Iodine Ki Kami Kin Khatarnaak Bimarion Ka Sabab Ban Nay Lagi? - Article No. 1427

Iodine  Ki Kami Kin Khatarnaak Bimarion Ka Sabab Ban Nay Lagi?

آیو ڈین کی کمی کن خطرناک بیماریوں کا سبب بننے لگی؟ - تحریر نمبر 1427

اگر متوازن غذا کھائی جائے تو اس کی کمی نہیں ہوتی ۔جو افراد متوازن غذا نہیں کھاتے ،وہ آیوڈین کی کمی کا شکار ہوجاتے ہیں ۔ایک اندازے کے مطابق

ہفتہ 1 دسمبر 2018

حارث نسیم
آیوڈین ایک ایسا لازمی غذائی جزو ہے ،جو غدئہ درقیہ (تھائرائڈ گلینڈ)کے افعال کو باقاعدہ رکھنے کے لیے ضروری ہے ۔یہ جزو صحت مند فرد میں 15سے 20ملی گرام ہوتا ہے ۔جسم اسے قدرتی طور پر نہیں بناتا ،اس لیے اسے غذاؤں سے حاصل کیا جاتا ہے ،مثلاً مچھلی ،دودھ ،پنیر ،پھل اور سبزیوں وغیرہ سے ۔اس کے علاوہ یہ جز و اور بھی کئی اشیا میں پایاجاتا ہے ،لیکن اس کا یہ مطلب ہر گز نہیں ہے کہ ہر فرد اسے مناسب مقدار میں جزوِ بدن بھی بنا لیتا ہے ۔


اگر متوازن غذا کھائی جائے تو اس کی کمی نہیں ہوتی ۔جو افراد متوازن غذا نہیں کھاتے ،وہ آیوڈین کی کمی کا شکار ہوجاتے ہیں ۔ایک اندازے کے مطابق اس وقت دنیا کی 40فی صد آبادی میں اس کی کمی کا خطرہ ہے ۔اس کی کمی کو دُور کرنے اور غدئہ درقیہ کے افعال کو باقاعدہ رکھنے کے لیے آیوڈین ملا نمک کھایاجاتا ہے ،جواب بازاروں میں عام دستیاب ہے ۔

(جاری ہے)

جن افراد میں آیوڈین کی کمی ہوتی ہے ،ان کے غدئہ درقیہ کے افعال باقاعدہ نہیں رہتے اور اُن میں درج ذیل علامات پائی جاتی ہیں :
جسمانی وزن میں اضافہ
اگر جسمانی وزن اچانک بڑھنا شروع ہو جائے اور کوئی واضح وجہ سمجھ میں نہ آئے تو جان لیں کہ یہ آیوڈین کی کمی کا اشارہ ہو سکتا ہے ۔

عموماً آیوڈین کی کمی سے جب غدئہ درقیہ کا فعل درست نہیں رہتا تو جسمانی وزن بڑھنے لگتا ہے ۔
جسمانی نقاہت اور تھکن
آیوڈین ہضم وجذب کے نظام کو باقاعدہ رکھنے کا کام کرتی ہے ۔جب اس کی کمی ہوجاتی ہے تو یہ نظام متاثر ہوتا ہے اور صحیح کام نہیں کرتا ،جس کے نتیجے میں جسمانی نقاہت اور تھکن طاری ہوجاتی ہے اور گاہے بہ گاہے سانس پھولتا ہے ۔

حرکاتِ قلب کا غیر منظم ہونا
خون کی شریانوں سے جڑے نظام پر بھی غدئہ درقیہ بہت زیادہ اثرات مرتّب کرتا ہے اور قلب غدئہ درقیہ کے ہارمونوں (رطوبات )کانشانہ ہوتا ہے ،جس کے باعث قلب متاثر ہوتا ہے اور اس کی حرکات غیر منظم ہوجاتی ہیں ۔
گلے کاورم
غدئہ درقیہ گلے میں ہوتا ہے اور آیوڈین اس کی غذا ہے ۔آپ اسے غدّے کا ایندھن بھی کہہ سکتے ہیں ۔
اگر غدے کو اس کا ایندھن نہ ملے ،یعنی آیوڈین کی کمی ہو جائے تو غدّے والا حصہ پھیل جاتا ہے ،تا کہ جسم کو ہارمون کی طلب پوری کر سکے ۔اس سے گلے میں ورم آجاتا ہے ،جسے گلہڑے کہتے ہیں ۔
خشک جِلد
جِلد ہمارے جسم کا سب سے بڑا عضو ہے ۔غدئہ درقیہ اسے صحت مند اور ہموار رکھنے میں اہم کردار ادا کرتا ہے ۔اگر غدئہ درقیہ کو مناسب مقدار میں ضروری آیوڈین نہ ملے تو جسم کی جِلد خشک اور چھلکوں والی ہوسکتی ہے ۔

سردی لگنا
آیوڈین کی کمی سے جب غدئہ درقیہ کا فعل درست نہ رہے تو جسمانی درجہ حرارت کم ہوجائے گا ،جس کی وجہ سے موسم سرما ہویا گرما ،جسم مسلسل سردی محسوس کرے گا ،کیوں کہ جسمانی درجہ حرارت بھی غدئہ درقیہ کے افعال میں شامل ہے۔
یادداشت
آیوڈین کا ذہنی بیداری اور ذہانت سے بھی تعلق ہے ۔آیوڈین کی کمی سے ذہانت ،،یادداشت اور سیکھنے کے عمل میں فرق آسکتا ہے ۔
بالوں کا گرنا
بالوں کی صحت کا تعلق ہارمونوں اور غدئہ درقیہ کی رطوبات سے بھی ہے ۔اگر چہ عمر ،خون کی کمی اور دیگر عوامل سے بھی بال گرجاتے ہیں ۔اگر آپ کے بال گررہے ہیں تو جسم میں آیوڈین کی مقدار چیک کرائیں ۔

Browse More Healthart