سوچ کو اپنے اوپر غالب نہ آنے دیں اور مسکرانا مت بھولیں!کیونکہ نفرت وہ آگ ہے جو سب کچھ جلا کر خاک کر دیتی ہے۔اس سے پہلے کہ سب کچھ ختم ہو جائے اگر ہم اپنے رویہ میں تبدیلی لائیں اپنی سوچ بدلیں تو یہ آگ ٹھنڈی ہو جائے گی۔
محبت وہ جذبہ اور طاقت ہے اور جو ہر برائی کو دور اور ختم کر دیتا ہے نفرت‘جلن‘حسد‘بغض ایسی عادتیں ہیں جو ہر برائی کو جنم دیتی ہیں اور محبت وہ پھول ہے جو ہر برائی کو مٹا دیتا ہے۔ایک دوسرے سے بہن بھائیوں جیسی محبت کرنا سمجھنا اور ایک دوسرے کا خیال رکھنا ہی انسانیت ہے۔اگر یہ نہ ہو تو وہ انسان نہیں بلکہ صرف زندگی جیتنے والا آدمی رہ جائے گا۔
محبت‘خلوص‘مروت ایسے جذبات ہیں جن کو اپنانے میں ہمارا کچھ خرچ نہیں ہوتا لیکن اس کے فائدے بہت ہیں۔اس کے برخلاف نفرت‘جلن‘حسد وہ جذبات ہیں جس میں انسان کا بہت کچھ ختم ہو جاتا ہے بلکہ انسانیت تباہ ہو جاتی ہے۔جس آدمی میں یہ عادتیں آ جاتی ہیں اس کو چین سکون نہیں ہوتا۔جس سے اس کی صحت بھی متاثر ہوتی ہے اور پھر اس کے ساتھ دوسرے انسانوں کا بھی نقصان ہوتا ہے۔

Browse More Healthart